یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ وناصرات الاحمدیہ جرمنی کے بیالیسویں سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ جرمنی کا بیالیسواں سالانہ اجتماع ’’ذاتی اصلاح (تقویٰ)‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۲تا۱۴؍جولائی ۲۰۲۴ء بمقام کارلسروئے جرمنی منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جملہ علمی مقابلہ جات اور نمائش و گفتگو کی نشستوں کا بنیادی موضوع بھی تقویٰ کے مختلف پہلوؤں پر مشتمل تھا۔

اس تاریخ ساز اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اپنا خصوصی پیغام ارسال فرمایا جومکرمہ حامدہ سوسن چودھری صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی نے افتتاحی اجلاس میں پڑھ کر سنایا۔ نیز اِس کی کاپیاں پرنٹ کروا کر شاملین میں تقسیم بھی کی گئیں۔

لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ کے کُل۸۴؍انتظامی شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ڈیوٹی کارکنات کےليے امسال کا ہدف ’’مسکراتے ہوئے خدمت سر انجام دیں‘‘ مقرر کیا گیا تھا۔

معائنہ انتظامات:مورخہ ۱۱؍جولائی کی شام کو دعا کے بعد لجنہ اماء اللہ کی اجتماع گاہ میں صدر لجنہ اماء اللہ اور منتظمہ اعلیٰ مکرمہ نسیم احمد صاحبہ نے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران نائب منتظمات اعلیٰ بھی ہمراہ تھیں۔

مجلس انصاراللہ کی جانب سے اجتماع گاہ میں تینوں دن نماز تہجد و نماز فجر کی باجماعت ادائیگی اوردرس القرآن کا انتظام کیا گیا تھا۔ اجتماع گاہ میں قیام کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کی تعداد دو ہزار ۵۰۰؍سے زائد تھی۔

پہلا روز مورخہ ۱۲؍جولائی بروز جمعۃ المبارک: سالانہ اجتماع کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۱۲؍جولائی بروزجمعۃ المبارک نماز جمعہ کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کا براہ راست خطبہ جمعہ سننے کے بعد سہ پہر چار بجے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ جرمنی کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عمومی کارروائی کے بعدصدر صاحبہ کےافتتاحی کلمات اور دُعا کے بعد علمی مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ نیز بیرونی احاطہ میں بنائے گئے سٹیج پربیک وقت دلچسپ گفتگو کے پروگرام بھی شروع ہوگئے۔ لجنہ اماءاللہ کی اجتماع گاہ میں شام کے کھانے کے بعد اضافی مقابلہ جات کے انعامات (دوم اور سوم پوزیشن) تقسیم کیے گئے۔ امسال ۲۷؍معلمات کو اسناد دی گئیں۔

افتتاحی تقریب کے بعدناصرات الاحمدیہ کی اجتماع گاہ میں نیشنل سیکرٹری ناصرات مکرمہ تہمینہ بلال صاحبہ کی زیرصدارت مقابلہ جات کروائے گئے۔ نماز مغرب وعشاء کی باجماعت ادائیگی کے ساتھ اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرا روز مورخہ ۱۳؍جولائی بروز ہفتہ: دن کاآغاز نماز تہجد و نماز فجر کی باجماعت ادائیگی اور درس القرآن سے ہوا۔ ساڑھے نو بجے مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت لجنہ اماءاللہ کی اجتماع گاہ میں علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

مکرمہ صدر صاحبہ نے ناصرات کی اجتماع گاہ میں تشریف لاکر ناصرات سے جرمن زبان میں گفتگو کی۔ ناصرات الاحمدیہ کی ٹیم نے بچیوں کے ساتھ فیچر پروگرام تشکیل دیا جو کہ سٹیج سے دکھایا گیا۔ دوپہر ایک بجے وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر ہوا۔

مہمان خصوصی اُم طالع شہید مکرمہ امۃ الشکور طیبہ احمد صاحبہ کے ساتھ یادگار نشست:نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد مرکزی اجتماع گاہ کے سٹیج پر معزز مہمان سید طالع احمد صاحب شہید کی والدہ مکرمہ امۃ الشکور طیبہ احمد صاحبہ اہلیہ سید ہاشم اکبر صاحب کے ساتھ ایمان افروز نشست کا انعقاد ہوا۔ ناصرات بھی مرکزی اجتماع گاہ میں موجود تھیں۔ آغاز میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے اس نشست کے انعقاد کا مختصر پس منظر اور مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد سٹیج سکرین پرآسمان احمدیت کے درخشندہ روشن ستارے اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کےخاندان مبارک کےپہلے شہید مرزا غلام قادر صاحب اور شہادت کا رتبہ پانے والے ایک اور گوہر نایاب سید طالع احمد شہید سے متعلق خلفائے سلسلہ عالیہ کےفرمود ات کے ویڈیو کلپس دکھائے گئے۔

