از مرکز

مسجد فضل لندن کے سنگ بنیاد کے سو سال مکمل ہونے پر جماعت احمدیہ برطانیہ کے مختلف ریجنز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

ساؤتھ ویسٹ ریجن

ساؤتھ ویسٹ ریجن کی تقریب میں ۱۸؍مہمانوں سمیت کُل ۶۰؍افراد نے شرکت کی ۔ کارڈف شہر میں منعقدہ اس تقریب کے لیے ایک مقامی ہال میں اسلام اور احمدیت کے پیغام سے متعلقہ چند بینرز لگائے گئے تھے جبکہ ملحقہ ہال میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی بعض تصاویر کے ذریعہ اُن کے دورہ یورپ ۱۹۲۴ء کو اُجاگر کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں ایک مقامی پولیس افسر کے علاوہ مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والی دیگر سماجی شخصیات نےبھی شرکت کی۔

ریجنل امیر مکرم محمد نعمان صاحب کی زیر صدارت تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور اُس کے انگریزی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد شرکاء کو مسجد فضل لندن کے قیام اور اس سے متعلقہ تاریخی حقائق پر مشتمل دس منٹ کی ایک ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اورمکرم ریجنل امیر صاحب نے اس تقریب کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے بانی سلسلہ جماعت احمدیہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت مصلح موعودؓ کے بعض ارشادات کی روشنی میں یورپ میں اسلام و احمدیت کی ترویج کا ذکر کیا نیز خلافت کی ضرورت و اہمیت اور جماعت احمدیہ میں قیام خلافت کے بارے میں بھی مختصراً بتایا۔

ساؤتھ ویسٹ ریجن

بعد ازاں حاضرین کی خدمت میں پُرتکلف کھانا پیش کیا گیا جس میں موقع کی مناسبت سے خاص طور پر تیار کردہ ایک کیک بھی سویٹ ڈش کے طور پر رکھا گیا تھا۔ اس دوران احمدی احباب کی مہمانوں کے ساتھ یورپ میں پہلی احمدیہ مسجدکے قیام،اسلام اور احمدیت اور دَورِ خلافت خامسہ میں ہونے والی جماعتی ترقیات جیسےموضوعات پر گفتگو جاری رہی۔کھانے کے بعدتمام شرکائے تقریب نے ایم ٹی اے کے ذریعہ براہ راست نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب بھی سُنا اور دیکھا۔

آخر میں مکرم ریجنل امیر صاحب نے اس خوبصورت اور کامیاب تقریب کےانعقاد پر شاملین اور انتظامی رضاکاران کا شکریہ ادا کیاجس کے بعد مہمانوں کو رخصت کرتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے دورہ یورپ ۱۹۲۴ءکی تصاویرو تفاصیل پر مشتمل ایک خوبصورت کتابچہ بھی تحفۃً دیا گیا۔اس کے بعد تمام احباب جماعت نے نماز مغرب و عشاءباجماعت ادا کی اور یوں یہ خصوصی تقریب اختتام کو پہنچی۔

سکاٹ لینڈ ریجن

اس ریجن میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم کے بعد مسجدفضل کی تاریخ اور برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پہلی مسجدکے طور پر اس کی اہمیت اوراس کے مقام پر ویڈیو پریزنٹیشن سے ہوا۔ معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا گیا اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے اور سیاسی و سماجی شخصیات کومختصر اظہار خیال کی دعوت دی گئی جنہوں نے اپنی تقاریر میں پُرامن بقائے باہمی، رواداری اور اسکاٹ لینڈ کی کمیونٹیز کے درمیان مضبوط روابط بنانے میں جماعت احمدیہ اسکاٹ لینڈ کی خدمات کی تعریف کی۔ریجنل امیر مکرم ڈاکٹر عبدالحئی صاحب نے اپنے اختتامی خطاب میں مہمانوںو مقامی احباب جماعت کی اس تقریب میں شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں ایم ٹی اے کے ذریعہ مغرب میں اسلامی روشنی اور روحانی احیاء کی ایک صدی کے موضوع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست نشر ہونے والا خطاب حاضرین نے انتہائی دلچسپی سے سُنا اور دیکھا۔

سکاٹ لینڈ ریجن

اس ریجن میں صد سالہ تقریبات کے ایک حصے کے طور پرمسجد بیت الرحمان گلاسگو نے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا جس میں مختلف تصاویر، تاریخی دستاویزات اور آرٹ ورک کےذریعے مسجد فضل کی اہمیت اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے آج سے سو سال قبل برطانیہ کے تاریخی دورے کو اُجاگر کیا گیاتھا جبکہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے زائرین کو مسجدبیت الرحمٰن کا دورہ بھی کروایا گیا جس سےاُنہیں اسلام، احمدیہ عقائداور مقامی جماعت کی مذہبی وسماجی سرگرمیوں کے لیے ایک مرکز کے طور پر مسجد کے کردار کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کیا گیا۔

اس تقریب میں ۱۱۰؍افراد کی حاضری رہی جن میں ۴۳؍مہمان شامل تھے۔ کامیاب پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کی تواضع پُرتکلف کھانے سے کی گئی اور مہمانوں کو رخصت کرتے ہوئے اُنہیں تقریب کے موضوع کی مناسبت سے لٹریچر اور کتب کے تحائف بھی دیے گئے۔

