اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭…محمد یٰسین احمد صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ جماعت 61رب بیدیانوالہ ضلع فیصل آباد کے ایک بہت ہی مخلص احمدی مکرم و محترم غلام مرتضیٰ ولد غلام احمد صاحب ۲۶؍مئی۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی ۶۸؍برس کی عمرمیں وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم کو لمبا عرصہ جماعتی خدمات کی توفیق ملتی رہی۔ تین مرتبہ صدرجماعت اوردو مرتبہ امیر حلقہ گھسیٹ پورہ رہے۔ بطور سیکرٹری مال ۱۵؍سال خدمت کی توفیق پائی۔

مرحوم خلافت کے شیدائی تھے۔ باقاعدگی کے ساتھ خطبہ جمعہ سنتے اور خلیفۃ المسیح کی آواز پر لبّیک کہتے تھے۔

مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھےجن میں مہمان نوازی آپ کا سب سے نمایاں وصف تھا۔تمام جماعتی مہمانوں خاص طور پر مربیان کرام کی حتی المقدور مہمان نوازی کرتے تھے۔ مربیان کے ساتھ ایک خاص لگاؤ تھا۔ مرحوم موصی تھے اور چندوں کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ اپنی جماعت کے چندوں میں کمی محسوس ہونے پر اپنی جیب سے زائد ادائیگی کر دیا کرتے تھے۔ مرحوم نہایت ہی ہنس مکھ اور ملنسار طبیعت کے مالک تھے۔ نماز باجماعت باقاعدگی سے اور بہت توجہ سے ادا کرتے تھے۔ قرآن کریم سے بہت ہی پیارتھا۔ دینی علم کے حصول کے لیے ہروقت کوشاں رہتے تھے۔ جماعتی رسائل خصوصاً روزنامہ الفضل کا مطالعہ بھی کیا کرتے تھے۔

مرحوم جماعتی تعمیر و ترقی کےلیے اپنا قیمتی وقت اور مفید مشوروں سے نوازتے تھے۔

مورخہ ۲۶؍ مئی ۲۰۲۴ء کو مقامی جماعت میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں احباب نے شمولیت کی۔ ۲۷؍مئی۲۰۲۴ء کو ربوہ میں موصوف کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور بہشتی مقبرہ میں تدفین کے بعد اجتماعی دعا ہوئی۔

مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ان کی اہلیہ مرحومہ مکرمہ صفیہ ناز صاحبہ چند سال قبل وفات پاگئی تھیں۔مرحومہ بھی اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

مرحوم کے ایک بیٹے اس وقت بطور صدر جماعت خدمت دین کی توفیق پارہے ہیں۔ ۲؍جولائی ۲۰۲۴ءکو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آپ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ الحمدللہ

٭…محمدسلطان ظفر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ مکرم محمد حنیف صاحب، جماعتInnisfil کینیڈا ۳؍اگست ۲۰۲۴ءکو ۸۴؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی انتقال کرگئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون

مرحوم واقفِ زندگی اور موصی تھے۔ اسلام احمدیت کی تبلیغ ان کا اوڑھنا بچھونا تھا۔ ابوظہبی میں اپنے ۲۶؍سالہ قیام کے دوران آپ نے لوکل جماعت میں نمازِ جمعہ کا انتظام شروع کیا اور وہاں ۱۶؍مئی تا ۱۲؍جون ۱۹۷۵ء اسیرِ راہِ مولا بھی رہے۔ ۱۹۹۰ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر آپ کینیڈا منتقل ہوگئے۔ کینیڈا میں مرحوم کو مرکزی شعبہ سمعی بصری، تبلیغ اور مشن ہاؤس میں بھرپور خدمت کا موقع ملا۔ نوّے کی دہائی میں جب ایم ٹی اے کی نشریات صرف ڈش انٹینا پر ہی دیکھی جاسکتی تھیں، اس وقت حضرت خلیفۃ المسیح کے خطبہ ہائے جمعہ کی نیز انگریزی ترجمہ کی ویڈیو اور آڈیو کیسٹس تیار کرنا اور جماعتوں میں تقسیم کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف تھا۔ آپ نہ صرف یہ کام خوش اسلوبی سے کرتے بلکہ جلسہ ہائے سالانہ کے خطابات، نظمیں اور دوسرے پروگراموں کی بھی ریکارڈنگ کرتے اور انہیں بڑی ترتیب سے سنبھال کررکھتے۔ نیز کینیڈا کے جلسوں پر شعبہ سمعی بصری کا سٹال لگا کر احباب جماعت کی حوصلہ افزائی کرتے تاکہ وہ یہ کیسٹس، (اور بعدازاں سی ڈیز) حاصل کرکے ان سے استفادہ کریں۔ ۱۹۹۸ء میں انہوں نے اپنی زندگی خدمتِ دین کے لیے وقف کردی اور تادمِ حیات اپنے وقف کو حتی المقدور نبھایا۔

مکرم محمد حنیف صاحب کی نماز جنازہ مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے ۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو مسجد بیت السلام میں پڑھائی جبکہ تدفین اگلے روز برمپٹن میموریل گارڈن میں ہوئی۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے، ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائےاور مرحومین کی نیکیاں ان کی اولاد میں بھی جاری رہیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button