کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و پانچویں تقریب تقسیم اسناد

فرنچ ممالک کے طلبہ کے لیے برکینافاسو میں جامعۃالمبشرین کی ابتدا ۲۰۱۷ء میں ہوئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس وقت گیارہ فرنچ ممالک سے تعلق رکھنے والے ۷۶؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ مورخہ ۶؍جولائی ۲۰۲۴ء کو جامعۃالمبشرین برکینافاسو میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات و پانچویں تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔

رپورٹ تعمیرات:امسال سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے جامعۃ المبشرین برکینا فاسومیں نئی تعمیرات ہوئی ہیں۔(اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل۲۱؍ستمبر۲۰۲۴ء)

رپورٹ سالانہ کھیلیں: عزیزم گودونو ماشاءاللہ سیکرٹری العاب کمیٹی نے سالانہ کھیلوں کی درج ذیل رپورٹ پیش کی۔ امسال سالانہ کھیلوں کا انعقاد ۱۵،۱۴ و۱۷؍جون کو ہوا۔ مجموعی طورپر دوران سال ۲۱؍ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ۸؍اجتماعی اور ۱۳؍انفرادی مقابلہ جات شامل ہیں۔ اس طرح دوران سال درجہ ثالثہ کے طلبہ نے جامعہ سے کوپیلا شہر تک ایک صد پچاس کلومیٹرز کا سائیکل سفر بھی کیا۔

تقسیم انعامات:اس رپورٹ کے بعد مہمان خصوصی نے طلبہ میں ورزشی مقابلہ جات کے انعامات تقسیم کیے۔ ورزشی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر امانت گروپ اول رہا اور ٹرافی کا حقدار قرار پایا جبکہ بہترین طالب علم شجاعت گروپ کے عزیزم سانوگو سلف صاحب درجہ ثانیہ قرار دیے گئے۔

حضرت مسیح موعودؑ کے ایک عربی قصیدہ سے تقریب کے دوسرے حصہ کا آغاز ہوا۔ فارغ التحصیل ہونے والی کلاس کے لیے درجہ ثانیہ کے طالب علم عزیزم جونیئر یوسف نے سپاسنامہ پیش کیا جو خوبصورت یادوں اور دلچسپ واقعات سے مزین تھا جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔پھر فارغ التحصیل ہونے والی کلاس کی نمائندگی میں عزیزم خالد ملاندا صاحب نے اپنے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی۔ حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے تعلیمی سرگرمیوں اور دوران سال ہونے والے علمی مقابلہ جات کی رپورٹ پیش کی۔

مختصر سالانہ کار گزاری رپورٹ:

امسال مجلس علمی کے تحت ۱۴؍علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ نیز مجلس ارشاد کے تحت متعدد تربیتی و علمی سیمینارز اور پروگرامز منعقد ہوئے۔

وقار عمل: جامعۃالمبشرین برکینافاسو میں ہر ہفتہ کے روز باقاعدگی سے وقار عمل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں جلسہ سالانہ برکینافاسو و دیگر اہم مواقع اور سرگرمی پر طلبہ جامعۃ المبشرین کو وقار عمل کرنے کا موقع ملتا ہے۔

تبلیغ : دوران سال طلبہ کے گروپس دس دفعہ تبلیغ کے لیے شہر کے مختلف حصوں اور ارد گرد کی آبادی میں پیغام حق دینے کے لیے گئے۔ ان وفود نےسات ہزار کی تعدادمیں پمفلٹس تقسیم کیےاور ۲۰۵؍کتب فروخت یا تقسیم کیں۔ اسی طرح واگا دوگو میں منعقد ہونے والے کتابی میلہ میں جماعتی کتب کا سٹال لگایا جس میں طلبہ نے دو لاکھ فرانک سیفا کی جماعتی کتب فروخت کیں۔

