افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ لائبیریا کے دسویں سالانہ نیشنل اجتماع، مجلس شوریٰ کا انعقاد

مکرمہ نصرت بشیر صاحبہ نیشنل جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ لائبیریا تحریر کرتی ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے لجنہ اماءاللہ لائبیریا کو اپنا دسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۱و۲۲؍ستمبر ۲۰۲۴ء کوشاہ تاج احمدیہ ہائی سکول منروویا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’نرم اور پاکیزہ زبان کا استعمال‘‘ تھا۔

قافلوں کی آمد: ۲۰؍ستمبر کو قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ ممبرات کو رجسٹریشن کارڈ جاری کیے گئے اور ان کی مقررہ رہائش گاہوں سے آگاہ کیا گیا۔ نماز مغرب و عشاءکے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ نشر مکررکے طور پر پراجیکٹر کی مدد سے سنوانے کا اہتمام کیا گیا۔

پہلا دن

۲۱؍ستمبر بروز ہفتہ:پہلے دن کا باقاعدہ آغاز نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد ’’معاشرے میں خواتین کا کردار‘‘ کے موضوع پر درس دیاگیا۔

افتتاحی اجلاس:صبح گیارہ بجےپرچم کشائی سے اجتماع کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔ معاً بعد مکرمہ عفت حلیم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ لا ئبیریا کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت اور عہد کے بعد خاکسار (جنرل سیکرٹری)نے سالانہ اجتماع کے موقع پر موصولہ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

منظوم کلام کے بعد مرکزی موضوع پرمکرمہHawa Kaba صاحبہ نے تقریر اور ناصرات نے نماز کے حوالہ سے ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ اجلاس کا اختتام نماز ظہر و عصر سے ہوا۔

دوسرا اجلاس:کھانے کے وقفہ کے بعد دوسرے اجلاس میں علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، تقریر اور کوئز جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ، ریلے ریس، بوری ریس اور سپون ریس شامل تھے۔ مغرب و عشاءنمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے بعد پہلے دن کی سرگرمیاں اپنے اختتام کو پہنچیں۔

دوسرا دن

۲۲؍ستمبر بروز اتوار:اجتماع کے دوسرے دن کا آغازبھی نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد ’’غیر اسلامی معاشرتی برائیوں سے بچاؤ کےليے ایک احمدی عورت کے اقدامات‘‘ پر درس دیا گیا۔ ناشتہ سے فراغت کے بعد ممبرات نے مارچ کی تیاری کے لیے سفید لباس اور لجنہ اماءاللہ صد سالہ جوبلی لوگو والے خصوصی سکارف اوڑھے۔ تبلیغی بینرز اٹھائے اور اجتماع گاہ کے اندر نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔ موسم کی خرابی اور شدید بارش کی باعث محدود پیمانہ پر مارچ ہوا۔

اختتامی اجلاس: صبح ساڑھے دس بجے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد ’’پردہ اور حیا دار لباس‘‘ نیز ’’ہم احمدی کیوں ہیں‘‘ جیسے اہمموضوعات پر تقاریر کی گئیں۔ اس اجلاس کی مہمان خصوصی مکرمہ مسز میمونہ شریف صاحبہ تھیں جو مکرمہ Gbessie Sonni Feika صاحبہ نمائندہ ڈسٹرکٹ 3 Grand Cape Mount کاؤنٹی کی معاون خصوصی ہیں۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ مہمان خصوصی کی خدمت میں ’’سیرت آنحضرتﷺ‘‘ اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتب بطور تحائف پیش کی گئیں۔ معاً بعد اجتماع کی رپورٹ پیش کی گئی اور پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔ دعا سے تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ نمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے بعد قافلوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوا۔

مجلس شوریٰ و انتخاب صدر لجنہ اماء اللہ: اجتماع کے دونوں دن ناشتہ سے فراغت کے بعدچھٹی نیشنل مجلس شوریٰ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں بجٹ و تجاویز پر بحث کے بعدآئندہ دو سال کے ليے صدر لجنہ کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ مجلس شوریٰ میں کُل ۷۲؍ممبرات نے شرکت کی۔

دستکاری و بک سٹال:اجتماع کی سرگرمیوں کے علاوہ ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کی طرف سے بک سٹال اور گھریلو استعمال کی اشیاء کےسٹالز بھی لگائے گئے۔ اس کے علاوہ چارٹس اور بینرز پر اقتباسات مبارکہ بھی آویزاں کیے گئے تھے جو ممبرات کی دلچسپی کا باعث بنے۔

حاضری:اس سال ۹؍کاؤنٹیز کی ۳۰۴؍ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات نے اجتماع میں شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

اللہ تعالیٰ تمام ممبرات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات کے عین مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

( مرسلہ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button