اِس نشست میں مکرمہ امۃ الشکورطیبہ صاحبہ نے سید طالع احمد شہید صاحب کا خلافت سے عشق اور ہر پہلو میں خداتعالیٰ کی وحدانیت اور خلافت سے وابستگی، نیز بطور بیٹا، شوہر اور باپ ایمان افروز واقعات سنائے کہ کس طرح شہیدمرحوم نے اپنے ذاتی نمونہ اورعمل سے ہمیشہ خداتعالیٰ اور خلافت کی محبت کو دلوں میں اُجاگر کیا۔ اس نشست کے اختتام پہ نو مبائعات کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے اور عائشہ اکیڈمی کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔

مرکزی ہال میں شام ساڑھے چھ بجے علمی مقابلہ جات میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی، نیزشعبہ صنعت و دستکاری کے تحت کروائے جانے والے مقابلہ جات کے بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔ شعبہ اُمور طالبات کے تحت سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ۱۲۱؍ممبرات لجنہ اماءاللہ میں تعلیمی ایوارڈز کی تقسیم کی گئی۔ ان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممبرات پانچ ڈاکٹریٹ(ٹائٹل)، تین ڈاکٹرز، ۲۸؍ڈگری امتحانات، ۲۳؍ماسٹرز، ۴۶؍بیچلرز، ۱۴؍آبی ٹور (Abitur) اور دو فاخ ہوخ شولے (Fachhochschule) کو انعامات دیے گئے۔ شام آٹھ بجے کھانا اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد اجتماع کے دوسرے روز کا کامیاب اختتام ہوا۔

تیسرا روز مورخہ۱۴؍جولائی بروز اتوار: نماز تہجد اور فجر کی باجماعت ادائیگی اور درس القرآن کے بعد صبح دس بجے مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ جرمنی کی زیرصدارت تلاوت قرآن پاک و ترجمہ سے چوتھے اجلاس کا آغاز ہوا۔

فیچر پروگرام: اس اجلاس میں اجتماع کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے ایک فیچر پروگرام پیش کیا گیا۔ اِس پروگرام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تنظیم لجنہ اماء اللہ کی نئی صدی کے آغاز پر لجنہ ممبرات کی ذمہ داریوں سے متعلق فرمان پر فوری لبیک کہنے والی کچھ بہنوں کے تعلق باللہ، پردہ اور ایک احمدی عورت کی شخصیت سے متعلق ریکارڈ کیے گئے انٹرویوز دکھائے گئے۔ آخر میں مکرمہ صدر صاحبہ نے ایک اقتباس کی روشنی میں بہنوں کو اس طرف دوبارہ توجہ دلائی کہ سب اپنا محاسبہ کریں۔

اس کے بعد ایک گروپ ترانہ پیش کیا گیا اورنماز اور کھانے کا وقفہ ہوا۔ بعد ازاں مرکزی سٹیج سے مکرمہ سیکرٹری تربیت صاحبہ نے بہنوں سے اسلامی تعلیمات اچھے الفاظ کا استعمال، دھیمی آواز اور عزت سے بات کرنا، بڑوں کا لحاظ رکھنا اور بچوں سے عزت کا سلوک کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

اختتامی اجلاس:وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ عمومی کارروائی کے بعد مکرمہ سیکرٹری تعلیم لجنہ اماءاللہ جرمنی نے سالانہ اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں نیشنل جنرل سیکرٹری صاحبہ نےجرمنی بھر کی ممبرات لجنہ اماءاللہ کی کارکردگی پر سالانہ رپورٹ ۲۰۲۲ء – ۲۰۲۳ء پیش کی اور کارکردگی کے لحاظ سے بہترین مجالس اور سالانہ اجتماع پہ بہترین حاضری پر ریجنز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ازراہ شفقت دستخطوں سے اسناد بہترین مجالس میں تقسیم کی گئیں۔

اوّلدومسوم
بڑی مجالسRodgauRödermarkKoblenz Moschee
درمیانی مجالسBetzdorfAziz MoscheeWittlich
چھوٹی مجالسMeschede اورBremerhavenFrontenhausenSoltau

