جلسہ سالانہ

مایوٹ آئی لینڈ کے دوسرے جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

نماز تہجد، درس القرآن ،تقریب پرچم کشائی اور مختلف موضوعات پر تقاریر

جلسہ سالانہ میں شاملین کی تعداد 210رہی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مایوٹ آئی لینڈ کو اپنا دوسرا جلسہ سالانہ مورخہ 20تا 21؍دسمبر 2019ءکو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

مایوٹ آئی لینڈ بحر ہند میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جو فرانس کے زیرِ انتظام ہے۔ یہ فرانس کے زیرِ انتظام واحد جزیرہ ہے جہاں سب سے زیادہ یونی 95% مسلمان بستے ہیں۔ جن کی اکثریت سلافی فرقہ سے تعلق رکھتی ہے۔ مایوٹ آئی لینڈ میں 2015ء میں باقاعدہ جماعت احمدیہ کے مشن کا آغاز ہوا جبکہ 2009ءمیں MTA 3 کے ذریعہ یہاں احمدیت متعارف ہو چکی تھی۔ آج مایوٹ آئی لینڈ میں 200سے زائد احمدی موجود ہیں۔

مایوٹ آئی لینڈ کے جلسہ کی تیاری 3ماہ قبل شروع کردی گئی تھی۔ ہال کی بکنگ کروانے کی کوشش کی گئی لیکن مایوٹ آئی لینڈ میں مخالفت کی وجہ سے ہال دینے سے انکار کردیاگیا۔ لہٰذاجماعت کو موجودہ نماز سینٹر میں جلسہ منعقد کرنا پڑا۔

الحمدللہ اس جلسہ کی تیاری میں سب مرد حضرات نے بہت اخلاص و دلچسپی سے حصہ ڈالا۔ ماریشس جماعت سے بھی ایک ٹیم اس کی تیاری کے لیے چند روز قبل تشریف لائی تھی۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

جلسہ سالانہ کے پہلے روز دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد درس القرآن دیا گیا۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز جمعة المبارک سے ہوا جو امیر جماعت احمدیہ ماریشس محترم محمد حینف مسلم صاحب نے پڑھایا جس کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 2 قسم کے کھانے تیار کیے گئے ۔ مقامی جس میں کساوہ ، پلینٹین کیلا، مچھلی وغیرہ شامل تھی اور پاکستانی پلاؤ وغیرہ۔

کھانے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی اور پھر پہلے دن کی کارروائی کا آغازتلاوت قرآن مجید سے ہوا جو معاذ احمد صاحب نے کی ۔اس کے بعدلوکل احمدی بکر سندی صاحب جنرل سیکرٹری مایو ٹ آئی لینڈ نے اردو زبان میں نظم پڑھی۔ جلسہ کی پہلی تقریر امیرصاحب جماعت ماریشس نے کی جس میں انہوں نے شاملین جلسہ کو خوش آمدید کہا اور جلسہ کے مقاصد بیان کیے۔ امیر صاحب کی تقریر کے بعد ہمارے پیارے امام حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کو شاملین جلسہ نے سنا۔ اس خطبہ کا ترجمہ براہِ راست پہلی مرتبہ لوکل زبان Shimaoré (جو سواحیلی سے ملتی ہے )میں کیا گیا۔
پہلے دن کی دوسری تقریر مایوٹ آئی لینڈ کے لوکل معلم استاد زید صاحب نے کی جو کہ مایوٹ آئی لینڈ کے پہلے احمدی بھی ہیں اور جامعة المبشرین گھانا سے اپنی تعلیم مکمل کر کے آئے ہیں۔موصوف نے لوکل زبا ن میں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں جس کے ساتھ پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد فجر ادا کی گئی اور درس القرآن ہوا۔

دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جو محترم یوسف احمد نے کی جس کے ساتھ فرانسیسی اور مقامی زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی کلام میں سے چند اشعار پڑھے گئے۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر نیشنل صدر جماعت ومبلغ سلسلہ مایوٹ آئی لینڈ مکرم اسامہ عمر جوئیہ صاحب نے فرنچ زبا ن میں کی جس کا عنوان ‘محمد ﷺ۔امن کے سردار’ تھا۔ دوسری تقریر استاد زید صاحب نےلوکل زبان میں ہستی باری تعالیٰ پر کی۔ اس کے بعد نیشنل سیکرٹری مال صاحب رابیون یوسف صاحب نے مالی قربانی کی اہمیت پر تقریر کی ۔ اس کے بعد نمازِ ظہرو عصر ادا کی گئیں جس کے ساتھ یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

اختتامی اجلاس: اختتامی اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن کریم سےشروع ہوئی جو لوکل معلم سعید اسیاندی صاحب نے کی۔جس کا ترجمہ د و زبانوں میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مایوٹ آئی لینڈ کے اطفال نے اردو زبان میں ایک ترانہ پیش کیا۔

بعد ازاں سعید اسیاندی صاحب نے ‘خدا کی محبت کامیابی کی کنجی ہے’ کے عنوان پر ایک تقریر پیش کی۔ اس کے بعد ماریشس آئی لینڈ کے لوکل مربی مکرم لبید غلام علی صاحب نے تقریر کی جن کا عنوان تھا ‘اسلام ایک کامل مذہب’۔

آخر پر مکرم امیر صاحب ماریشس نے اختتامی تقریر کی جس میں ‘اسلام کی خوبصورت تعلیم’پر روشنی ڈالی۔

الحمدللہ مایوٹ آئی لینڈ کے دوسرے جلسہ میں شاملین کی کل تعداد 210؍تھی جن میں 107 مرد حضرات اور 103 خواتین شامل تھیں۔

(رپورٹ: منیر احمد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مایوٹ آئی لینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button