حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سیّدنا امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۵؍ نومبر۲۰۲۴ء میں عزیزم شہریار راکنگ شہید ولد محمد عبداللہ وہاب صاحب آف بنگلہ دیش کی شہادت کا ذکر فرمایا اور بعد ازاں شہید مرحوم کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو صفحہ اوّل)

٭… لبنان میں اسرائیلی فورسز کے حالیہ فضائی حملوں میں طبی عملے کے بارہ کارکنوں سمیت ۵۹؍افراد شہید اور ۱۸۲؍زخمی ہو گئے۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر تیدروس نے لبنان کے شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے اب نیا معمول بنتے جا رہے ہیں۔ لبنان میں ہونے والے حملے میں طبی عملے کے بارہ کارکن شہید ہوئے تھے۔یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری مسلسل عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر یورپی بلاک کے اسرائیل کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کردینے چاہئیں۔

٭…حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم کا کہنا ہے کہ اگر غزہ جنگ بندی کی کوئی تجویز پیش کی جاتی ہے اور اسرائیل اس کا احترام کرتا ہے تو حماس جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔ باسم نعیم نے کہا ہے کہ حماس غزہ جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے امریکی انتظامیہ اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت پر حملے بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ان کا کہنا ہے کہ ثالثوں کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ اگر غزہ میں مکمل جنگ بندی، اسرائیلی فوج کے انخلا، بے گھر فلسطینیوں کی واپسی، قیدیوں کے تبادلے، غزہ میں انسانی امداد کی رسائی پر مشتمل تجویز پیش کی جاتی ہے تو جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔

٭…اسرائیلی فوج نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن پر فضائی بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیلی فضائی حملوں نے بیروت کے جنوبی علاقوں کو مسلسل پانچویں روز نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فورسز نے لبنان پر فضائی بمباری کا آغاز ۲۳؍ستمبر کو کیا جبکہ زمینی کارروائی یکم اکتوبر سےشروع کردی تھی۔

٭… ایرانی وزارت خارجہ نے نیو یارک میں ایلون مسک کی ایرانی سفیر سے ملاقات کی تردید کردی۔ ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایلون مسک کی ایرانی سفیر سے ملاقات کی جھوٹی خبر امریکی میڈیا نے پھیلائی۔واضح رہے کہ امریکی میڈیا کی خبروں میں کہا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن کشیدگی کم کرنے کےلیے نومنتخب صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی ایلون مسک نے ایرانی سفیر سے ملاقات کی ہے۔

٭…بھارتی ریاست منی پور میں ہنگاموں کے بعد شہر امپھال میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ سات اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔ پرتشدد ہنگامے چھ لاپتہ افراد میں سے تین کی لاشیں ملنے کے بعد شروع ہوئے۔ مظاہرین نے دو وزراء اور تین ارکان پارلیمنٹ کے گھروں پر بھی دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین نے دو بچوں سمیت تین افراد کے مبینہ قتل کے خلاف مختلف اضلاع میں مظاہرے کرتے ہوئے تین وزراء اور چھ ایم ایل ایز کے گھروں پر دھاوا بولا۔بھارتی حکومت نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

٭…چین کے ایک ووکیشنل سکول میں چاقو حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور ۱۷؍زخمی ہوگئے۔ چاقو زنی کا واقعہ جیانگ سو صوبے کے ایک ووکیشنل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی میں پیش آیا۔پولیس بیان کے مطابق ملزم کو جائے وقوعہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق اسی کالج سے ہے اور اس کے اقدام کی وجہ امتحان میں ناکامی، گریجوایشن سرٹیفکیٹ نہ ملنا اور انٹرن شپ معاوضے سے عدم اطمینان تھی، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button