نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۴؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ ثمر صدیق صاحبہ اہلیہ مکرم وسیم شہزاد صاحب (جماعت لیور پول۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ ثمر صدیق صاحبہ اہلیہ مکرم وسیم شہزاد صاحب (جماعت لیور پول۔ یوکے)

۳۱؍اگست ۲۰۲۴ء کو ۳۷ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نماز اورروزہ کی پابند، تہجد گزار، ملنسار،مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک، دیندار اور مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ۲کمسن بچے (بیٹی بعمر ۸ سال اور بیٹا بعمر۷ سال )، ۵ بہنیں اور۴ بھائی شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم چودھری محمد انور صاحب ابن مکرم میاں غلام محمد صاحب(شالا مار ٹاؤن لاہور)

29؍مئی 2016ء کو83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت میاں فتح دین صاحب رضی اللہ عنہ کے پڑپوتے اور حضرت میاں احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ کے پوتے تھے۔ مرحوم نے 1977ء سے 2010ء تک حلقہ شالامار ٹاؤن کے صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ ضلع لاہور کے احمدیہ قبرستان ہانڈو گجر کی پہلی انتظامیہ کمیٹی کے انچارج بھی رہے۔ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجدگزار، اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور 4بیٹے شامل ہیں۔

۲۔مکرم چودھری حسن جاوید اقبال و ینس صاحب ابن مکرم چودھری غلام مصطفیٰ صاحب (دار العلوم جنوبی ربوہ)

19؍مئی 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق ایک بہت مخلص اور بااثر خاندان سے تھا۔ آپ کے والد 1953ء میں احمدی ہوئے تھے۔ مرحوم نے سانگلہ ہل کے نواحی گاؤں پنڈت والا میں صدر جماعت اور ربوہ میں اپنے حلقہ میں معاون صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، اچھے اخلاق کے مالک، مخلص اور نیک انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم چودھری بشیر احمد صاحب ابن مکرم چودھری نور محمد صاحب (ربوہ)

28؍جولائی 2024ءکو 78سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت چودھری عبد اللہ صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی اور آپ کے چچا مکرم سردار محمد صاحب درویش قادیان تھے۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق تھا اوراولاد کو بھی نظام خلافت کی اطاعت کرنے، ہمیشہ سچ بولنے اور خودداری کی تلقین کرتے تھے۔ جماعتی عہدیداروں اور نمائندگان کا بے حد احترام کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے اور اپنی زندگی میں ہی حصہ جائیداد ادا کر چکے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور چار بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب (مربی سلسلہ و استاد مدرسۃ الحفظ گھانا) کے والد اور مکرم مولوی تاج الدین صاحب مرحوم لائلپوری (سابق ناظم دارالقضاء )کے داماد تھے۔

۴۔مکرمہ آمنہ خان صاحبہ بنت مکرم میر ولی محمد صاحب (کینیڈا)

24؍جولائی 2024ء کو96 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم میر ولی محمد صاحب کا تعلق سیکھو ان ضلع لدھیانہ سے تھااور وہ سکھ مذہب سے احمدی ہوئے تھے۔ والد کی وفات کے بعد مرحومہ کو ان کے ماموں حضرت مولانا جلال الدین شمس صاحب نے اپنی سرپرستی میں لے لیاتھا۔ آپ پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند،تہجد گزار، صابرہ و شاکرہ اور دینی مزاج کی حامل ایک مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ ابتدا میں ربوہ اور پھر کینیڈا آنے کے بعد لا تعداد بچوں بچیوں اور خواتین کو قرآن کریم پڑھایا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم مولانا منیر الدین شمس صاحب( ایڈیشنل وکیل التصنیف یوکے)کی کزن تھیں۔

۵۔مکرم ڈاکٹر مومن حسن ملک صاحب (بریمپٹن کینیڈا) ابن مکرم ملک برکت علی صاحب (سابق امیر حافظ آباد)

29؍جون 2024ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہر ا تعلق رکھنے والے مخلص اور نیک انسان تھے۔ مرحوم نے پاکستان آرمی میں بطور کیپٹن شعبہ میڈیکل میں کام کیا۔ بعد میں کینیڈا شفٹ ہوگئے جہاں انہیں مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ مرحوم مکرم ملک افضل صاحب (سابق امیر جماعت واہ کینٹ) اور مکرم میجر محمود احمد صاحب (افسر حفاظت خاص اسلام آباد۔ یوکے) کے بڑے بھائی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

۶۔ مکرم فارس احمد صاحب ابن مکرم عمر فرید احمد صاحب(ساہیوال)

2؍جون 2024ء کو 20 سال کی عمر میں موٹر سائیکل کے حادثہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مکرم ملک محمد دین صاحب (اسیر راہ مولیٰ و شہید)کی بیٹی مکرمہ سعادت کو ثر صاحبہ کے نواسے تھے۔ والدہ اور نانی کا اکلوتا سہارا تھےاور ان کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے۔ مرحوم تحریک وقف نو میں شامل تھے۔ جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ خلافت سے مضبوط تعلق رکھنے والے، اعلیٰ اخلاق کے حامل، مخلص اور فدائی نوجوان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button