افریقہ (رپورٹس)عالمی خبریںکچھ جامعات سے

مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اور طالب علم کا اعزاز:تکمیلِ حفظ قرآن

(شاہد محمود احمد (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا))


خدا تعالیٰ کے فضل سے  مورخہ ۲۳نومبر ۲۰۲۴بروز ہفتہ مدرسۃ الحفظ کے ایک طالبعلم عزیزم عبد الرشید الحسن نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔الحمدللہ۔اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و سلسلہ کے لیےمبارک فرمائے اور بچے کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔آمین۔

عزیزم۵فروری ۲۰۰۹کوگواسو(Goaso)گھانا میں پیداہوئے اور پانچویں کلاس مکمل کرنے کے بعد مدرستہ الحفظ میں داخل ہوئے۔

عزیزم نے یکم نومبر ۲۰۲۱سے قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا اورتین سال ۲۳دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ الحمد للہ۔ عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانےسے قبل یسرنالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت ان کے والد محترم ادریس الحسن صاحب کو ملی۔محترم ادریس الحسن صاحب کاسوا(Kasoa) گھانا کی سی پی جماعت کے امام مسجد ہیں- 

 بحیثیت استاد مورخہ ۲۳نومبر کو مکرم حافظ مبشر احمد جاوید صاحب نے ان سےآخری سبق سناجس کے بعد تمام طلبہ اور اساتذہ نے اس نئے حافظ قرآن کو مبارکباد دی۔اس خوشی کے موقع پر عزیزم نے اپنے جیب خرچ سے تمام طلبہ میں جوس اور بسکٹ تقسیم کیے۔ عزیزم پڑھائی کے ساتھ ساتھ فٹبال کےبہت اچھے کھلاڑی ہیں اور مدرسۃ الحفظ کی فٹبال ٹیم کے کپتان ہیں نیز مدرسۃالحفظ میں طلبہ کی کھیلوں کے نگران بھی ہیں۔مستقبل میں عزیزم جامعہ کی تعلیم مکمل کر کے بطور مربی سلسلہ خدمت دیں کا جذبہ  رکھتے ہیں۔

مدرسۃ الحفظ کے آغاز(مارچ ۲۰۰۵ء) سے اب تک اس ادارے سے ۹۲طلباء قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں ۔ الحمدللہ۔ اس وقت مدرسۃالحفظ میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد۳۲ ہے۔ان طلبہ کا تعلق گھانا ، گنی بساؤ اور پاکستان سے ہے۔ 

احباب کی خدمت میں  دعا کی درخواست ہے  کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلبہ کو تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کرنے، اسےہمیشہ یاد رکھنے، اس پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو سکھانے  کی توفیق عطا فرمائے نیز ہم سب کوخلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ قرآن کریم کی بہتر ین رنگ میں میں خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button