یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے نوویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار الله فن لینڈ کو اپنا نواں سالانہ اجتماع ۱۷تا۱۸؍اگست۲۰۲۴ء فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی شہر کے نماز سینٹر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع کے انعقاد کی تواریخ کی منظوری کے بعد اجتماع کی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں، ناظم اعلیٰ مکرم احمد فاروق قریشی صاحب کے ساتھ خاکسار کو بطور نائب ناظم اعلیٰ و ناظم پروگرام خدمت کی توفیق ملی۔

پہلا دن: مورخہ۱۷؍اگست بروزہفتہ اجتماع کا آغاز نماز فجر اور ناشتہ کے بعد صبح دس بجے خوشگوار موسم میں پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم فرخ اسلام صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے مجلس انصاراللہ کا جھنڈا جبکہ نیشنل صدر جماعت فن لینڈ عطاء الغالب صاحب نے قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد صدر مجلس انصار اللہ کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ صدرصاحب مجلس نے اجتماع کے حوالے سے نصائح کیں۔ بعدازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈنے حاضرین مجلس کو اجتماع کے مقاصد اور انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

افتتاحی تقریب کے فوراً بعد نماز سینٹر میں ہی علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، اذان، نظم، اُردو تقریر و تقریر فی البدیہہ شامل ہیں۔

بعد ازاں مقابلہ پنجہ آزمائی ہوا جس میں ہمیشہ کی طرح انصار نے خوب گرم جوشی اور ذوق و شوق سے حصہ لیا اور مقابلے میں شامل ممبران کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد مشاہدہ معائنہ کے دلچسپ مقابلےکا انعقاد ہوا۔

انصار بیٹھک و باربی کیو :ظہر و عصر کی باجماعت نمازوں اور کھانے کے بعد پروگرام کے اگلے حصہ میں سب شاملین کو ایک گھنٹہ کی مسافت پر واقع سمندر کے کنارے موجود تفریحی مقام پر لے جایا گیا جہاں پر مجلس خدام الاحمدیہ کے تعاون سے لذیذ باربی کیو تیارکیا گیا جس کے ساتھ سب شاملین کو ڈرنکس اور کشمیری چا ئے پیش کی گئی۔ یہاں پر دلکش نظاروں اور سمندر کی لہروں کے پس منظر میں مقابلہ تقلید منعقد کروایا گیا۔ یہ مقابلہ پچھلے سالوں کی طرح امسال بھی بہت دلچسپ رہا اور تمام احباب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر گیا۔ اس کے علاوہ ورزشی مقابلہ‘‘نشانہ بازیDarts’’ بھی کروایا گیا۔ تمام انصار نے ان مقابلوں میں نہایت دلچسپی سے شرکت کی اور باقی حاضرین خدام و اطفال نے بھی ان مقابلوں کو بہت سراہا۔ رات آٹھ بجے دعا کے بعد اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن:مورخہ ۱۸؍اگست بروز اتوار اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز صبح دس بجے کرائے پر لیے گئے ایک سپورٹس ہال میں ہوا جہاں بیڈمنٹن ڈبلز، والی بال اور ثابت قدمی کے مقابلہ جات ہوئے۔ کھیلوں کے دوران تمام شاملین کے لیے ریفریشمنٹس کا بھی انتظام تھا۔ دوپہر ایک بجے ہال میں وائنڈ اپ کے بعد ایک آؤٹ ڈور گراؤنڈ میں ۱۰۰؍میٹر دوڑ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے۔

ان مقابلوں کے بعد نماز سینٹر میں دوپہر کے کھانے کے بعد باجماعت نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ بعدازاں اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز سوا چار بجے تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ اس کےبعد صدر مجلس انصار الله نے امسال منعقد ہونے والے پروگرامز کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ نیز اجتماع کمیٹی اور ان کے کاموں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھا نے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعدہٗ نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے ‘‘انصاراللہ کے خلافت کے ساتھ تعلق کی اہمیت’’ پر مختصر تقریر کی جس کے بعد آپ نے اختتامی دعا کروائی۔

الله تعالیٰ کے فضل سے ۲۸؍انصار سمیت کُل حاضری ۵۵؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع کے اختتام پر انصار نے نماز سینٹر میں وقارعمل کیا۔ بچوں اور خدام نے بھی وائنڈاَپ میں خوب مدد کی۔ دعا اور کھانے کے ساتھ یہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button