پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ سُرینام ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ سُرینام!

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ۴۳واں سالانہ جلسہ مورخہ ۲۰، ۲۱ و ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۴ءکو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب اس منفرد ومقدس اجتماع میں شامل ہو کر بےپناہ روحانی فوائد اور بے شمار برکتیں حاصل کریں۔

یہ بہت ضروری ہے کہ آپ جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے مقصد کو مکمل طور پر سمجھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِکلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے ليے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔ ‘‘ (اشتہار ۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجمو عہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

لہٰذا جلسہ مادی فوائد حاصل کرنے یا تفریح کی جگہ نہیں ہے بلکہ اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے اور اپنی اخلاقی اصلاح کرنے کی کوشش کا موقع ہے۔ اس حوالہ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں مزید یاددہانی یوں کروائی ہے: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘(اشتہار ۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجمو عہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

لہٰذا جلسہ کے دوران فضول باتوں میں ملوث نہ ہوں بلکہ مسلسل دعاؤں، استغفار اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درود بھیجنے میں مشغول رہیں۔ مختلف علمائےسلسلہ کی تقریروں کو توجہ سے سنیں، اسلام کی تعلیمات کے بارے میں اپنے علم اور فہم کو بڑھائیں اور اس طرح ہر قسم کی برکتیںحاصل کریں۔ اپنی تمام تر استعدادوں اور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنی روحانی حالت کو اس مقام تک بلند کرنے کی کوشش کریں جس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نےاپنی جماعت کے افراد سے کی تھی۔

میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہو جائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو قبول کر لیا ہے جن کی آمد کی پیشگوئی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود فرمائی تھی۔ بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہیے۔

یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں، خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیں تو آپ نہ صرف زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں بلکہ آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب بھی پیدا کرسکتے ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور و فکر کرتے رہنا چاہیے۔

میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی، اشاعت ِاسلام اور عالمی امن کا قیام بھی درحقیقت نظام خلافت سے ہی وابستہ ہے۔ لہٰذا میں آپ کو خلیفہ وقت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے اور ہمیشہ وفادار رہنے کی تلقین کرتا ہوں۔ میں ہر احمدی کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ وہ باقاعدگی سے ایم ٹی اے دیکھیں اور اس سے فائدہ اٹھائیں۔ خصوصی طور پر آپ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور دیگر مواقع پر بیان کی گئی باتوں پر بھی عمل کریں۔ دراصل ایم ٹی اے آپ کو خلافت کے ساتھ براہ راست اور ایک مستقل تعلق برقرار رکھنے کا موقع دیتا ہے۔

میں آپ کو تبلیغ کے حوالہ سے آپ کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتا ہوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔ تبلیغ کے لیے حکمت سے منصوبے اور اسلام احمدیت کے پُر امن اور محبت بھرے پیغام کو سرینام کے لوگوں تک پہنچانے کے مؤثر پروگرامز بنائیں۔ اللہ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق دے۔

آخر پر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنے ایمان مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ میں بہتری، نیک سلوک اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ آپ پر رحم کرے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button