مڈل سیکس ریجن

اس ریجن نے مسجد بیت الامان میں مسجد فضل کے حوالے سے صد سالہ تقریب کا انعقاد کیاجس میں ۱۴۶؍افراد بشمول ۷۰؍مہمانوں نے شرکت کی۔خصوصی طور پر تعینات استقبالیہ رضاکاران مہمانوں کو کار پارک سے رجسٹریشن ڈیسک تک لے جاتے اور پھر ریفریشمنٹ پیش کرنے کے بعد ملحقہ ہال میں لگائی گئی نمائش میں لے جاتے جہاں اُنہیں مختلف تصاویر، بینرز اور لٹریچر کے ذریعہ حضرت مصلح موعودؓ کے برطانیہ کے سفر،مسجد فضل کے سنگ بنیاد اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرتے۔

مڈل سیکس ریجن

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اُس کے ترجمہ سے ہوا۔ریجنل امیرمکرم سہیل احمد قریشی صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس تقریب کی غرض و غایت اور مقاصد بیان کیے۔ مرکزی طور پر تیار کردہ دس منٹ کی ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعہ مسجدفضل کے قیام اور تاریخی واقعات دکھائے گئےجس کے بعد مقامی ایم پیز، ڈپٹی میئرزاور مذہبی رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں صد سالہ تقریب کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کے ماٹو محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کے تناظر میں انسانیت کے لیے جماعتی خدمات کو سراہا۔آخر میں ریجنل امیر صاحب نے شاملین کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں تمام شرکا کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جس کے دوران مقامی احباب جماعت کے ساتھ تبادلہ خیال میں بھی مہمانوں کو جماعت احمدیہ کے عقائد اور مقاصد خلافت کوبہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔مہمانوں کو لٹریچر اور کتب کے تحائف بھی دیے گئے۔

ایسٹ ریجن

اس ریجن میں تقریب کا آغاز مکرم زکریا شیخ صاحب نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے کیا۔ریجنل امیر مکرم مبشر احمد صدیقی صاحب نے تمام شرکاء کو اس تقریب کے پس منظر سے آگاہ کیا۔ریجنل مربی سلسلہ مکرم ثمر احمد صاحب نےجماعت احمدیہ کا تعارف،مسجد فضل کی مختصر تاریخ اور اس کی اہمیت بیان کی جبکہ تین دیگر مہمان مقررین نے اس ضمن میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ایسٹ ریجن

بعد ازاں ایم ٹی اے پر براہ راست نشر کیے جانے والے حضور انور کے خطاب سے شاملین مستفید ہوئے۔اس موقع پر قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں نسخہ جات اور دیگر جماعتی کتب کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ ۳۴؍مہمانوں سمیت کُل ۱۲۰؍افراد شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو لٹریچر اور کتب کے گفٹ بیگز بھی دیے گئے۔

نارتھ ایسٹ ریجن

اس ریجن کی ہڈرز فیلڈ جماعت نے صدسالہ تقریب کے سلسلے میں اجتماعی طور پر نماز تہجدادا کی اور مقامی ٹاؤن سینٹر میں ایک تبلیغی اسٹال لگایا جہاں تقریباًایک سو لیف لیٹس تقسیم کیےاور دو عدد کتب بھی دی گئیں۔بعدازاں احباب جماعت نے اکٹھے بیٹھ کر حضور انور کے براہ راست خطاب کو دیکھااور سنا۔

نارتھ ویسٹ ریجن

اس ریجن کی تقریب میں ۱۶؍مہمانوں سمیت مجموعی طور پر ۵۲؍افراد نے شرکت کی جن میں دو مقامی کونسلرز بھی شامل تھے۔احباب جماعت اور زائرین کے لیے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جو ۳؍نومبر تک جاری رہی۔ مہمانوں کو لٹریچر اور کتب بھی دی گئیں۔بعض پڑوسیوں نے ایک لمبے عرصہ کے بعدجماعت سے رابطہ کیا اور اس تقریب میں شامل ہوئے۔

مڈ لینڈز ریجن

اس ریجن میں برمنگھم ویسٹ اور ڈڈلی جماعتوں کے زیر انتظام تقریب کا انعقاد ہوا جس کی صدارت ریجنل امیر مکرم سیّد امتیاز احمد صاحب نے کی۔ استقبالیہ خطاب کے بعد صد سالہ تاریخ کے حوالہ سے ایک مختصر ویڈیو دکھائی گئی۔بعد ازاں مختلف مہمان مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیاجس کے بعد مکرم عمران خالد صاحب مربی سلسلہ نے مسجد فضل سے متعلقہ تاریخی حقائق کے بارے میں تفصیل بیان کی۔اس تقریب میں مقامی احباب جماعت کے علاوہ ۲۹؍ مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر شرکا کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور مہمانوں کو رخصت کرتے ہوئے لٹریچر اور کتب کے تحائف بھی دیے گئے۔اس دوران ایک نمائش کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

مڈ لینڈز ریجن

اس ریجن کی جماعت لیسٹرنے بھی مسجد بیت الاکرام میں اوپن ڈے کا اہتمام کیا جس میں ۲۲؍پڑوسیوں اور Neighbourhood Policingکے نمائندگان نے مسجد کا دورہ کیا اور صد سالہ نمائش دیکھنے کےدوران اسلام، احمدیت اور خلافت احمدیہ کے بارے میں مختلف سوالات کیے جن کے تفصیلی جواب دیے گئے۔ مہمان خواتین کے لیے ایک حجاب اسٹینڈ بھی لگایا گیا تھا جس میں انہوں نے گہری دلچسپی دکھائی۔

(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button