افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن گیمبیا کا نواں نیشنل کنونشن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے طلبہ و طالبات کی تنظیم احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) کو امسال یکم سے ۸؍ستمبر۲۰۲۴ءکو اپنا نواں اجتماع جماعت کے سکول ناصر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول میں منعقد کرنےکی توفیق ملی۔ الحمدللہ

ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں شرکت کے لیے ملک کے تمام خطوں سے اراکین نے سفر کیا جس میں ۱۷۹؍احباب نے شمولیت کی جن میں ۷۸؍ خواتین، ۹۴؍مرد اور سات لیکچررز شامل تھے۔
یکم ستمبر بروز اتوار روانگی سے قبل طلبہ صبح نو بجے جماعت احمدیہ گیمبیا کے ہیڈکوارٹر میں جمع ہوئے۔ مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا، نائب امیر صاحب، مبلغ انچارج صاحب اور عاملہ کے کئی ارکان طلبہ کو رخصت کرنے کے لیے موجود تھے۔ امیر صاحب نے اپنی تقریر میں دوران پروگرام نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاقی معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ روانگی کی تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جوکہ امیر صاحب نے کرائی۔

دوران پروگرام درج ذیل موضوعات پر بحث و تبادلہ خیال کیا گیا: اخلاقیات، آداب اور طرز عمل، ہم احمدی کیوں ہیں؟، خدا کے وجود کی دلیلیں، حضرت مسیح موعود امام مہدیؑ کی طرف سے دنیا میں لائی گئی روحانی اصلاح، خلافت کے ساتھ تعلق قائم کرنے کی اہمیت، دعا اور مالی قربانی۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت AMSAکے صدر مکرم محمد ای فوفانا صاحب نے کی جس میں وزارت تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجن کے ۶؍نمائندے پی ای او جارجو، ڈائریکٹر کی نمائندگی کرنے والے، ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کے وائس پرنسپل اور مختلف لیکچررز نے شرکت کی۔

سات روزہ اس اجتماع کے دوران طلبہ نے کھیلوں اور تعلیمی مقابلوں سمیت متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ کھیلوں کے مقابلے جیسے فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال، ون آن ون فٹ بال ٹورنامنٹ اور رسہ کشی مردوں اور خواتین دونوں کے ليے منعقد کیے گئے تھے۔ تعلیمی سرگرمیوں میں مباحثے، مشاہدہ معائنہ، پیغام رسانی اور کوئز شامل تھے۔ کلاسیں باقاعدگی سے منعقد کی گئیں جس میں طلبہ نے نہایت توجہ، احترام اور فعال شرکت کا مظاہرہ کیا۔ بہت سے طلبہ باورچی خانے میں کھانا پکانے اور لکڑی لانے میں عورتوں کی مدد کرتے تھے۔
مزید برآں باس ہیلتھ سینٹر اور سکول میں وقار عمل کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ تعاون کیا گیا۔ صحت کے مسائل کی وجہ سےبیمار ہونے والے آٹھ طلبہ کی سکول کے پرنسپل، صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم سیکو جامع اور احمدیہ مسلم کلینک بصّے کے ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان صاحب کی مدد سے فرسٹ ایڈ ٹیم نے اچھی طرح دیکھ بھال کی۔

تقریب کے اختتام پر تعلیمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ محنتی طلبہ اور ایگزیکٹوز کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ کانفرنس کا اختتام صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت دعائیہ تقریب سے ہوا جس کے بعد شاملین اور مردوں کی اجتماعی تصاویر بنائی گئیں۔

واپسی کے سفر کے لیے جب طلبہ بسوں میں سوار ہوئے تو جذباتی ہو گئے اور بہت سے لوگوں نے اس تقریب کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ہفتے کے دوران پیدا ہونے والے بھائی چارےکے احساس نے ایک دیرپا تاثر چھوڑا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر صاحب۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button