از مرکزیورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ یوکے ۲۰۲۴ء

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ مجلس انصار اللہ یوکے نے امسال اپنا سہ روزہ سالانہ اجتما ع ’’عبادی الصالحون‘‘ کے موضوع پر حدیقۃ المہدی سے دو میل کے فاصلے پر واقع اولڈ پارک فارم، کنگزلے میں مورخہ ۲۷تا ۲۹؍ستمبر ۲۰۲۴ء بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار منعقد کرنے کی توفیق پائی جس میں علمی و ورزشی مقابلہ جات کے علاوہ مختلف موضوعات پر ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ برطانیہ بھر کی تمام مجالس سے (چار ہزار سے زائد) شامل ہونے والے انصارنے نہ صرف مقررین کی علمی تقاریر سے فائدہ اُٹھایا بلکہ اپنے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زریں نصائح پر مشتمل خطابات سے مستفید ہونے کی سعادت بھی حاصل کی۔

اجتماع کے تینوں دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس القرآن سے ہواجس کے بعد انصار کی تواضع پُرتکلف ناشتے سے کی جاتی رہی۔ مقام اجتماع کو خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ اجتماع گاہ کے اندر حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ احمدیہ کے بعض ارشادات پر مبنی بینرز بھی لگائے گئے تھے۔ اجتماع میں شمولیت کے ليے آنے والے انصار کے ليے خوش آمدید، اھلاًو سھلاً کا پیغام دیتے ہوئے رجسٹریشن اور سیکیورٹی سکین کا انتظام تھا جبکہ ہر ناصر کو عمومی بیماری سے حفظ ماتقدم کی خاطر ہومیو پیتھی دوائی دینے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام حاضرین انصار کو دوران اجتماع غذائیت اور توانائی سے بھرپور رکھنے کے ليے نہ صرف دوپہر اور رات کے لذیذ کھانے بلکہ پھلوں اور میٹھی ڈشزسے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔


مورخہ ۲۷؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک شام ساڑھے چار بجے کے قریب اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ یوکے نے حاضرین اجتماع کوخوش آمدید کہتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کے عین مطابق اجتماع کی غرض و غایت اور اجتماع کے موضوع ’’عبادی الصالحون‘‘ کے تناظر میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کے فرض کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ صدر اجلاس نے بھی اس ضمن میں اپنی تقریر میں انصار کی ذمہ داریوں کو تفصیل سے بیان کیا جس کے بعد اجتماعی دعا سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔


دوسرے دن بروز ہفتہ دوسرے اجلاس میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماع گاہ لجنہ اماء اللہ سے اپنے بصیرت افروز خطاب میں اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق پیدا کرنے، آنے والی نسلوں کی حفاظت کرنے اور ایک جنت نظیر معاشرہ کے قیام کے ليے اپنے گھروں کی اصلاح کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ (حضور انور کے خطاب کے خلاصہ کے لیے یہاں کلک کیجیے…)۔

اسی دن تیسر اجلاس صدر صاحب انصار اللہ یوکے کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد تمام شاملین نے ایک بڑی سکرین پر دکھایا جانے والاحضرت مصلح موعودؓ کا خدام سے لیا جانے والا وہ عہد دہرایا جو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے برموقع سالانہ اجتماع انصار اللہ ۲۰۲۳ء انصار سے لیا تھا۔ اس کے بعد صدر صاحب انصار اللہ نے اپنی تقریر میں انصار کو ’’عبادی الصالحون‘‘ بننے، نئی نسل کی تربیت کے ليے اپنے عملی نمونے پیش کرنے، اپنی عبادات کے معیار بڑھانے اور اعمال صالحہ بجا لانے کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف ارشادات پیش کیے۔


تیسرے اور آخری دن بروز اتوار چوتھے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مولانا نصیر احمد قمر صاحب نے ’’میرے نیک بندے‘‘ کے عنوان پر تقریر کرتے ہوئے قرآن کریم کی خوبصورت تعلیم سے اس کی وضاحت اور اہمیت بیان کی۔ اس کے بعد ایک مذاکرے میں مسئلہ فلسطین پر روشنی ڈالتے ہوئے علمائے سلسلہ کے ایک پینل نے اس ضمن میں الٰہی پیشگوئی کو قرآن کریم کی روشنی میں اُجاگر کیا۔


بعد ازاں اجتماع کے اختتامی اجلاس میں حضور انور نے اپنے پُرحکمت، رُوح پرور اور بصیرت افروز خطاب میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے پُر معارف ارشادات کی روشنی میں انصار اللہ کی ذمہ داریوں کا تذکرہ فرمایا۔ (حضور انور کے اختتامی خطاب کے خلاصہ کے لیے یہاں کلک کیجیے…)۔

دوران اجتماع علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور تقاریر کے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، طاقت اور چستی، گولہ پھینکنا اور ہنر مندی کے مقابلہ جات منعقد کیے گئے جن میں انصار نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ورزشی مقابلہ جات دیکھنے والے انصار بھی حصہ لینے والوں کے جوش و خروش کو بڑھاتے رہے اور بہت محظوظ ہوئے۔

اسی طرح دوران اجتماع بعض علمی ورکشاپس کا انعقاد ہوا جس میں مقررین نے اپنے اپنے تجربات کی روشنی میں حاضرین کو مفید معلومات بہم پہنچائیں اور مختلف تربیتی معاملات میں راہنمائی فراہم کی۔ ان میں قابل ذکر ’’سکول میں بچوں کو درپیش چیلنجز اور ان کا حل‘‘ جس میں والدین کے ليے سکول میں پیش آنے والے بچوں کے بعض مسائل کو حل کرنے کے ليے بعض اقدامات کا ذکر کیا۔ ’’خلافت کی برکات‘‘ کے موضوع پر ایک ورکشاپ تھی جس میں مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اور مکرم میجر محمود احمد صاحب انچارج حفاظت خاص نے خلافت سے جڑے اپنے بعض ایمان افروز ذاتی واقعات بیان کرتے ہوئے ایک روح پرور سماں باندھ دیا۔ برکینافاسو کے شہداء کی قربانیوں سے متعلق بھی ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ایک سائیکل ورکشاپ بھی منعقد کی گئی جس میں مختلف قسم کی سائیکلیں بھی رکھی گئی تھیں اورمجلس انصار اللہ کے تحت فرانس، ہالینڈ، سپین کی طرف اور سکاٹ لینڈ سے کیے جانے والے سائیکل سفر کی روداد کو خوبصورت بینرز کے ذریعہ دکھایا گیا تھا۔ اس ورکشاپ میں سائیکلوں کی اقسام اور سائیکل ورزش (exercise bike) کے فائدے بتائے گئےاور ورکشاپ میں آنے والے انصار کے مختلف سوالات کے جواب بھی تفصیل سے دیے گئے۔ ورکشاپ سے ملحقہ ایک سائیکل کیفے کا بھی انتظام تھا جہاں مناسب قیمت پر ریفریشمنٹ فروخت کی جارہی تھیں جس کی آمدنی ہیومینٹی فرسٹ کو عطیہ کی جانی ہے۔ مکرم صدر صاحب انصار اللہ نے اس ورکشاپ کا خاص طور پر دورہ فرمایا۔

ادارہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل مکرم صدر صاحب انصار اللہ یوکے کو کامیاب اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ اس اجتماع میں شامل ہونے والے تمام شرکاء اس کی برکات سے کماحقہ فائدہ اُٹھانے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات اور نصائح پر عمل کرنے کی توفیق پائیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button