از مرکز

۵۸واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۴ء: رپورٹس جلسہ گاہ مستورات

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےجماعت احمدیہ برطانیہ کو اپنا ۵۸واںجلسہ سالانہ۲۶تا ۲۸جولائی ۲۰۲۴ء حدیقة المہدی میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔الحمد للہ

ایک بار پھر ہمپشئر کے اس وسیع و عریض سبزہ زار میں آمد بہار ہے۔ ہر طرف تابناک چہروں اور جذبوں کا سمندر ہے۔ ہر سُو روحانی طیور کی چہک ہے۔ کل شام سے حدیقۃ المہدی میں ہلکی بارش اور پھوہار کا سلسلہ جاری ہے جس سے سبزہ اور بھی نکھر گیا ہے۔ کارکنات کو موسم کی خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا بھی ہے لیکن چہروں پر کسی دقّت کے آثار نہیں۔

جلسہ گاہ مستورات

امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۹؍جولائی ۲۰۲۴ء میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء کے بابرکت ہونے کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا: اگلے جمعہ انشاء اللہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہوگا۔ اس کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور تمام کارکنان کو اعلیٰ اخلاق دکھاتے ہوئے اور قربانی کے جذبہ سے اپنے فرائض ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جو مہمان آئے ہیں ان کو بھی اپنی حفاظت میں یہاں رکھے۔ جو سفر میں ہیں، آنےکی تیاری میں ہیں، سفر شروع کرنے والے ہیں، جنہوں نے بھی آنا ہے سب پر اللہ تعالیٰ فضل فرمائے، ان کو حفاظت سے لے کر آئے۔

جلسہ سالانہ مستورات کا پروگرام اور انتظامات حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت اور منظوری کے بعد سال کے اوئل سے ہی شروع ہو جاتے ہیں۔ افسر جلسہ سالانہ مکرم ناصر خان صاحب اور مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ کی زیر ہدایت اور نگرانی جلسہ سے چند ماہ قبل ہی لجنہ جلسے کی تیاری شروع کر دیتی ہیں۔ مستورات کے جلسے میں ناظمہ اعلیٰ مکرمہ ڈاکٹر قرۃ العین رحمان صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءللہ برطانیہ کی زیر نگرانی ۱۳ نائب ناظمہ اعلیٰ کام کر رہی ہیں۔ امسال جلسہ مستورات کے انتظام کے لیے کل ۸۹ نظامتوں کا قیام کیا گیا ہے اور ان شعبہ جات میں کل ۵۰۰۰کارکنات رضاکارانہ طور پر خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔

امسال حدیقۃ المہدی میں آنے والے راستوں میں ایک نئے گیٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے ٹریفک کا نظام بہتر طور سے رواں رہنے کی توقع ہے۔ اراضی کا ایسا علاقہ بھی زیر استعمال لایا جا رہا ہے جو گذشتہ سالوں میں زیر استعمال نہیں تھا نیز انتظامات مزید بڑے پیمانے پر کیے گئے ہیں۔ چونکہ حدیقۃ المہدی میں network coverage کے مسائل سے گذشتہ سالوں میں مہمانوں کو رابطوں میں تکلیف ہوتی تھی اس لیے امسال وائی فائی کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس سے امید ہے کہ Whatsapp میسیج اور وائی فائی کال کی جاسکے گی۔ ایک نئے what3words App کے استعمال سے جلسے سے واپسی پر مہمان بغیر mobile data کے بآسانی اپنی گاڑیوں تک پہنچ سکیں گے۔

الحمدللہ تمام انتظامات اپنے عروج پر ہیں، تمام شعبہ جات انتظامات کے آخری مراحل پر ہیں، خدمت کےجوش اور ولولے سے ماحول تابناک ہے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے بابرکت معائنے کے لیے کارکنات چشم برا ہ ہیں۔ حدیقةالمہدی ضیوف مہدی کا منتظر ہے۔

ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے پیش نظر شعبہ پُش چیئر مارکی پچھلے ۱۸سال سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کر رہا ہے اور ناظمہ پُش چیئر مارکی، محترمہ عائزہ دانیال صاحبہ پچھلے دو سال سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ ایک بہت خوشگوار احساس ہے کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ اس مارکی میں جب مائیں پُش چیئر جمع کروانے آتی ہیں تو ان سے پُش چیئر لے کر ان کو ایک رنگین Sticker دے دیا جاتا ہے تاکہ وہ جب واپس لینے آئیں تو ڈھونڈنے میں آسانی ہو۔ برطانیہ کے باہر سے آنے والی مہمان ماؤں کے لیے ایک علیحدہ سیکشن میں پُش چیئر کھڑی کی جاتی ہے۔

اس شعبہ میں تقریباً ۱۵کارکنات ہیں جو ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار رہتی ہیں اور مہمانوں کو سہولت اور آسانی بہم پہنچانے کے لیے مصروف عمل رہتی ہیں۔ جن ماؤں کے ساتھ زیادہ بچے ہوں ان کو سامان اور بچوں کے ساتھ ’’ماں اور بچہ مارکی‘‘ میں پہنچنے میں بھی مدد کرتی ہیں۔ جلسہ کے تینوں دن پروگرام شروع ہونے سے پہلے اور معاً بعد کام تیزی سے کرنا ہوتا ہے تاکہ مائیں جلد اپنی جگہ پہنچ سکیں اور ان کو لائن میں زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے۔ یہ مارکی ہر وقت کھلی ہوتی ہے تاکہ مائیں کسی بھی وقت آکر پُش چیئر لے سکیں۔ اللہ کے فضل سے جب مہمانوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو مارکی کے باہر بھی پُش چیئرز کھڑی کرنی پڑتی ہیں جو بارش کے موسم میں مشکل کا باعث بن سکتا ہے اس لیے تمام ماؤں سے درخواست کی جاتی ہے کہ پُش چیئر کا کور ضرور ساتھ لائیں۔ ہم اس چیز کا بھی خیال رکھتے ہیں کہ جن ماؤں کے پاس S.E.N.D کارڈ ہو ان کوترجیح دی جائے۔

