افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے نائیجر کے مارادی ریجن میں سیلاب زدگان کی امداد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ نائیجر کو ہیومینٹی فرسٹ ناروے کے تعاون سے امسال مارادی ریجن میں شدید بارشوں کے نتیجہ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پراجیکٹ کے تحت ۲۰۰؍سے زائد خاندانوں کو راشن پہنچایا گیا۔

ریجن کے مختلف علاقوں کے بزرگ افراد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ۸۰؍سال میں بارشوں میں ایسی شدت نہیں دیکھی۔ چنانچہ نہ صرف مارادی شہر بلکہ ارد گرد کے دیہات میں ہزاروں گھر مسمار ہو گئے اور ۵۰؍سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں بھی نشر ہوتی رہیں۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے ہیومینٹی فرسٹ ناروے کے تعاون سے مارادی ریجن کے سیلاب سے متاثرین کی امداد کا پروگرام بنایا اور چونکہ تمام متاثرین کی امداد تو ممکن نہ تھی لہٰذا ریجن کے دیہات اور شہر میں مکرم لاولی شعیبو صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے سروے کروائے اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خاندانوں کی ایک فہرست تیار کی۔ اس فہرست میں ۱۵۰؍سے زائد کا تعلق اردگرد کے دیہات سے تھا جبکہ مارادی شہر کے پچاس سے زائد خاندانوں کی نشاندہی کی گئی۔

فہرستوں کی تیاری کے بعد ہر ایک خاندان کے ليے ایک امدادی بیگ تیار کیا گیا۔ یہ امدادی بیگ راشن پر مشتمل تھا جس میں چاول، چینی، آئل، خشک دودھ، میکرونی وغیرہ شامل تھے۔ نیز اس کے ساتھ ایک بڑی چٹائی، کمبل اور مچھردانی بھی ہر ایک امدادی بیگ کا حصّہ تھی۔ ہیومینٹی فرسٹ نائیجر کی ٹیم نے تمام امدادی بیگز تیار کیے اور مختلف دیہات میں تقسیم کے ليے تیاری مکمل کی۔

چنانچہ مورخہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۴ء بروز جمعرات نائیجر کے امیر و مبلغ انچارج مکرم اسد مجیب صاحب کے مارادی ریجن کے دورہ کے دوران مکرم صدر صاحب ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے امدادی بیگز کی تقسیم کا آغاز کیا اور اس سلسلہ میں سب سے پہلے ایک گاؤں اچیدہ کوفوتو کے سیلاب سے متاثر خاندانوں میں امدادی بیگز تقسیم کیے گئے اور ۵۰؍سے زائد خاندانوں میں امدادی کٹ بیگزدیے گئے۔

بعد ازاں ریجن کے دیگر دیہات اور مارادی شہر میں صدر صاحب ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے نائب امیر مکرم صالح موسیٰ صاحب کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں میں امدادی کٹ بیگز تقسیم کیے۔ متاثرہ خاندانوں نے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا نیز ہیومینٹی فرسٹ نائیجر کی اس کاوش کا ایک ریجنل ریڈیو اور ایک نیشنل ٹی وی نے اپنی خبروں میں تفصیل سے ذکر کیا۔

اللہ تعالیٰ اس نیک کام کے ليے تعاون کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے نقصانات سے لوگوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button