افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ کا چونتیسواں نیشنل سالانہ اجتماع

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ کو مورخہ ۲۱تا۲۳؍جون ۲۰۲۴ء کو اپنا چونتیسواں سالانہ اجتماع ’’میں احمدی کیوں ہوں؟‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اطفال اور خدام کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے مہمانان نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔ اجتماع میں کُل شاملین کی تعداد ۶۰۸؍رہی جن میں آٹھ مہمانان ہمسایہ ممالک سے تشریف لائے۔ مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب امیر و مشنری انچارج تنزانیہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

سالانہ اجتماع کی تیاری نئے سال کےآغازسے ہی شروع ہوگئی تھی۔ مکرم رحیم عیدی موانگا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے عزیزم لطیف علی Mosse صاحب کو منتظم اعلیٰ مقرر کیا۔ آپ کی نگرانی میں اجتماع کے بروقت انتظامات مکمل ہوئے۔ الحمدللہ

مورخہ۲۳؍جون بروز جمعۃ المبارک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سننے کے بعد اجتماع کاباقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ صدر مجلس نے ’’ہم احمدی کیوں ہیں؟ اور نظام جماعت کے مطابق زندگی گزارنا‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔

اجتماع کے موقع پر مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں یسرنا القرآن، تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، ترجمۃ القرآن، احادیث، سوالات، ادعیہ رسول اللہﷺ، مضمون نویسی، مقابلہ تقاریر، وغیرہ شامل ہیں۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی، ڈرافٹ، مشاہدہ معائنہ وغیرہ کے مقابلہ جات ہوئے۔

سالانہ اجتماع میں خدام کے ساتھ ساتھ اطفال الاحمدیہ کے لیے بھی الگ ہال میں علمی و ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا۔ مزید برآں تربیتی موضوعات پر تقاریر اور دروس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ حاضرین کی دینی و دنیاوی صلاحیتوں کو صیقل کرنے کے لیے تبلیغ و تربیت کے ساتھ ساتھ حفظان صحت اور معاشیات و اقتصادیات کے موضوعات پر لیکچرز اور تقاریر کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔

مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ نے اجتماع کی مناسبت سے عطیہ خون کے کا ر خیر میں بھی حصہ لیا۔

اجتماع کا اختتام اتوار کے روزہوا۔ مہمان خصوصی مکرم خواجہ مظفر صاحب امیر و مشنری انچارج تنزانیہ نے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے شاملین میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور اختتامی کلمات میں خدام کو اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button