(۲۴؍جولائی ۲۰۲۴ء، جامعہ احمدیہ یوکے) جماعت احمدیہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ چونکہ ایک انٹرنیشنل جلسے کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کثیر تعداد میں احباب جماعت اس میں شمولیت کے لیے تشریف لاتے ہیں۔ جامعہ احمدیہ میں بھی جلسہ سالانہ کے مہمانوں کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس وقت یہاں متعددمہمان خواتین رہائش پذیر ہیں جن کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہے۔ ان ممالک میں کبابیر، فلسطین، شام، گھانا، امریکہ، بیلجیم، پاکستان، بنگلہ دیش اور ترکمانستان شامل ہیں۔

یہاں ۱۵ ممبرات پر مشتمل ٹیم مہمان نوازی کی ڈیوٹی دے رہی ہے جن کے اوقات اس طرح تقسیم کیے گئے ہیں کہ پورے ۲۴گھنٹے یہاں مہمانوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈیوٹی پر کوئی نہ کوئی موجود رہتا ہے۔ مہمانوں کے آنے پر سب سے پہلے ان کی رجسٹریشن ہوتی ہے جس کے بعد ان کو ان کی قیام گاہ تک لے جایا جاتاہے۔ کھانے کا انتظام ضیافت مارکی میں ہے۔ مہمانوں کی آسانی کے لیے انٹرنیٹ اور فون کی سہولت بھی موجود ہے۔ شعبہ رہائش کے علاوہ ضیافت، نظافت اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات بھی سر گرمِ عمل ہیں۔ یہاں مستورات کے لیے بھی باقاعدہ نماز باجماعت کا انتظام موجود ہے اس کے علاوہ جو اسلام آباد جاکر نماز ادا کرنا چاہیں ان کے لیے نماز سے ایک گھنٹہ قبل اعلان کردیا جاتا ہے اور ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جاتی ہے۔

(رپورٹس: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ مستورات)

ہر سال کی طرح مسجد بیت الفتوح کے ہال میں بھی خواتین کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہاں اس وقت ایک سو سے زائد مستورات رہائش پذیر ہیں۔ ہال میں داخل ہوتے ہی ریسپشن ایریا ہے جہاں پہلے مہمانوں کی سیکیورٹی چیکنگ اور رجسٹریشن کا انتظام ہے۔مہمانوں کے لیے بستر پہلے سے تیار ہیں ۔بچوں والی خواتین کی ضروریات کے تحت وہاں کپڑے دھونے اور سکھانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ ہال میں نظافت (Hygiene) ڈیپارٹمنٹ کی بھی نمائندگی تھی جو کہ مہمانوں کو اس حوالے سے راہنمائی فراہم کر رہی تھیں۔

شعبہ رہائش میں ڈیوٹی دینے والی کارکن نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کا خیر مقدم کرنا، ان کے سونے کے انتظامات کرنا اور کسی بھی طرح ان کے کام آنا ایک پُر لطف احساس ہے ۔ یہاں دنیا بھر سے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے، مختلف ثقافتوں کے لوگ آئے ہوئے ہیں ، ان سے ملاقات کر نا اور ان کے جلسہ میں شمولیت کے جذبہ اور شوق کو محسوس کرنا بہت متاثر کن ہے۔ سب سےاچھی بات یہ ہے کہ بچے ا س ماحول سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔ یہ جلسہ کی ہی برکات ہیں جو تمام دنیا کے احمدی ایک لڑی میں پروئے ہوئے یکجا نظر آتے ہیں۔

شعبہ ضیافت مسجد بیت الفتوح:مسجد میں ٹھہرے ہوئے مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام ضیافت مار کی میں ہے۔ اس مارکی کو بہت ہی خوبصورت انداز سے سجایا گیا ہے۔ کھانے کی میزوں پرمیزبان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کےمہمانوں کی خدمت میں مشغول نظر آتی ہیں۔ شعبہ ضیافت کی ناظمہ محترمہ آنسہ بشریٰ حمید نے بتایا کہ وہ پچھلے دس سال سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ ان کے ساتھ تقریباً ایک سو کارکنا ت کی ٹیم ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ یہاں چوبیس گھنٹے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی مہمان نوازی کے لیے مارکی کھلی رہے۔

یہاں چونکہ دنیا بھر سے مہمان آتے ہیں اس لیے اس بات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ ان کو ایسا کھانا دیا جائے جو ان کے لیے کسی بھی قسم کی تکلیف کا باعث نہ ہو مثلاً ایسے مہمانوں کے لیے پرہیزی کھانے کا بھی انتظام ہوتا ہے۔

شعبہ تجنید: فرسٹ فلور پر لجنہ کے AIMS کارڈ، S.E.N.D کارڈ اور گرین ایریا اور کرسیوں کے پاس بنانے کا انتظام ہے۔ یہ سارا نظام نہایت ہی عمدہ طریقے سے سنبھالا گیا ہے۔ کارکنات سبک رفتاری سے آنے والوں سے ان کے کام کی نوعیت پوچھ کر ان کو متعلقہ شعبوں کی طرف راہنمائی کر رہی تھیں۔

(رپورٹ: وردہ سہیل۔ شعبہ رپورٹنگ لجنہ اماءاللہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button