متفرق

ربوہ کا موسم (۲۳ تا ۲۹؍ اگست ۲۰۲۴ء)

۲۳؍اگست جمعۃ المبارک مجموعی طور پر گرم دن تھا، ہلکی ہوا کے باوجود گرمی محسوس ہوتی تھی۔ہفتہ کو صبح ہی سے آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھےلیکن بارش کا دُور دُور تک نام و نشان نہیں تھا۔ البتہ ہوا چل رہی تھی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍اور کم سے کم ۲۸؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ اتوار بھی گرم تھا ، دن کو ہوا چلنے سے گرمی کچھ کم ہوئی لیکن شام کو حبس ہوگیا۔ سوموار کو دوپہر تک ہوا بند رہی۔تاہم بعد دوپہر اور شام سے ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی، موسم اچھا بن گیا۔منگل کو فجر کے وقت ہوا قدرے نارمل تھی اور ہلکے بادل آسمان پر چھانے شروع ہوگئے، دن کو دس گیارہ بجے آسمان گہرے سیاہ بادلوں سے ڈھک گیا اور تیز ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی جو عشاء کے بعد بند ہوئی ،کچھ دیر بعد پھر تیز ٹھنڈ ی ہوا رواں دواں ہوگئی ، دیکھتے ہی دیکھتے ہلکی بارش شروع ہونے سے سماں بندھ گیا ۔ یہ بارش ہلکی تو تھی لیکن رات گئے ایک ڈیڑھ گھنٹے تک برستی رہی اور موسم میں خنکی آگئی جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس گرم موسم میں نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوئی۔ کمروں میں پنکھوں کی ہوا ٹھنڈی ہوگئی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۹؍ اور کم سے کم ۲۴؍درجہ سینٹی گریڈہوگیا۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو بارش نے پھر آ لیاجو دن ساڑھے دس بجے تک جاری رہی اور ٹھنڈی ہوا پیچھے چھوڑ گئی۔ ظہر کی نماز تک آ سمان بادلوں سے تقریباً صاف ہوچکا تھا۔لیکن جاتے جاتے یہ بادل پلٹ آئے اور مطلع سیاہ گھنے بادلوں سے بھر گیا اور موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جو سہ پہر تین بجے تک جاری رہی۔ٹھنڈی ہوا سارا دن چلتی رہی، گرم موسم میں نمایاں تبدیلی آگئی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۷؍ اور کم سے کم ۲۲؍درجہ سینٹی گریڈ تھا ۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button