افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کےبیسویں نیشنل اجتماع، نیشنل مجلس شوریٰ اور سالانہ تربیتی کلاس کا انعقاد

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

محض اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو اپنی سالانہ سات روزہ تربیتی کلاس مورخہ ۲۰ تا ۲۷؍ اگست ۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تربیتی کلاس کے انعقاد کے معاً بعد مورخہ ۳۰؍اگست تا یکم ستمبر۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ کےسہ روزہ بیسویں نیشنل اجتماع کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔ ہر دو پروگرامز کا انعقادآبیدجان شہر میں واقع جماعتی مقام مہدی آباد میں کیا گیا۔ امسال اللہ تعالیٰ کےفضل سے تربیتی کلاس کی کُل حاضری۲۶؍خدام پر مشتمل رہی جبکہ اجتماع کی کُل حاضری ۵۹۶؍شاملین پر مشتمل رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

نیشنل تربیتی کلاس مجلس خدام الاحمدیہ

نیشنل تربیتی کلاس کا آغاز مورخہ ۲۰؍اگست بروز منگل سے ہوا۔ تربیتی کلاس کے دوران روزانہ کے معمولات میں صبح سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک اور پھر اڑھائی سے چار بجے سہ پہر تک کلاسز کا انعقاد شامل تھا۔ ان کلاسز میں یسرنا القرآن، فقہ، وفات مسیح، نظام جماعت، نماز، حیات مبارکہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ، خلفائے احمدیت، تبلیغ کا طریقہ کار نیز معلومات عامہ جیسے مضامین کو شامل نصاب کیا گیا۔ ان کلاسز میں بطور اساتذہ مکرم عبدالرحمان وترا صاحب ریجنل مشنری آبیدجان، مکرم سماکے محمد صاحب معلم سلسلہ، مکرم شمس الدین صاحب معلم سلسلہ، مکرم حافظ فوفانا سعید صاحب اور مکرم کریم جوارا صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے خدمات سر انجام دیں۔ نماز عصر کے بعد سپورٹس پروگرام بھی کلاس کا ایک لازمی حصہ تھا۔ تربیتی کلاس کے اختتام پر مورخہ ۲۷؍اگست کو تمام شاملین سے تحریری امتحان لیا گیا جس میں اول پوزیشن عزیزم Adjani عبدالماجد صاحب آف ساں پیدرو شہر اور دوم پوزیشن عزیزم تراؤرے احمد صاحب (Traoré Hamdaine) آبیدجان شہر نے حاصل کی۔

نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ

نیشنل تربیتی کلاس کے معاً بعد خدام الاحمدیہ کو سہ روزہ نیشنل اجتماع بعنوان ’’عالمی جغرافیائی سیاسی ماحول اور ایک نوجوان مسلمان کا کردار‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع میں شرکت کے ليے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل مورخہ۲۹؍اگست کو ہی شروع ہو گیا تھا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد مہمانان کرام کو اجتماع کے حوالے سے ہدایات سے نوازا گیا جس کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

چوتھا نیشنل اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ: مورخہ ۳۰؍ اگست بروز جمعۃ المبارک صبح نو بجے اطفال الاحمدیہ کے چوتھے نیشنل اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم عزیزم نافع احمد تبسم صاحب نے کی اور عزیزم تراؤرے حمدین(Traore Hamdaine) نے قصیدہ پڑھا جس کے بعد مکرم ساوا صاحب مہتمم اطفال نے ابتدائی کلمات کہے۔ مکرم باپینا محمد صاحب نے ’’ایک طفل کا حسن اخلاق‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد سوال و جواب کی ایک محفل منعقد ہوئی۔ نیز مہتمم مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کے ساتھ بھی اطفال کی ایک مجلس کا انتظام اس پروگرام کا حصہ تھا۔ اختتامی تقریر مکرم کونے داؤد صاحب مربی اطفال نے کی۔ اس اجتماع کا اختتام ساڑھے گیارہ بجے دوپہر دعا کے ساتھ ہوا۔

پہلا دن: اجتماع کے پہلے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم سلا سلیمان صاحب قائد علاقہ بواکے نے درس بعنوان ’’خدام الاحمدیہ کے عہد کی اہمیت اور احترام‘‘ دیا۔ بعد ازاں شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا جس دوران سپورٹس کے ابتدائی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ دوپہر بارہ بجے حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے براہ راست خطبہ جمعہ سننے کا اہتمام تھا جس کے معاً بعد مقامی طور پر نماز جمعہ اور عصر ادا کی گئیں۔

اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز زیر صدارت مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ سہ پہر تین بجے تقریب پرچم کشائی سے ہوا جس میں لوائے مجلس خدام الاحمدیہ اور قومی پرچم لہرایا گیا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرم جابی مصطفیٰ (Diaby Moustapha) صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے اپنی تقریر میں شاملین کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ اجتماع کے انعقاد کی اہمیت بیان کی اور زیادہ سے زیادہ اس کے مقابلہ جات میں شرکت کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے ’’خدام الاحمدیہ کے قیام کے مقاصد‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا اور خدام و اطفال کے مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔جو نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد تک جاری رہے۔

دوسرا دن: اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے درس بعنوان ’’سمارٹ فون کا فائدہ مند استعمال‘‘ دیا جس کے بعد خدام و اطفال کے مقابلہ جات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جو ناشتہ کے ساتھ ختم ہوا۔ دوسرے دن کے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد عبدالحئی ودراگو صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے تقریر کی جس کے بعد مختلف غیر از جماعت مہمانان کرام نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نماز ظہروعصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد بھی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔

نیشنل مجلس شوریٰ مجلس خدام الاحمدیہ: نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے معاً بعد نیشنل مجلس شوریٰ مجلس خدا م الاحمدیہ کاانعقاد کیا گیا۔ شوریٰ میں شرکت کے ليے نمائندگان مختلف ریجنز سے شامل ہوئے۔ شوریٰ کا انعقاد زیر صدارت مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب ہوا۔ دوران شوریٰ آئندہ مدت کے ليے صدر مجلس خدام الاحمدیہ کا انتخاب بھی ہوا۔ شوریٰ کے دوران اور بعد میں بھی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جن کے اختتام پر شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور یوں اجتماع کے دوسرے دن کا اختتام ہوا۔

اجتماع کا تیسرا دن: اجتماع کے تیسر ے دن کا باقاعدہ آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے درس ’’نیک عادات جو ایک خادم کو اپنانی چاہئیں‘‘ کے موضوع پر دیا۔ بعدازاں مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ اور مربیان کرام کی ٹیموں کا فٹ بال کا نمائشی میچ ہوا اور مہمانان کرام کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کی سالانہ رپورٹ مکرم سلا اسماعیل صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے پیش کی جس کے بعد تقسیم تقریب انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں مقابلہ جات میں پہلی تین پوزیشنز لینے والے خدام و اطفال میں انعامات(اسناد، میڈلز اور تحائف) تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد مہمانان کرام اور حال ہی میں پاکستان سے تشریف لانے والے تین نئے مبلغین کرام نے اظہار خیال کیا۔بعدہٗ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ’’مجلس خدام الاحمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اجتماع کی اختتامی تقریر مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب نے بعنوان ’’ایک احمدی مسلمان نوجوان کے فرائض اور ذمہ داریاں‘‘کی جس کے بعد اختتامی دعا کرائی اور اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ ظہرانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مہمانان کرام اپنے اپنے مقامات کی طرف روانہ ہوئے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے امسال اجتماع کی کُل حاضری ۵۹۶؍افراد پر مشتمل رہی۔ جبکہ عَلم انعامی مجلس بواکے نے حاصل کیا۔ اجتماع میں گھانا سے چھ، برکینا فاسو سے پانچ اور بینن سے دو مہمانان کرام نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ امسال علمی مقابلہ جات کے ضمن میں قاعدہ یسرنا القرآن، مقابلہ تلاوت، نظم، اذان، حفظ القرآن، دینی معلومات، ادائیگی نماز، تقریر، فی البدیہہ تقریر، مشاہدہ معائنہ، حفظ عہدو وعدہ، پیغام رسانی نیز جنرل نالج کے مقابلہ جات شامل تھے۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں بوری دوڑ، چمچ منہ میں پکڑ کر دوڑ، الٹی دوڑ، ایک پاؤں پر دوڑ، پنجہ آزمائی، فٹ بال، میراتھن، نشانہ بازی نیز رسہ کشی وغیرہ شامل تھے۔ اجتماع کی خبر مقامی اخبارات مثلاًSoir Info, Fraternité Matin میں شائع ہوئی جبکہ آن لائن اخبار AIP میں بھی اس کی خبر شائع ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اس کی تشہیر کی جاتی رہی۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے انعقاد کے دُوررس اثرات مرتب فرمائے اور یہ اجتماع حقیقی رنگ میں روحانی تبدیلی کا موجب ہو۔ آمین

(رپورٹ عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button