یورپ (رپورٹس)

دعوت نامہ برائے اجتماع مجلس انصار اللہ یوکے ۲۰۲۴ء

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم

وعلی عبدہ المسیح الموعود

محترم بزرگانِ دین اور پیارے انصار بھائیو

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ یوکے کا سالانہ اجتماع  ۲۷تا ۲۹ ستمبر ۲۰۲۴ء بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار بمقام اولڈ پارک فارم ، سکلز لین، کنگزلی آلٹن GU35 9PD میں منعقد ہو رہا ہے۔ انشاء اللہ العزیز

حضرت مصلح موعود ؓنے مجلس انصار للہ کی بنیاد ۲۶ جولائی ۱۹۴۰ ءکو رکھی۔اور اس مجلس کے قیام کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’ان مجالس کا قیام میں نے تربیت کی غرض سے کیا ہے…ان مجالس پر دراصل تربیتی ذمہ داری ہے ۔یادرکھو کہ اسلام کی بنیاد تقویٰ پر ہے ۔‘‘ 

(سبیل الرشاد جلد اول صفحہ ۵۱)

نیز اس تنظیم کا مقصد بیان کرتے ہوئےآپؓ نے فرمایا کہ

’’میں نے جماعت میں خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ دو الگ الگ جماعتیں قائم کیں ۔کیونکہ میں سمجھتا ہوں، ایسا ہوسکتا ہےکہ کبھی حکومت کے افراد سُست ہوجائیں اور ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ کبھی عوام سُست ہوجائیں۔عوام کی غفلت اور ان کی نیند کو دور کرنے کے لئے جماعت میں ناظر وغیرہ موجود تھے۔مگر چونکہ ایسا بھی ہوسکتا تھا کہ کبھی ناظر سُست ہوجائیں اور وہ اپنے فرائض کو کماحقہ ادا نہ کریں۔ اس لئے ان کی بیدار ی کے لئے بھی کوئی نہ کوئی جماعتی نظام ہونا چاہئے تھا جو ان کی غفلت کو دور کرتا اور اس غفلت کا بدل جماعت کو مہیا کرنے والا ہوتا…ان کو اسی لئے قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ نظام کو بیدار رکھنے کا باعث ہوں۔‘‘(سبیل الرشاد جلد اوّل صفحہ80-81)

مجلس انصاراللہ کی تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط کرنے کے لیے نیز انصار اللہ میں اجتماعی روح پیدا کرنے کےلیے حضرت مصلح موعود ؓ نے ۲۲ اکتوبر ۱۹۴۴ ءکے خطبہ میں مجلس انصار اللہ کو انصاراللہ کا اجتماع منعقد کرنے کی ہدایت فرمائی۔چنانچہ پہلا اجتماع ۲۵ دسمبر ۱۹۴۴ء کو قادیان میں منعقد ہوا۔ چنانچہ یہ اجتماعات جہاں انصار اللہ میں یکجہتی اور ایمان کو تروتازہ کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں وہاں جماعت احمدیہ کے بڑی عمر کے فراد کے لیے تعلیم و تربیت کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں کیونکہ یہی انصار ہی ہیں جو مستقبل کی نسلوں کےلیے ایک نمونہ قائم کرنے والے ہیں ۔چنانچہ موجودہ دور میں جبکہ پوری دنیا میں مادیت کا دور دورہ ہے نیز اللہ تعالیٰ کو دنیا بھول چکی ہےاس ماحول میں اپنی اصلاح کرنے اور اپنے ایمان کو تازہ کرنے کےلیے اجتماعات میں شامل ہونا بے حد ضروری ہے۔

اس روحانی ماحول سے مستفید ہونے کےلیے تمام انصار کو محبت اور عاجزی کے ساتھ دعوت دی جاتی ہے کہ اس بابرکت اجتماع میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ہم سب مجلس انصاراللہ کے جھنڈے تلے جمع ہو کر دینِ اسلام کی خدمت، روحانی ترقی اور اپنے تعلق باللہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے فضلوں سے نوازے اور ہماری مساعی کو قبول فرمائے۔آمین

والسلام

  صدرمجلس انصار اللہ یوکے

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button