از مرکز

جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء پر بعض نمائشوں کا تعارف

مخزن تصاویر کی نمائش

مخزن تصاویر جماعت کا تصاویر کے ریکارڈ کےلیے مرکزی ادارہ ہے جس کا آغاز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد سے اپریل ۲۰۰۶ء میں کیا گیا اور فروری ۲۰۱۶ء میں اس کی آن لائن ویب سائٹ کا اجرا بھی حضور انور نے اپنے مبارک ہاتھ سے فرمایا ۔

اس نمائش میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصاویر سے لے کر موجودہ جلسہ سالانہ کی تصاویر تک نمائش کا حصہ ہیں۔ سلائیڈ سکرین پر مخزن تصاویر کی ویب سائٹ کو پیش کیا گیا ہے جس کا لنک درج ذیل ہے: https://makhzan.org

حضور انور نے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء کے پہلے دن بروز جمعہ شام ۸ بجے کے قریب اس نمائش کو اپنے قیمتی وقت میں سے قریباً پندرہ منٹ سے نوازا ۔ حضور انور نے دائیں طرف سے آغاز کرتے ہوئے بائیں سیکشن تک مکمل دورہ فرمایا اور اس کے بعد سلائیڈ سکرین پر ویب سائٹ بھی ملاحظہ فرمائی۔

شعبہ امور خارجہ کی نمائش

اس نمائش کا بنیادی موضوع خلیفہ وقت کی دنیا میں امن کے قیام کے لیے کوشش اور اس سلسلہ میں آپ کی مختلف مواقع پر تقاریر کا ذکر ہے جس کی بعض تصاویر نمائش میں بائیں جانب آویزاں کی گئی ہیں۔

نمائش میں دائیں جانب یوکے پارلیمنٹ کے گروپ APPG کی جماعت احمدیہ پر پاکستان میں مظالم کی رپورٹ Suffocation of the Faithful کا تعارف اور فوٹو دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ Pakistan Report 2023ء کا سرورق اور تعارف دیا گیا ہے، دونوں رپورٹس کے ڈاؤن لوڈ کے لیے QR Code دیا گیا ہے۔اس سے آگے برکینا فاسو کے ۹ شہداء کی تصاویر لگائی گئی ہیں، اور پھر پاکستان میں پچھلے پچاس سال کےحکومتی جبرو ظلم کا ٹائم لائن دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ احمدیوں کی قبروں سے اسلامی شعائر مٹانے اور واقعہ شہادت لاہور مئی ۲۰۱۰ء کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔اور آخر میں اسرائیل اور فلسطین کی حالیہ جنگ کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

ہیومینٹی فرسٹ نمائش

اس نمائش میں ہیومینٹی فرسٹ کے تحت ہونے والی خدمات کا تصویری تعارف پیش کیا گیا ہے، جس میں غزہ میں پانی، خوراک، کپڑے،رہائش اور خواتین و بچوں کی طبی و تعلیمی امداد کا ذکراعداد و شمار کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں ۹۲ سکولز قائم کیے جا چکے ہیں جن میں سے اکثر افریقہ کے ممالک میں ہیں۔ گیمبیا میں تعمیر کردہ مسرور سکول کی تصاویر نمائش کا حصہ ہیں جس میں بجلی کا انتظام سولر پینل کے ذریعہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ سائنس لیبارٹری اور لائبریری کی سہولیات بھی موجود ہیں۔

افریقہ کے ممالک میں پانی کا مسئلہ بہت زیادہ ہے جس کے لیے سولر واٹر پراجیکٹ کام کر رہے ہیں اور اس کے علاوہ کنویں، پانی کے نلکے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ افریقہ سے باہر یہ کام دیگر مصیبت زدہ ممالک میں بھی جاری ہے۔

افریقہ کے ممالک میں غربت ختم کرنے کے لیے انہیں بیج اور فرٹیلائزر کی فراہمی کا سلسلہ بھی ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے جاری ہے جس کا اس تصویری نمائش میں نمونہ دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آئیوری کوسٹ میں مسرور سینٹر آف ہیلتھ کئیر پر بھی نومبر ۲۰۲۱ء سے تعمیر کا آغاز کیا گیا اور اب تک یہ تعمیر کافی حد تک تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکی ہے اس کے لیے فنڈ ریزنگ بھی جاری ہے۔

امریکہ کی ریاست Guatemala میں موجود ناصر ہسپتال کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ جس میں توسیع کے منصوبہ پر کام ہورہا ہے۔

ایم ٹی اے نمائش

ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی نمائش کا موضوع سلطان القلم ہے جس کا آغاز حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی فوٹو اور براہین احمدیہ کے تعارف سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مناظروں و مباحثوں کی ٹائم لائن دی گئی ہے، پھر تبلیغ سے متعلق قرآنی آیت اور سنت رسول ﷺ کاحوالہ دیا گیا ہے۔ پھر اسلام کے دفاع کا بنیادی اصول بتایا گیا ہے اور اس سے آگے سکرین پر ایم ٹی اے کے پروگرام Inside Ahmadiyya کا تعارف دیا گیا ہے۔ پھر آخر میں ایم ٹی اے کی تاریخ کی ٹائم لائن دی گئی ہے۔

وقف نو مرکزیہ اور وقف نو جرمنی کی مشترکہ نمائش

اس نمائش میں تحریک وقف نو کا تعارف اور تاریخ پیش کی گئی ہے ۔

اسماعیل اور مریم میگزین کے شمارے رکھے گئے ہیں جو شعبہ وقف نو کے تحت شائع ہوتے ہیں۔

نمائش میں حضرت شہزادہ عبداللطیف شہید اور سید طالع احمد شہید کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ اور شہادتوں کی تعداد ٹائم لائن کی صورت میں سال، اور ملک کے حساب سے دی گئی ہےجو 1903ء سے لےکر مئی ۲۰۲۴ء تک کی شہادتوں پر مشتمل ہے۔

نمائش کو واک تھرو Walk Through کے طور پر تیار کیا گیا ہے جس کے لیے آڈیو گائیڈ کا بھی انتظام موجود ہے۔ تحریک وقف نو کا آغاز حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ نے ۳ اپریل ۱۹۸۷ء کو فرمایا، پہلے دو تین سالوں میں اپنے بچوں کو وقف کرنے والے بہت سے والدین نے بچوں کی تصاویر ارسال کی تھیں جو البم کی صورت میں پیش کی گئی ہیں۔ برکینافاسو کے شہداء کی تصاویر بھی وقف کی روح کے طور پر پیش کی گئی ہیں کہ ایمان کی خاطر اپنی جان تک پیش کرنے سے دریغ نہ کیا اور شہادت کو قبول کر لیا۔

(رپورٹ: احسان احمد۔ یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button