افریقہ (رپورٹس)

ریجنل جلسہ گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ اور افتتاح مسجد بیت الانوار، بولیکو

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ریجن گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ کو اپنا سولہواں ریجنل جلسہ سالانہ، بولیکو گاؤں میں مورخہ ۲۹و۳۰؍جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ میں شرکت کے لیے وفود کی آمد کا سلسلہ مورخہ ۲۸؍جون سے شروع ہو گیا تھا۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۲۹؍جون بروز ہفتہ سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ سے ہوا۔ بعدازاں مکرم بامبا کوتوبو صاحب نے آنے والے مہمانان کو مقامی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا جس کے بعد خاکسار (ریجنل مبلغ گراں لاؤو) نے جلسہ کی افتتاحی تقریربعنوان ’’انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت‘‘ کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد مکرم کونے محمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’نماز کی اہمیت‘‘ پر تقریر کی۔ بعدازاں ماما عبدالحئی وتراصاحب معلم سلسلہ نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیاجس کے بعد شاملین جلسہ کو سوالات کا موقع فراہم کیا گیا۔ شام سوا چھ بجے دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ آٹھ بجے سے رات دس بجے تک مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔یوں جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، نمازفجر اور درس سے ہوا۔ صبح سات بجے شاملین جلسہ کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔آٹھ بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومبلغ انچارج مع مرکزی وفد تشریف لائے۔ دوسرے روز کا اجلاس اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس پروگرام میں جلسہ کی اختتامی تقریب کے ساتھ اسی گاؤں بولیکو میں نئی تعمیر کردہ مسجد کے افتتاح کا پروگرام بھی شامل تھا۔ چنانچہ جلسہ کی اختتامی تقریب نیزافتتاح مسجد کے پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت مکرم حافظ شہباز احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ دابو کو ملی۔ مکرم اونوگو ہارون صاحب نے نظم پیش کی۔ مکرم ماما عبدالحئی وترا صاحب معلم سلسلہ نے ’’سیرت النبیﷺ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد مکرم کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نے ’’جماعت احمدیہ‘‘ کے عقائد کے موضوع پر تقریر کی۔

ان تقاریر کے بعد جلسہ اور مسجد کے افتتاح میں شریک مختلف مساجد کے ائمہ اور مختلف گاؤں سے آنے والے چیف حضرات کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا جنہوں نے جماعت احمدیہ کے محبت کے پیغام کو سراہا۔ گاؤں میں موجود کیتھولک چرچ کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد مکرم سنگارے سلیمان صاحب ڈپٹی گورنر کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی امن کی کوششوں کو سراہا۔ آخر پر مکرم امیر ومبلغ انچارج صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں تعمیر مساجد کی اہمیت اورقیام نماز کے حوالہ سے نصائح کیں۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم امیرصاحب نے مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد نماز ظہرو عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس جلسہ میں چھ گاؤں کے چیفس، پانچ ائمہ، ڈپٹی گورنر کے نمائندہ، تین چرچوں کے نمائندوں سمیت کُل ۳۰۵؍افراد نے شرکت کی۔

مسجد بیت الانوار، جماعت بولیکو (جولابوگو) کی تقریب سنگ بنیاد کا انعقاد مورخہ ۲۳؍جنوری ۲۰۲۴ءکو کیا گیا۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل ۴؍مارچ ۲۰۲۴ء)۔ مسجد کی تعمیر ماہ مارچ میں مکمل ہوئی۔ اس مسجد کی لمبائی بارہ میٹر جبکہ چوڑائی آٹھ میٹر ہے جس میں کُل تقریباً۱۷۰؍افرادنماز ادا کرسکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریجنل جلسہ نیز مسجد کو اس علاقہ میں اسلام و احمدیت کی ترقی کا ذریعہ بنائے نیز تعمیر مسجد کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے احباب جماعت کو اسے آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ : لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button