یورپ (رپورٹس)

سکاٹش پارلیمینٹ میں قیامِ امن کےليے ’’وائسزفارپیس‘‘ پروگرام کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے تحت مورخہ ۲۴؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز منگل سکاٹش پارلیمنٹ ایڈنبرا، سکاٹ لینڈ میں ‘‘وائسزفارپیس’’ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے انصاف اور دیرپا جنگ بندی کے بارے میں گفتگو کی گئی۔

مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ نے نومبر ۲۰۲۳ء میں اس پروگرام کا آغاز کیا، جس میں برطانیہ بھر میں کئی وائسز فار پیس تقاریب کی میزبانی کی گئی جس کا آغاز ۱۵؍نومبر۲۰۲۳ء کو ہاؤس آف کامنز سے ہوا۔ برطانیہ میں فلسطینی سفیر حسام زوملوٹ اور لبرل ڈیموکریٹس کے راہنما ایڈ ڈیوی نے تقریب میں شرکت کی۔ حالیہ مہینوں میں خدام الاحمدیہ نے ویلز اور شمالی آئرلینڈ کی پارلیمنٹس میں وائسز فار پیس تقاریب کا بھی انعقاد کیا۔
سکاٹش پارلیمنٹ میں منعقدہ تقریب میں سکاٹش پارلیمنٹ کے اراکین اور کونسلرز سمیت ۷۵؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں میںClare Adamson MSP, Lorna Slater MSP, Councillors Ross McKenzie اور Jule Bandel شامل تھے۔

تقریب کا آغاز جلیس احمد خان صاحب مربی سلسلہ کے تعارفی کلمات سے ہوا جس کے بعد فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نے تلاوت قرآن کریم اور اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ حاضرین کو دنیا بھر میں ’’وائسزفارپ‘‘ مہم کے تحت ہونے والے پروگرامز کے بارے میں ایک ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔ بعد ازاں مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ نے حاضرین سے مخاطب ہوکر کہا کہ قیام امن کے لیے مذہبی وسیاسی اختلافات سے قطع نظر ہم سب کو متحد ہونا چاہیے۔

اسی طرح اس اصول کی طرف کہ امن انصاف کا نتیجہ ہے توجہ دلاتے ہوئے مکرم ابراہیم اخلف صاحب سیکرٹری تبلیغ یوکے نے کہا کہ جب ہم ایک دوسرے کے حقوق مکمل انصاف کے ساتھ پورے کریں گے تب ہی ہم دنیا میں امن حاصل کر سکیں گے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک ویڈیو کلپ حاضرین کو دکھایا گیا جس میں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے امن کی اہمیت اور تیسری جنگ عظیم سے بچنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی اور عالمی راہنماؤں کو نہ صرف خطوط لکھے بلکہ ان سے بالمشافہ ملاقاتیں بھی فرما ئیں۔

تمام شاملین نے کارروائی کو دلچسپی سے سنا اور فوری جنگ بندی کی اہمیت اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر اتفاق کیا۔ بہت سے مہمانوں نے اس تقریب کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر بھی کیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا اور مہمانوں کی تواضع مشروبات سے کی گئی۔

(رپورٹ: ارشد محمودخاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button