یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام تیسرا نیشنل تبلیغ سیمینار کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ جرمنی کو قیادت تبلیغ کے زیر اہتمام تیسرا نیشنل تبلیغ سیمینار مورخہ ۲۶و۲۷؍اکتوبر بروز ہفتہ و اتوار مسجد بیت الواحد، Hanauمیں منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس تبلیغ سیمینار میں جرمنی کی مجالس اور علاقوں سے پہلے دن کی حاضری ۳۵۰؍اور دوسرے دن ۳۱۰؍انصار پر مشتمل رہی۔ لائیو سٹریم کے ذریعہ تبلیغ سیمینار کی دو دنوں کارروائی دیکھنے والوں کی کُل حاضری دو ہزار ۱۰۰؍انصار رہی۔ تبلیغ سیمینار کا پہلا دن تین نشستوں جبکہ دوسرا دن دو نشستوں پرمشتمل تھا۔ انصار کی آمد پر ان کی رجسٹریشن کرنے کے ساتھ ساتھ ناشتہ کا بھی اہتمام تھا۔ دُور شہروں سے آنے والے انصار بھائیوں کے ليے رہائش کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

افتتاحی تقریب و نشست اول: افتتاحی تقریب کا آغاز زیر صدارت مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی ہفتہ کی صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے ہوا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں تبلیغ سے متعلق ارشادات بیان کرتے ہوئے انصار اور داعیان الیٰ اللہ کو تبلیغ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد مکرم حفیظ اللہ بھروانہ صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے ’’صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کا تبلیغ کا شوق وجذبہ‘‘ اور مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے ’’تبلیغ کے متعلق آنحضرتﷺ کے عملی نمونے‘‘ کے موضوعات پر لیکچرز دیے۔ پہلے لیکچر کے بعد مورخہ ۲۵؍اکتوبر۲۰۲۴ء کے پروگرام ’This Week With Huzoor‘ میں سے تبلیغ سے متعلق ایک حصہ شاملین کو دکھایا گیا۔ نشست کے آخر پر محفل سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں مربیان کرام نے احباب کے سوالات کے جواب دیے۔

نشست دوم:نمازوں اور کھانے کے وقفے کے بعد سیمینار کی دوسری نشست کا آغاز مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر اول کی زیر صدارت دعا کے ساتھ ہوا۔ ’گروپ ورک‘ کے عنوان سے اس پروگرام میں علاقہ کی سطح کی انصار ٹیموں نے شرکت کی۔ ’’خلافت-امن عالم کا ضامن‘‘کا موضوع ناظمین اعلیٰ علاقے کو پہلے سے بھجوایا ہوا تھا۔ ۱۸؍میں سے ۱۰؍علاقوں کی ٹیموں نے تیاری کے ساتھ شرکت کی۔ یہ پروگرام مکرم حبیب الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ کی زیرنگرانی منعقد ہوا۔

اس پروگرام کے بعد مکرم ڈاکٹر طیب شہزاد صاحب قائد تبلیغ نے اپنے نائبین کے ساتھ ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں قیادت تبلیغ کے لائحہ عمل ۲۰۲۴ء کی کارکردگی دکھائی گئی جس میں فلائرز کی تقسیم، تبلیغی میٹنگز کا احوال، پوسٹر اور داعیان الیٰ اللہ کے بارے میں معلومات شامل تھیں۔

نشست سوم:پہلے دن کی تیسری اور آخری نشست کا آغاز شام پونے پانچ بجے ہوا۔ اس نشست کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم حبیب الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ نے سلسلہ کی ان کتب کے بارے میں آگاہی دی جن کا جرمن زبان میں ترجمہ ہوچکا ہے اور شاملین سیمینار کو بتایا کہ یہ کتب تبلیغ کے میدان میں کیسے کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے آج کے دن کا آخری لیکچر دیا جو آنحضورﷺ کے تبلیغی واقعات سے مزین تھا۔ اختتامی دعا کے بعد پہلے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔

دوسرا دن مورخہ ۲۷؍اکتوبر بروز اتوار: دوسرے دن کا آغاز صبح نماز تہجد و فجر کی ادائیگی سے ہوا جس میں دیگر شہروں سے آنے والے انصار اور مقامی احباب بھی شامل ہوئے۔ سیمینار کا آغاز صبح دس بجے مکرم ظفر احمد ناگی صاحب کی زیرصدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعداس نشست کی ابتدا ’گروپ ورک‘ سے ہوئی جو ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہی۔ اس پروگرام میں مجلس Niddaنے تبلیغ سے متعلق اپنی مثالی کاوشوں سے شرکائے سیمینار کو آگاہ کیا۔ اسی طرح علاقہ فرینکفرٹ سٹی نےPlakat Aktionen پوسٹر مہم پر مبنی اپنی رپورٹ پیش کی اور ساتھ ہی اپنے طریق کار سے متعلق بھی مفید باتوں کی آگاہی دی۔ اسی پروگرام میں ایک ترک احمدی بھائی نے اپنے احمدی ہونے کا ایمان افروز واقعہ سنایا جس کا ترجمہ بھی پیش کیاجاتا رہا۔ گروپ ورک کے اختتام پر صدر اجلاس نے حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے سلسلہ کے ارشادات کی روشنی میں انفرادی تبلیغ جیسے امور پر روشنی ڈالی۔

اختتامی تقریب:تبلیغ سیمینار کی اختتامی تقریب ساڑھے گیارہ بجے مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے شروع ہوئی۔ بعدازاں مکرم جری اللہ صاحب مربی سلسلہ و جنرل سیکرٹری جرمنی نے عصر حاضر میں اسلام پر حملے، اس پر سوالات اور اعتراضات کے مدلل جواب پریزنٹیشن کی صورت میں دیے۔ سیمینار کی آخری تقریر مکرم فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی ’’دور حاضر اور جماعت احمدیہ جرمنی کی ترقیات اور وقت کی ضرورت‘‘ کے موضوع پر تھی جس میں آپ نے تبلیغ کے میدان میں کی گئی جماعت احمدیہ کی مساعی اور ترقیات کے بارے میں آگاہی دی۔ نیز پریزنٹیشن کے ذریعے اسلام سے متعلق سوالات کے جواب پر مبنی ویڈیو کلپس بھی دکھائے۔ سیمینار کا آخری پروگرام کوئز تھا جس میں دو دنوں میں کی گئی تقاریر سے منتخب شدہ سوالات آن لائن پوچھے گئے جس میں شاملین کو مقررہ وقت میں جواب دینا ہوتا تھا۔ پانچ احباب نے سب سے زیادہ درست جواب دے کر پہلی پانچ پوزیشنز حاصل کیں۔ اس کے بعدمکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے اختتامی کلمات کہتے ہوئے تمام شرکاء، مقررین اور مربیان کرام کا شکریہ ادا کیا اور دعا کرائی۔ اس کے ساتھ نیشنل تبلیغ سیمینار اختتام کو پہنچا۔ دعا کے بعدنیشنل تبلیغ کمیٹی اراکین کا صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا۔

(رپورٹ: منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button