وقف عارضی: سالانہ چھٹیوں کے دوران جامعہ کے طلبہ وقف عارضی کے لیے جاتے ہیں جہاں دروس و کلاسز وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے نیز احمدی گھرانوں کے دورہ جات کر کے جماعت میں ایک بیداری پیدا کرنے میں ممد ثابت ہوتے ہیں۔ امسال فارغ التحصیل ہونے والی کلاس نے سال۲۰۲۳ء میں وقف عارضی میں حصہ لیا۔

خدمت خلق: علاوہ دیگر کاموں کے طلبہ رمضان المبارک میں روزانہ جامعہ سے باہر مین سڑک پر افطار کے وقت ٹھنڈا پانی تقسیم کرتے ہیں۔ امسال رمضان میں ۸۰۰؍کے قریب افراد ٹھنڈے پانی سے مستفید ہوئے۔ اسی طرح عیدین کے مواقع پر ہمسایوں میں تحائف اور گوشت وغیرہ کی تقسیم بھی کی جاتی ہے۔

نئی کلاس کا آغاز: دوران سال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی روشنی میں جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں درجہ ممہدہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح جامعۃ المبشرین کا کورس تین کی بجائے اب چار سال کا ہو گیا ہے۔

تقسیم اسناد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جامعۃ المبشرین برکینافاسو سے پانچویں کلاس فارغ التحصیل ہوئی ہے۔ اس کلاس میں آٹھ فرنچ ممالک کونگو کنشاسا، کونگو برازاویل، بینن،سینیگال، گنی کناکری، نائیجر، سینٹرل افریقہ اور برکینا فاسو سے تعلق رکھنے والے ۱۹؍مبلغین شامل ہیں۔

گذشتہ چار سال میں جامعۃ المبشرین برکینا فاسو سے بالترتیب ۱۴، ۱۵،۱۸ اور۱۶؍مبلغین فارغ التحصیل ہوئے جبکہ اس سال مزید ۱۹؍مبلغین کا اضافہ ہوا۔ اس طرح اب تک کُل ۸۲؍مبلغین جامعۃ المبشرین برکینا فاسو سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ ان مبلغین میں برکینا فاسو کے ۲۹؍ بینن کے ۲۳؍مالی کے ۱۱؍،نائیجر کے ۷؍کونگو کنشاسا کے ۵؍کونگو برازاویل کے۴؍اورگنی کناکری، سینیگال اور ریپبلک آف سنٹرل افریقہ کے ایک ایک مبلغ شامل ہیں۔

مہمان خصوصی نے امسال فارغ التحصیل ہونے والے ان مبلغین میں اسناد تقسیم کیں۔ا س موقع پر بینن سے تین افراد پر مشتمل ایک وفد بطور خاص تقریب میں شمولیت کے لیے آیا تھا۔ بینن کے تین لوکل مبلغین کے بیٹے اس کلاس میں جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔ والدین کے لیے یہ ایک خوشی اور جذباتی موقع تھا۔ ان مہمانوں نے سٹیج پر آکر اظہار خیال کیا اور اپنا تعارف کروایا۔

چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃالمبشرین برکینافاسو نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا، خلافت کی شفقت، اساتذہ کی محنت، طلبہ کی اطاعت کا ذکر کرکے تمام معززمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پرمکرم امیرصاحب نے اختتامی کلمات کہے اور جامعہ کی مساعی کا ذکر کرتے ہوئے اظہارخوشنودی کیا۔ آپ نے عبادات کے قیام اور خلافت سے وابستہ رہنے کی نصائح کیںاور پھر دعا کروائی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے ساتھ مبلغین کا گروپ فوٹو ہوا۔

تقریب کے بعدنماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانان کرام کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ادارہ کو مزید ترقیات سے نوازے، یہاں سے حقیقی عبادت گزار، خادمان دین، خلافت کے سچے عاشق اور وفادار مبلغین فارغ التحصیل ہو کر میدان عمل میں جائیں اوراسلام احمدیت کا پیغام دنیا تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: حافظ عطاء النعیم۔ استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button