اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭…عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ سیدہ امۃ الحیٔ نجم السحر صاحبہ مورخہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز جمعہ بعمر ۶۶ برس مختصر علالت کے بعد گریس ہائیم ڈارمشٹاڈ میں وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

آپ صحابی حضرت مسیح موعودؑ حضرت حکیم عبدالرحمانؓ کی نواسی اور حضرت حکیم محمد عبداللہؓ صحابی کی پڑنواسی تھیں۔ مرحومہ کے والد مکرم سید محمد محسن شاہ صاحب گردیزی ۱۹۳۱ء میں احمدی ہوئے تھے اور بیعت کے ساتھ ہی حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے آپ کو اپنے حفاظتی عملہ میں شامل فرمایا۔ پھر آپ نے صدر انجمن احمدیہ کا امتحان پاس کیا جس کے بعد حضور نے آپ کو سندھ کی زمینوں پر بھجوا دیا جہاں آپ کو ایک لمبا عرصہ خدمت کی توفیق ملی۔ بعدازاں آپ کو انسپکٹر وقف جدید کےطور پر بھی خدمت کی توفیق ملی۔

مرحومہ کو ربوہ اور کراچی میں لجنہ اماء اللہ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ۱۹۸۸ء میں مستقل جرمنی آ گئیں۔ ایم اے عربی ہونے کے ناطے لجنہ میں عربی زبان کی ترویج کے لیے کوشاں رہیں۔ سینکڑوں بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی بھی سعادت پائی۔ نیشنل لجنہ اماء اللہ جرمنی میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ نظام وصیت میں شامل تھیں۔

مرحومہ کی نماز جنازہ مورخہ ۱۷؍جولائی کو بعد نماز عصر مسجد بیت السبوح میں مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے پڑھائی۔ اگلے روز مورخہ ۱۸؍جولائی کو تدفین کے موقع پر مکرم مولانا عبدالباسط طارق صاحب امام مسجد نورنے نماز جنازہ اور قبر پر دعا کروائی۔ مرحومہ کو فرینکفرٹ میں نور مسجد کے قریبی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ آپ نے ایک بیٹا اور ایک بیٹی اپنی یادگار چھوڑی ہیں۔ مرحومہ کے بڑے بھائی سید محمد احمد گردیزی طویل عرصہ تک نیشنل سیکرٹری مال جرمنی رہے ہیں۔

٭…نوید احمد صاحب مربی سلسلہ بنگلہ دیش و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بہنوئی تنویر احمد صاحب (صدر جماعت احمدیہ جگدل)ابن ابو سعید صاحب مرحوم مورخہ ۲۵؍جون ۲۰۲۴ء حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ۴۸ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ مرحوم کی پہلی نماز جنازہ اگلے روز صبح جگدل میں پڑھائی گئی جبکہ دوسری نماز جنازہ مرحوم کے سسرال احمد نگر جماعت میں خاکسار نے پڑھائی۔

مرحوم ذاتی زندگی میں مقامی سرکاری پرائمری سکول کے ہیڈ ماسٹر رہے۔ مرحو م ملنسار، مہمان نواز، دوسروں سے ہمدردی کرنے والے ، متقی، اچھے خاوند اور قابل نمونہ والد تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ نصرت شرمین صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ بیرگنج مجلس اور اکلوتا بیٹا تفرید احمد جو دسویں جماعت کا طالب علم ہے شامل ہیں۔

احباب جماعت سے تمام مرحومین کے لیے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

اعلان ولادت

نبیل احمد صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کی بڑی بہن ڈاکٹر مائرہ احمدصاحبہ( بنت مکرم ڈاکٹر محمد احمد اشرف) اور ڈاکٹر مرزا مجادل احمدابن مکرم لیفٹیننٹ کرنل(ر) مرزا نصیر احمد کو مورخہ ۲۰؍مئی ۲۰۲۴ءکو پہلے بیٹے سے نوازا ہے جس کا نام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ ِشفقت مرزا انصر احمد عطا فرمایا ہے۔ نومولودتحریک وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔

نومولود کی والدہ مائرہ احمد محترم مولانا محمد شفیع اشرف صاحب کی پوتی ،محترم بشیرالدین احمد خاکی صاحب ولد محترم عبد الرحمٰن خاکی صاحب کی نواسی اور حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب درد ؓکی نسل سے ہیں۔ جبکہ والد ڈاکٹر مرزا مجادل احمد، حضرت ڈپٹی میاں محمد شریف صاحب کے پڑ پوتے، فلائیٹ لیفٹیننٹ مکرم میاں محمد لطیف صاحب(لطیف پائلٹ) کے پوتے، مکرم میجر محمد عبد السمیع صاحب ولد محترم ڈاکٹر عبدالرشید صاحب کے نواسے اور حضرت مولانا عبد الکریم صاحب سیالکوٹی کے برادر نسبتی محترم منشی اسمٰعیل سیالکوٹی صاحب کی نسل سے ہیں۔

دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم سے نو مولود کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ نیک،صالح، خادم دین، اور والدین کے لیے قرۃالعین بنائے اور دینی و دنیوی حسنات سے نوازے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button