یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ ناروے کے چھتیسویں سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال مجلس انصاراللہ ناروے کو اپنا چھتیسواں نیشنل اجتماع بیت النصر، اوسلو میں مورخہ یکم و ۲؍جون ۲۰۲۴ء کومنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں کُل ۱۹؍شعبہ جات میں تقریباً ۵۷؍انصارکی مختلف ڈیوٹیاں مقرر کی گئیں۔

پہلا دن: دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد ساڑھے نو بجے رجسٹریشن شروع ہوئی۔ ناشتہ سے قبل انصار کی شوگر اور بلڈپریشرچیک کرنے کی سہولت بھی موجود تھی جس سے انصار نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

تقریب پرچم کشائی:پرچم کشائی کی تقریب مسجد بیت النصر کے صحن میں منعقد ہوئی جس میں مجلس انصاراللہ کا جھنڈا مکرم ڈاکٹراحمدرضوان صادق صاحب صدرمجلس انصاراللہ ناروے نے جبکہ قومی پرچم مکرم ظہور احمد چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے لہرایا اور پھر دعا کرائی۔

افتتاحی اجلاس: دس بج کر بیس منٹ پر افتتاحی اجلاس کا آغاز مسرور ہال مسجد بیت النصر میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ ناروے ۲۰۲۴ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال فرمودہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ مکرم عبدالرحمٰن قریشی صاحب نائب ناظم اجتماع نے پروگرام اجتماع سے متعلق عمومی ہدایات پڑھ کر سنائیں پھر ناظم ورزشی مقابلہ جات نے آج کے ہونے والے پروگرام کے بارے میں ہدایات دیںاور آخر میں دعا ہوئی۔

ورزشی مقابلہ جات: دعا کے بعد مسجد کے گراسی پلاٹ میں فٹ بال اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے۔ اس کے علاوہ صف اول کے انصار کے لیے نشانہ بازی کا مقابلہ بھی ہوا۔

دوپہر تین بجے وقفہ برائے نماز ظہر و عصر اور کھانا ہوا۔

علمی مقابلہ جات: چار بجے مسرور ہال میں علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جن میں حسن قراءت، حفظ قرآن، نظم اور امسال پہلی دفعہ مقابلہ تقریر کی بجائے پریزنٹیشن کا مقابلہ شامل کیا گیا تھا۔ پھرآن لائن دینی معلومات اور کسوٹی کے مقابلے ہوئے۔ تمام مقابلہ جات میں انصار نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خوب لطف اٹھایا۔ شام کے کھانے کے ساتھ اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ اس دن بھی ناشتہ اور انصار کی شوگراوربلڈپریشر چیک کرنے کا انتظام تھا۔

اجتماع کے دوسرے دن کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز دس بجے مسرور ہال میں صدرمجلس کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد صدر مجلس نے ’’عبادالرحمٰن کی خصوصیات‘‘ کے موضوع تقریر کی جس میں آپ نے خاص طور پر جھوٹ سے بچنے اور لِمَ تَقُوۡلُوۡنَ مَا لَا تَفۡعَلُوۡنَ کی تشریح بیان کی۔ بعدازاں مکرم عبدالرحمٰن قریشی صاحب نائب صدرمجلس اوّل و قائد تعلیم نے ’’آخرت پر ایمان‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔

امسال پہلی دفعہ ایک محفل صحبت صالحین کا اہتمام کیاگیا تھا جس میں مکرم ڈاکٹر صفدر ملک صاحب قائد تربیت سٹیج سیکرٹری تھے اور مہمانان میں مکرم سیدکمال یوسف صاحب سابق مبلغ سکینڈے نیویا اور مکرم چودھری افتخار حسین اظہر صاحب تھے۔ تقریباً چالیس منٹ کے اس پروگرام میں مہمانان نے پروجیکٹر کی مدد سے تاریخی تصاویر کی وضاحت کی کہ کب اور کس موقع پر یہ تصاویر لی گئیں۔ اس کے علاوہ خلفائے سلسلہ سے تعلق اور ملاقات کا ذکر بھی کیا۔ اس محفل کو تمام حاضرین نے بڑے انہماک اور دلچسپی سے سنا۔

ایک پریزنٹیشن بعنوان ’’شرائط بیعت‘‘ مکرم ڈاکٹر صفدرملک صاحب نے پیش کی۔ بعد ازاں فی البدیہہ تقریر اور بیت بازی کے مقابلے ہوئے۔ تین بجے وقفہ برائے نماز ظہر وعصر اور طعام ہوا۔

اختتامی تقریب وتقسیم انعامات: چار بجے اختتامی تقریب زیرصدارت مکرم امیر صاحب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد صدرمجلس انصار اللہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال فرمودہ خصوصی پیغام بر موقع نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ ناروے ۲۰۲۴ء پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعدموصوف نے مجلس انصار اللہ کے زیر اہتمام یورپین ریفریشر کورس میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اس نصیحت کو بھی دہرایا کہ ہم سب کو اپنی نمازوں کے معیاروں کو بہتر کرنے کی طرف توجہ کرنی چاہيے۔ نیز انصار کو سائیکل استعمال کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ آخر میں آپ نے تمام شاملین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

مکرم امیر صاحب نے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور پھر حاضرین سے مخاطب ہوکر تلاوتِ قرآن کریم کرنے اور اُسے سمجھنے کی طرف توجہ دلائی اور قرآن کریم کلاس میں شامل ہونے کی تلقین بھی کی۔ یہ بابرکت اجتماع دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کے تمام پروگرامز بخوبی انجام پائے اور حاضری ۱۱۳؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: عامرحسین خالد محمود۔ قائداشاعت مجلس انصار اللہ ناروے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button