افریقہ (رپورٹس)

مجلس شوریٰ مجلس انصار اللہ سیرالیون کا انعقاد

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سیرالیون کو مورخہ ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ مسجد بیت السبوح، کِسی ڈاکیارڈ فری ٹاؤن میں مجلس شوریٰ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

دُور کے ریجنز سے ممبران شوریٰ کی آمد کا سلسلہ مورخہ ۲۵؍اکتوبر کی شام کو شروع ہو گیا تھا۔ گذشتہ سالوں میں مجلس مشاورت کا انعقاد نیشنل اجتماع کے ساتھ ہی کیا جاتا تھا۔ لیکن اس سال مرکز کی ہدایات کے مطابق علیحدہ انتظام کیا گیا۔

مورخہ ۲۶؍اکتوبر کو صبح ساڑھے چار بجے نماز تہجد اور پونے چھ بجے نماز فجر ادا کی گئی جس کے بعد مولانا منیر حسین صاحب نے درس قرآن کریم دیا۔ بعدازاں انصار صبح کی سیر کے ليے باہر تشریف لے گئے اور سیر مکمل کرنے کے بعد واپس آکر ناشتہ کیا۔ صبح نو بجے شاملین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی تھی۔

افتتاحی اجلاس:شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب نیشنل صدر انصار اللہ سیرالیون کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور عہد سے شروع ہوئی۔ مکرم صدر صاحب نے دعا کے بعد اپنی افتتاحی تقریر میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور خلفائےکرام کے ارشادات کی روشنی میں نظامِ شوریٰ کاتعارف کروایا اوراس کے مقاصدو اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس کے بعد مجلس مشاورت کے ليے منظور شدہ تجاویز پیش کیں جن میں سالانہ بجٹ کے علاوہ ہر ناصر کے قرآن کریم سیکھنے کے ليے بہتر ذرائع، انصار اللہ کے چندہ جات میں تمام انصار کی شمولیت کے ليے کوشش، انصار اللہ کے ليے ٹرانسپورٹ، زراعتی فارمز اور قبرستانوں کا نظام مزید بہتر بنانے کی تجاویز شامل تھیں۔ ان تجاویز کے ليے پانچ سب کمیٹیاں بنا دی گئیں اور انہیں اپنے الگ الگ اجلاس کرنے کی ہدایت کی گئی۔ مکرم حسن تیجان صاحب قائد مال نے سال ۲۰۲۴ء کے بجٹ کا جائزہ اور پھر ۲۰۲۵ء کا بجٹ پیش کیا۔

نماز ظہر تک مقررہ وقت کے بعد سب کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس دینی شروع کیں جس دوران نماز ظہروعصر اور دوپہر کے کھانے کے ليے وقفہ کیا گیا۔ اس کے بعد شوریٰ کی کارروائی جاری رہی۔ نمائندگان شوریٰ نے کثرت رائے سے شوریٰ کی تجاویز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں منظوری کے لیے بھیجنے کی سفارش کی اور یوں رائے شماری کے بعد شام چار بجے پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

اختتامی اجلاس: مکرم امیر صاحب کی زیرِصدارت اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان کا کام محض شوریٰ میں شامل ہونا نہیں بلکہ اپنی جماعتوں تک ان پیغامات کو پہنچانا اور عمل کروانا بھی ہے اور وہ پورے سال کے لیے نمائندے ہوتے ہیں۔ اختتامی دعا سے پہلے آپ نے انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس طرح یہ بابرکت شوریٰ اپنے اختتام کو پہنچی۔

امسال مجلس شوریٰ میں ملک کے تمام ریجنز سے ۱۶۹؍نمائندگان کو شرکت کی سعادت ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button