مکتوب

مکتوب شمالی امریکہ(اگست ۲۰۲۴ء)

(بر اعظم شمالی امریکہ تازہ حالات و واقعات کا خلاصہ)

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل جلسہ

۱۸؍تا۲۲؍اگست۲۰۲۴ء شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل جلسہ منعقد ہوا۔ اس جلسے کا مدعا ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے امریکی صدارت کے لیے نامزدگی تھا۔ چنانچہ اس جلسے میں ڈیموکریٹک پارٹی کے مندوبین نے امسال ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی نمائندگی میں کملاہیرس (Kamala Harris) کو بطور صدر اور ان کے منتخب کردہ نائب صدر کے امیدوار گورنر ٹِم والز (Tim Walz)کو نامزد کرنے کے لیے رسمی طور پر ووٹ پیش کیے۔ اس سے پیشتر مندوبین نے اگست کے پہلے ہفتے میں ہیرس اور والز کو ورچوئلی نامزد کیا۔ کملا ہیرس پہلی سیاہ فام خاتون اور پہلی جنوبی ایشیائی خاتون ہیں جو امریکہ میں کسی بڑی سیاسی پارٹی کی صدارتی امیدوار بنیں، اور مغربی امریکہ سے ڈیموکریٹک پارٹی کی پہلی صدارتی امیدوار ہیں۔

یہاں قارئین کے لیے یہ جاننا باعثِ دلچسپی ہو گا کہ ٹِم والز جن کا پورا نام ٹِموتھی جیمز والز ہے،ساٹھ سال کے ہیں اورامریکی فوج کےسابق غیرکمیشن یافتہ افسر ہیں۔ سیاست کے لیے انتخابات لڑنے سے پہلے والز صاحب ایک ہائی سکول میں سماجی علوم کے استاد تھے اور اس دوران فُٹ بال کے کوچ بھی رہے۔ ۲۰۱۹ء سے امریکہ کی سٹیٹ منیسوٹا (Minnesota) کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کینیڈا میں مال بردار ریل گاڑیوں کی سروس کی بندش

کینیڈا کی دو بڑی ریلوے کمپنیوں،یعنی سی این(CN) اور سی پی کے سی (CPKC)،اور ٹرین ورکرز کی یونین ’’ٹیمسٹرز کینیڈا ریل کانفرنس‘‘کے درمیان مزدوری کے متعلق مذاکرات مہینوں سے جاری ہیں۔ لیکن ۲۲؍ اگست کو یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے اور ملک بھر میں مال بردار ریل گاڑیوں کی سَروِس بند ہو گئی۔

یونین نے کہا کہ ریلوے کمپنیاں مزدوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ملازمین سے لمبے دن اور گھر سے دُور کام کروا رہی تھیں۔ اس کے جواب میں کمپنیوں نے کہا کہ انہوں نے زیادہ تنخواہیں اور شیڈیول میں تبدیلیاں پیش کیں، جن سے ملازمین کو اپنے خاندانوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔

اس سَروِس کی بندش نے اناج، بندرگاہوں پر درآمدہ اشیاء، اور کیمیکلز کی نقل و حرکت کو روک دیا تھا۔تاہم چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد، وفاقی حکومت نے مداخلت کی اور کارکنوں کو واپس کام پر جانے کا حکم دیا۔ دراصل مختلف انڈسٹریوں نے پہلے سے خبردار کیا ہوا تھا کہ اگر مال بردار ریل گاڑیوں کی بندش طویل ہو گئی تو رکی ہوئی سپلائی چینز کی وجہ سے شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وفاقی حکومت کے فرمان پر ریل کی سروِس دوبارہ شروع کر دی گئی مگر تنازعہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے۔

کینیڈا میں کم اُجرت والے عارضی غیر ملکی کارکنوں کی تعداد میں کمی

کینیڈا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں داخل ہونے والے کم اجرت والے عارضی غیر ملکی کارکنوں کی تعداد میں کمی کر رہی ہے۔ نئے قواعد کووِڈ کے دوران کی گئی تبدیلیوں کو اصل قوانین کی طرف لوٹائیں گے۔کووِڈ کی وجہ سے ایسے کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت موسم خزاں تک عارضی اور مستقل رہائشیوں کے اہداف کے ساتھ اپنے امیگریشن پلان کو اپ ڈیٹ کرے گی۔

وفاقی حکومت کو اپنی امیگریشن پالیسیوں پر بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، خاص طور پر آج کل جب کہ رہائشیوں کو سستی رہائش حاصل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ کینیڈا کی آبادی ۲۰۲۳ء میں تقریباً ۳.۲؍فیصد بڑھی اور یہ اضافہ تقریباً مکمل طور پر امیگریشن کی وجہ سے ہوا ہے۔ اس سے پہلے اس قدر تیز رفتاری سے کینیڈا کی آبادی ۱۹۵۰ء کی دہائی کے اواخر میں بڑھی تھی۔

کینیڈا میں نئے آنے والوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے حکومت نے امسال اب تک کئی تبدیلیاں کی ہیں، جن میں غیر ملکی طالب علموں کے ویزوں پر عارضی حد بھی شامل ہے۔

(فرحان حمزہ قریشی۔کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button