پیغام حضور انور

سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ کینیڈا 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

پیاری ممبرات لجنہ اماء اللہ کینیڈا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقدکرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ اسے ہرلحاظ سے کامیاب اوربابرکت فرمائے۔آمین

مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے ۔میں اس موقعہ پر آپ کو چندضروری نصائح کرناچاہتاہوں۔

اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے اس زمانہ میں خلافتِ احمدیہ کا قیام فرمایاہے۔آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ اس سے وابستہ ہیں اور اس کی برکات سے متمتع ہورہی ہیں ۔اس عظیم الشان نعمت پر خداتعالیٰ کا شکراداکرتی رہیں۔ہمیشہ اس حبل اللہ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں ۔ ایم ٹی اے کے ذریعہ خلیفۂ وقت کی نصائح کو باقاعدگی سے سناکریں اور ان پر عمل کی کوشش کریں ۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہرجگہ ایم ٹی اے کی سہولت موجود ہے ۔ لجنہ اماء اللہ کی ہرممبر کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو ایم ٹی اے سے جوڑ دے اور باقاعدگی سے اس کے پروگرام دیکھیں۔ کم ازکم اس بات کو یقینی بنائیں کہ میراخطبہ جمعہ اور خلیفۃ المسیح کے دیگرپروگرام ضروردیکھیں ۔اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ان کے بچے بھی بیٹھ کر یہ پروگرام ضروردیکھیں ۔

اسی طرح عورتوں کی اہم ترین ذمہ داری تربیت اولاد ہے ۔ مثلاًانہیں نمازوںکا پابند بنانا، تلاوت کی عادت ڈالنا ، انٹرنیٹ اوردیگربرائیوں سے بچانا، خلافت سے وابستگی کا درس دینا،ان کے اندرخدمتِ دین کا شوق پیداکرنا، بچیوں کو پردے اور حیادارلباس کا پابندبنانا ۔یہ تمام باتیںتربیتی نقطۂ نظرسے نہایت اہم ہیں جن کے لیےعملی اقدام اٹھانا آپ میں سے ہرایک کی اولین ذمہ داری ہے۔آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہے کہ بچوں سے عزت کے ساتھ پیش آؤ اور ان کی اچھی تربیت کرو۔

(سنن ابن ماجہ ،ابواب الادب)

ایک اور روایت ہے ،حضرت عبدالرحمان بن عوف بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ جس عورت نے پانچو ں وقت کی نماز پڑھی اوررمضان کے روزے رکھے اوراپنے آپ کو برے کام سے بچایا اور اپنے خاوند کی فرمانبرداری کی اور اس کا کہامانا ایسی عورت کو اختیار ہے کہ جنت میں جس دروازہ سے چاہے داخل ہوجائے۔(مسند احمد بن حنبل)

حضرت اماں جان رضی اللہ عنھا نمازوں کی بڑی پابندتھیں ۔آپ اپنے اردگرد دوسروں کوبھی نمازپڑھنے کی نصیحت کرتیں۔ ایک خاتون کہتی ہیں کہ میں اپنی بچی کی پیدائش کے بعد حضرت اماں جان رضی اللہ عنہا کی خدمت میں لے کر حاضر ہوئی ۔اوربھی خواتین موجودتھیں۔نمازکے وقت آپ نمازپڑھنے تشریف لے گئیں۔ واپس آکر ہم سے نمازکاپوچھا توہم نے کہا بچے نے پاخانہ وغیرہ کیاہوگا۔آپ نے فرمایا بچوں کے بہانے نمازضائع نہ کیاکرو۔ بچے خداکاانعام ہوتے ہیں ۔کبھی خداکی عبادت سے غافل نہ ہو۔جس طرح بچے کی خاطر تم نمازیں چھوڑ رہی ہو وہ بڑاہوکرتمہارے لئے زحمت بن جائے گا۔لڑکاہے تو بری صحبت میں پڑ جائے گا لڑکی ہوتو معاشرہ سے متاثرہوکر گھرسے بغاوت کرنے والی بن جائے گی۔

یادرکھیں کہ بہترین ذریعہ تربیت کا نماز ہے۔نماز عبادت کا مغز اور بہترین وظیفہ ہے ۔پس اگرآپ کی اولاد کو نمازوں کی عادت پڑگئی تویہ برائیوں میں نہیں پڑیں گے ۔

پھر عورتوں کو اسلام نے پردہ کرنے کی تعلیم دی ہے ۔عورت کی حیااس کا حیادار لباس ہے۔عورت کا تقدس اس کے مردوں سے بلاوجہ کے میل جو ل سے بچنے میں ہے ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
یہ زمانہ ایک ایسا نازک زمانہ ہے کہ اگر کسی زمانہ میں پردہ کی رسم نہ ہوتی تو اِس زمانہ میں ضرورہونی چاہیے تھی کیونکہ کل جُگ ہے اور زمین پر بدی اور فسق وفجور اور شراب خوری کا زورہے اور دلوں میں دہریہ پن کے خیالات پھیل رہے ہیں۔ اور خداتعالیٰ کے احکام کی دلوں میںسے عظمت اٹھ گئی ہے ۔زبانوں پر سب کچھ ہے اور لیکچربھی منطق اور فلسفہ سے بھرے ہوئے ہیں مگر دل روحانیت سے خالی ہیں ۔ایسے وقت میں کب مناسب ہے کہ اپنی غریب بکریوں کو بھیڑیوں کے بنوں میں چھو ڑ دیاجائے۔

(لیکچر لاہور۔روحانی خزائن جلد 20 صفحہ 174)

پس پردہ کی خودبھی پابندی کریں اوراپنی بچیوں کے پردے اورحیادارلباس کا بھی خیال رکھیں تاکہ آپ معاشرتی برائیوں سے محفوظ رہ سکیں اوراپنے ماحول میں احمدیت کی تعلیم کا عمدہ نمونہ پیش کرسکیں ۔
اللہ کرے کہ آپ میں سے ہرایک خلافت سے اپنے تعلق کو مضبوط تر کرنے والی ہو۔ اپنے خاونداور بچوں کے حقوق اداکرنے والی اور ان کی صحیح تربیت کرنے والی ہو۔ان کو نیک ماحول میں پروان چڑھانے والی ہواور اس طرح ابدی جنتوں کی وارث ٹھہرے۔آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button