امریکہ (رپورٹس)

پریری ریجن، کینیڈا کی واقفات نو کا اجتماع اور لجنہ اماءاللہ کے زیر اہتمام بین المذاہب سیمینار کا انعقاد

واقفاتِ نو پریری ریجن کااجتماع

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے واقفات نو پریری ریجن، کینیڈا کو امسال اپنا سالانہ ریجنل اجتماع مورخہ ۱۹؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز ہفتہ مسجدبیت الرحمت، سسکاٹون میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔ اس اجتماع میں مکرمہ نادیہ محمودملک صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ کینیڈا اور آپ کے ساتھ نیشنل سیکرٹری صاحبہ تعلیم اور نیشنل سیکرٹری صاحبہ ناصرات نے شرکت کی۔ نیشنل صدرصاحبہ کا پریری ریجن کا یہ پہلا دورہ تھا۔

ونی پیگ مجلس کی سسکاٹون سے دُوری کی وجہ سے واقفاتِ نَو اوران کی ماؤں نے آن لائن اس علمی و روحانی مجلس سےاستفادہ کیا۔ اجتماع کاسارا ایجنڈا نیشنل شعبہ وقف نو سےموصول ہوا تھا۔ پریزنٹیشنز بہت معلوماتی اور عصر حاضر کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی تھیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیمتی نصائح پرمبنی ویڈیو کلپس شاملین کےایمان و ایقان میں اضافے کا باعث بنتے رہے۔

مکرمہ نیشنل صدر صاحبہ کی صدارت میں اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اجتماع کا آخری حصہ ماؤں کےليےمختص تھا جس میں نیشنل صدرصاحبہ نے ’اسلام کی خوبصورت تعلیمات کی روشنی میں تربیت اولاد‘ کی طرف خاص توجہ دلاتے ہوئے ماؤں کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےخطبات وخطابات سننے اور خلافت سے اطاعت و وفا کا حقیقی تعلق قائم کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ اس کے بعد واقفات نو اور ان کی ماؤں کو مکرمہ صدر صاحبہ سے مختلف سوالات کرنے کا موقع ملا۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا جس کے معاً بعد تمام شاملین نے نماز مغرب باجماعت اداکی اور تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس ریجنل اجتماع میں کُل حاضری ۳۴۵؍رہی جن میں مائیں، ۱۴؍سال سے بڑی اورچھوٹی عمر کی واقفات نو اور ۷؍سال سےچھوٹی عمرکےبچے اوربچیاں شامل تھے۔

پریری ریجن کا چھٹا بین المذاہب سیمینار

اگلے روز مورخہ ۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز اتوار لجنہ اماء اللہ پریری ریجن کو اپنا چھٹا سالانہ بین المذاہب سیمینار مسجد بیت الرحمت، سسکاٹون میں ’’مذہب کی رُو سے مصائب اور تکالیف کی حقیقت‘‘ کےموضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس پروگرام کا باقاعدہ آغازمہمان خصوصی مکرمہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی صدارت میں بعد از دوپہر قریباً چار بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ پروگرام کی ماڈریٹر منیٰ خان صاحبہ نے تمام مہمان مقررین کا تعارف کروایا اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ معاہدہ اراضی کا اعتراف کی تحریر نائلہ چودھری صاحبہ نے پڑھ کر سنائی۔ بعد ازاں پریری ریجن میں لجنہ اماءاللہ کی سال بھر میں ہونے والی تبلیغی مساعی اور خدمت خلق کے تحت ہونے والی سرگرمیوں پرمبنی رپورٹ کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ اس کے بعد مختلف مذاہب کے نمائندگان نے اپنی اپنی مذہبی تعلیمات کی روشنی میں اس تقریب کے مرکزی موضوع پر سیر حاصل تقاریر کیں۔ اس پروگرام میں پانچ مذاہب، ہندوازم، سکھ ازم، عیسائیت اور کینیڈا میں رہنے والے سب سے پہلے باشندوں (اینڈیجنس کمیونٹی) کےنمائندہ کومدعو کیا گیا تھا۔ اسلام احمدیت کی نمائندگی ڈاکٹر نائلہ انور صاحبہ نے کی۔

مقررین کی تقاریر کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ جماعت احمدیہ کی جانب سےنیشنل صدر صاحبہ اور ڈاکٹر نائلہ انور صاحبہ نےجواب دیے۔ تمام مقررین نے اپنی اپنی تقاریر کے دوران اس پروگرام کے انعقاد اور انہیں پروگرام میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔

پروگرام کی اختتامی تقریر میں نیشنل صدر صاحبہ نے اسلام کی خوبصورت اور زندہ و جاوید تعلیمات، بانیٔ اسلامﷺ کے اسوۂ حسنہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات کی روشنی میں تقریب کے مرکزی موضوع پر نہایت موٴثر اور جامع انداز میں روشنی ڈالی اور تمام مقررین، مہمانان گرامی اور انتظامیہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔

اس پروگرام میں کُل حاضری ۱۲۰؍تھی جس میں ۴۰؍غیر ازجماعت مہمان بہنیں شامل تھیں۔ اس سیمینار میں سکول ٹیچرز، پرنسپل، Superintendent، اورسوشل ورکرز کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی عورتوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام کے ساتھ ہی غیر ازجماعت بہنوں کی طرف سے بہت سے پیغامات ملنے شروع ہوگئے جن میں انہوں نے نہ صرف پروگرام کوبہت سراہا بلکہ مستقبل میں ایسے مزید پروگرامز منعقد کر نے کی درخواست بھی کی۔

سیمینار کے بعد پریری ریجن کی طرف سے لجنہ اماءاللہ کے ہال کےساتھ ملحقہ لابی میں قرآن نمائش اور ’’اکتوبر اسلامی ورثہ کا مہینہ‘‘ کی مناسبت سے بنائے گئے پوسٹرز سے تمام مہمانانِ گرامی بہت محظوظ ہوئے۔ اس نمائش کی قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس میں جماعت احمدیہ کی قرآن کریم کی خدمات، اشاعت، تراجم، نمائش اور دیگر کاموں کا تذکرہ بھی کیا گیا تھا۔ حیادار لباس اورحجاب پرمبنی نہایت معلوماتی پوسٹرزبھی مستورات کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ بعد ازاںتمام مہمانوں کی خدمت میں کھاناپیش کیا گیا اورنمائندگانِ مذاہب کوتحائف پیش کیے گئے۔

اللہ تعالیٰ سب کارکنات کوجزادے اوراس تبلیغی جلسے میں شامل ہونے والوں کے ليےدُور رس نتائج ظاہرفرمائے۔ آمین

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ نائب ریجنل صدرپریری، سسکاٹون، کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button