نیشنل اجتماع کے موقع پر ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کی بہترین حاضری کے لحاظ سے ریجنز میں سے Badenریجن نے پہلی، Mannheim ریجن نے دوسری اورGroß Gerau ریجن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بعد ازاں ناصرات الاحمدیہ اورلجنہ اماء اللہ کے مقابلہ جات میں اوّل پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

تقسیم انعامات کے بعد صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی نے اپنی اختتامی تقریر میں شاملین اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان تین دنوں میں ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، اِن نکات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کو دلوں میں بٹھائیں اور قرآن کریم کو اپنے ليے لائحہ عمل بنائیں اور ہمیشہ کوشش کریں کہ ہم خلیفۂ وقت کی حقیقی سلطان نصیر بنیں۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع قریباً چار بج کر چالیس منٹ پر بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

لجنہ و ناصرات کے علمی و دیگر مقابلہ جات کا مجموعی جائزہ: سالانہ اجتماع میں گروپ اول و دوم کے علاوہ معلمات کا مقابلہ حسن قراءت گروپ اول و دوم، پریزنٹیشن، اردو نظم، مقالہ نویسی، مقابلہ نظم لکھنا، مقابلہ کوئز حقیقۃ الوحی، بیت بازی کے علاوہ نومبائعات کے چار مقابلہ جات حسن قراءت، حفظ ادعیہ ، قصیدہ اور پریزینٹیشن کروائے گئے۔ الغرض ۱۳؍علمی مقابلہ جات میں ۴۰۰؍ اور صنعت ودستکاری کے پانچ مقابلہ جات(سلائی، کروشیہ، ٹیبل میٹ سیٹ، ڈیجیٹل کیلی گرافی، موزائیک) میں ۱۵۹؍لجنہ ممبرات نے حصہ لیا۔

ریجنز کے مابین مقابلہ نمائش: سالانہ اجتماع کے موقع پر ذاتی اصلاح (تقویٰ) کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں جرمنی بھر کےکُل ۲۶؍ریجنز میں سے ۲۵؍ممبرات نے حصہ لیا۔ پوزیشنز کے لحاظ سے نتائج درج ذیل رہے۔

اوّل: Rüsselsheim، دوم: Hessen Süd اور سوم: Taunus

تقویٰ کے موضوع پرخصوصی نمائش: اجتماع گاہ میں تقویٰ سے متعلق جرمن زبان میں خصوصی نمائش لگائی گئی تھی۔ اِس نمائش کو چا ر متفرق تربیتی موضوعات (پردہ اور حیا، زندگی کا مقصد، ایمان کی ترغیب، نماز اور دُعا) میں تقسیم کر کے سٹیشنز بنائے گئے تھے۔ ہر سٹیشن پر موضوع کے حوالے سےقرآن کریم، احادیث نبویہﷺ، ارشادات حضرت اقدس مسیح موعودؑ و خلفائے سلسلہ پرمبنی بینرز اور فلائر زپر معلومات درج کی گئی تھیں۔ یہاں نوجوان بچیوں کا ہجوم نظرآیا۔

ناصرات الاحمدیہ کی اجتماع گاہ میں نیشنل سیکرٹری ناصرات کی زیر صدارت ناصرات کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں بالترتیب آٹھ علمی مقابلہ جات میں ۳۱۹، اضافی مقابلہ جات میں ۴۸، تخلیقی مقابلہ جات میں ۱۱۸ اور تفریحی سرگرمیوں میں ۵۰۰؍ناصرات الاحمدیہ نے حصہ لیا۔

ناصرات کے علمی مقابلہ جات کےعلاوہ دیگر سر گرمیوں میں ایک Entdeckungsraum(دریافت کی جگہ) بنایا گیا جس میں سات صفات باری تعالیٰ (المبدی، اللطیف، المصوّر، الحسیب، الباری، الہادی اور العظیم) کے نام سے سات سٹیشنز بنائے گئے اور ان سے متعلق قرآن کریم کی آیات کا انتخاب کیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد قرآنی احکامات کی روشنی میں نظام شمسی کا علم حاصل کرنا تھا۔ نیز قرآنی تعلیمات کی روشنی میں سائنسی علوم کاموازنہ پیش کیا گیا۔ یہاں تقریباً ۳۰۰؍ناصرات نے دورہ کیا۔

Planetarium (سیاروں کی سیر) شاملین کی دلچسپی کو مدّنظر رکھتے ہوئے بیک وقت باقاعدہ طور پہ ایک کمپنی کے توسط سے ایک الگ خیمہ میں ماحول بناکر ویڈیو کے ذریعہ تقریباً دس دس منٹ کے دورانیہ کےليے سیاروں کی فلم دکھائی گئی۔ یہاں پر شاملین نے بھرپور دلچسپی لی اور پردہ کی ر عایت سے تقریباً ۷۰۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات نے دورہ کیا۔

