افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ کایا، برکینافاسو کا ریجنل اجتماع

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

مکرم سعادت احمد صاحب ریجنل مبلغ کایا، برکینا فاسو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ کایا، برکینافاسو کو اپنا ریجنل اجتماع مورخہ ۶و۷؍جولائی ۲۰۲۴ء کایا شہر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

امسال پورے ملک میں خدام کے اجتماع کا مرکزی موضوع ’’قیامِ امن میں ایک احمدی خادم کی ذمہ داری‘‘ ہے۔

اجتماع کی افتتاحی تقریب دوپہر ڈیڑھ بجے مکرم Sidibe Idrissa صاحب مہتمم وقارعمل و نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد اور عربی قصیدہ سے شروع ہوئی۔ بعد ازاں مکرم Sawadogo Tidjani صاحب ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ کایا نے مہمانان کرام اور شاملین اجتماع کو خوش آمدید کہا۔ آخر پرخاکسار (ریجنل مشنری کایا) نے اجتماع کامقصد بیان کیا اور دعا کروائی۔

اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ خدام اور اطفال میں الگ الگ مقابلے کروائے گئے جن میں فٹ بال، سو میٹر دوڑ، ریلے ریس اور بوری ریس شامل ہیں۔ نماز مغرب اور عشاء کے بعد اطفال کا ایک خصوصی اجلاس رکھا گیا جس میں اطفال کو نصائح کی گئیں اور دینی معلومات سے سوالات پوچھے گئے۔ رات آٹھ بجے سے ساڑھے دس بجے تک خدام اور اطفال کے الگ الگ علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

اگلے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد چندہ کی اہمیت پر خاکسار نے درس دیا۔ صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ عہد اور نظم کے بعد مشنری Sorgho Oumar صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر فرنچ اور مورے زبان میں تقریر کی۔ مکرم Bagayogo Moussa صاحب معتمدمجلس خدام الاحمدیہ کایا نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مکرم Sawadogo Souleymane صاحب ریجنل صدر کایا نے شاملین کو نصائح کیں۔ آخر پر نمائندہ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام و اطفال کو اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ اس ریجنل اجتماع کا اختتام ہوا۔

مخدوش سیکیورٹی حالات کی وجہ سے صرف دو مجالس (کایا شہر اور ٹاگلہ) کے خدام و اطفال اس اجتماع میں شامل ہوسکے۔ اجتماع کی کُل حاضری ۶۲؍رہی جس میں ۲۲؍اطفال اور ۳۶؍خدام اور چار انصار نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اجتماع کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button