افریقہ (رپورٹس)

نصرت جہاں سکیم کے تحت لائبیریا میں چھٹے احمدیہ مسلم کلینک کاکاٹا کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو ’’نصرت جہاں سکیم‘‘ کے تحت چھٹے کلینک ’’احمدیہ مسلم کلینک کاکاٹا‘‘ کے افتتاح کی سعادت حاصل ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

یہ کلینک وسطی لائبیریا میں واقع مارگیبی کاؤنٹی کے صدر مقام Kakata میں قائم کیا گیا ہے جو دارالحکومت منروویا سے ۷۰؍کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ آبادی کے لحاظ سے یہ ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے۔

مورخہ ۲۳؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں لیبر منسٹرجناب Hon. Mr. Cooper W. Kruahنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دوپہر ساڑھے بارہ بجے تقریب کا آغازتلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدہٗ مکرم مرزا عمراحمد صاحب مبلغ سلسلہ مارگیبی کاؤنٹی نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔اس کے بعد مکرم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب انچارج احمدیہ مسلم کلینک کاکاٹا نے نصرت جہاں سکیم کا تعارف کروانے کے بعد کلینک میں میسر طبی سہولیات پر مہمانان کرام کو آگاہ کیا۔

یہ کلینک۲۴گھنٹے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔ (انشاءاللہ) اس میں بنیادی ضرورت کے تمام لیب ٹیسٹ کے علاوہ سی بی سی، بائیو کیمسٹری، ای سی جی، الٹراساؤنڈ، میٹرنٹی، سرجری اور ڈسپنسری کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ الٹرا ساؤنڈ، ای سی جی، سی بی سی اور بائیو کیمسٹری کی سہولت اس سے قبل اس علاقہ کےکسی بھی اور ہسپتال یا کلینک میں موجود نہ تھی۔ احمدیہ مسلم کلینک کاکاٹا کُل ۲۰؍بیڈز پر مشتمل مردانہ وارڈ، زنانہ وارڈ، گائنی وارڈ اور ایک عدد پرائیویٹ روم کی سہولت بھی رکھتا ہے۔

کلینک کے تعارف کے بعد چند معزز مہمانان کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا جن میں سب سے پہلے کاؤنٹی سپرنٹنڈنٹ (گورنر) جناب Hon. Victoria W. Duncan نے مہمانان کوخوش آمدید کہنے کے بعد جماعت احمدیہ کی بلا تفریق مذہب و قوم خدمت کےجذبہ کی تعریف کی۔ ان کے بعد چند دیگرسرکاری افسران اور معززین شہر نے بھی کلینک کے افتتاح پر اظہار تشکر کیا۔

تقریب کے آخری مقرر مہمان خصوصی تھے۔ موصوف نےکلینک کے قیام پر تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ لائبیریا کی بہترین تنظیموں میں سے ایک ہے جو پورے ملک میں صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس کلینک کا قیام اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دوپہر اڑھائی بجے مکرم امیر صاحب نے تقریب کا اختتام اجتماعی دعا سے کیا۔ معاً بعد منسٹر صاحب نے مکرم امیر صاحب کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔کلینک کی سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعد مہمانوں کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ اس تقریب میں واقفین زندگی ،ممبران نیشنل مجلس عاملہ،سرکاری نمائندگان ،صحافی حضرات اور شہر کے چند معززین نے بھی شرکت کی جن کی مجموعی تعداد ۱۰۰؍کے قریب تھی۔

Gibi Tv نے فیس بک چینل پر تقریب کی براہ راست سٹریمنگ کی۔ اس کے علاوہ پانچ مقامی ریڈیو چینلز نے کوریج کے ساتھ اپنی خبروں میں بھی ذکر کیا۔

مکرمہ طاہرہ ماجد صاحبہ (واقفہ زندگی) اہلیہ مکرم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب بھی انتظامی معاملات میں ان کی معاونت کریں گی۔ اللہ تعالیٰ ہر دو کی مخلصانہ خدمت انسانیت قبول فرمائے۔آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button