ناصرات الاحمدیہ نمائش: امسال ناصرات الاحمدیہ کے تین تخلیقی مقابلہ جات (بُک مارک(معیار سوم)، خطاطی(معیار دوم، اوّل)فوٹو گرافی (معیار اوّل دوم)کروائے گئے جن میں مجموعی طور پر تینوں معیارکی ۸۸؍ناصرات نے حصہ لیا۔

ناصرات الاحمدیہ کی اجتماع گاہ میں ناصرات کے تینوں معیاروں کی بنائی گئی اشیاء کی دستکاری نمائش لگائی گئی تھی۔ بہت سی ناصرات اور ان کی ماؤں نے نمائش کو بڑی دلچسپی سے دیکھا۔

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خطوط: سالانہ اجتماع کے موقع پر حضور انور کی خدمت میں دُعائیہ خطوط لکھنے کا انتظام بھی کیا گیا تھا جہاں پر قلم اور سادہ کاغذ دستیاب تھا۔

Talk Lounge:لجنہ و ناصرات کے اجتماع گاہوں کے بیرونی احاطہ میں ٹاک لاؤنج میں اردو و جرمن زبان میں متفرق موضوعات مثلاً تقویٰ کے فروغ میں خواتین کا کردار، خلافت کی ضرورت و اہمیت اور سوشل میڈیا پر گفتگو کی گئی۔

AMSV (احمدیہ مسلم سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن) کی صدر کا انتخاب:مکرمہ مشعل چودھری صاحبہ نیشنل سیکرٹری اُمور طالبات کی زیر صدارت AMSV(احمدیہ مسلم سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن) کی صدر کے انتخاب کی کارروائی عمل میں آئی۔ نیز اِس شعبہ کے تحت طالبات کےليے ’’امتحانی مراحل میں کامیابی حاصل کرنا‘‘ کے موضوع پرایک لیکچر بھی دیا گیا اور باہم تبادلہ خیالات بھی کیا گیا۔

خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے علمی مقابلہ جات: اِمسال اجتماع کے موقع پر پہلی مرتبہ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تقریباً گیارہ بچوں نے حصہ لیا اور انعامات حاصل کیے۔ نیز اِس شعبہ کے تحت ماؤں کو اہم معلومات بھی بہم پہنچائی گئیں۔

معلوماتی سٹینڈ: شاملین اجتماع کی سہولت کے پیش نظر گیلری میں تعلیم القرآن پراجیکٹ، وصیت، وقف عارضی، عائشہ اکیڈمی، النصرت، تبلیغ، رشتہ ناطہ، اُمور طالبات، AMSV(احمدیہ مسلم سٹوڈنٹ تنظیم)، AMJV (احمدیہ مسلم وکلاء تنظیم)AMVTI، ہیومینٹی فرسٹ، لجنہ آفس کے تحت وقفوں کے دوران معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔

اِمسال شعبہ خدمت خلق کے تحت اور Stefan Morsch Stiftung کےتعاون سے ایک پراجیکٹ کیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد کینسر کے مریضوں کے علاج میں معاونت تھا۔

بازار: اجتماع گاہ کے بیرونی احاطہ میں ایک بازار لگایا گیا تھا جہاں چٹ پٹے پاکستانی پکوان کے علاوہ زنانہ کپڑے اور جیولری وغیرہ فروخت کی گئیں۔

بُک سٹال: لجنہ کے ادبی ذوق کو ملحوظ رکھتے ہو ئےگیلری میں بُک سٹال بھی لگایا گیا تھا جہاں ہمہ وقت شاملین کا ہجوم دکھائی دیا۔ سالانہ اجتماع کے دوران مجموعی طور پہ اس بک سٹال سے حاصل ہونے والی کُل آمدنی دو ہزار ۱۶۵؍یورو رہی۔

اجتماع کے اختتام پر جملہ ڈیوٹی دینے والی کارکنات کو جزاکم اللہ احسن الجزاء کےخوبصورتی سے بنائے گئے دعائیہ کارڈز تحفۃً دیے گئے۔

الحمدللہ لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ کا بیالیسواں سالانہ اجتماع کامیاب و کامران رہا۔ اللہ تعالیٰ ہماری حقیر کاوشوں کوثمر بار کرے، جملہ کارکنات کو اجر عظیم سے نوازے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشاء کے مطابق خدمات بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

(رپورٹ: لبنیٰ ثاقب۔ منتظمہ رپورٹنگ سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button