یورپ (رپورٹس)

ترک احمدی احباب و خواتین کا تبلیغی و تربیتی ریفریشر کورس

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

شعبہ تبلیغ جرمنی کے زیر انتظام جرمنی میں رہائش پذیر ترک احمدی احباب و خواتین کا سالانہ تربیتی و تبلیغی ریفریشر کورس مورخہ 14؍دسمبر بروز ہفتہ مسجد بیت الواحد Hanauمیں منعقد ہوا جس میں جرمنی بھر سے 28 مردوں اور 28 ترک خواتین نے شرکت کی۔ ریفریشر کورس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں حضور انور کی اجازت سے آذربائیجان کے صدر جماعت و مبلغ مکرم اطہر محمود نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں ترکی میں کام کرنے والے مبلغ سلسلہ مکرم صادق احمد بٹ صاحب ، صدر انصار اللہ ترکی Mr. Kubilay Cil اور معلم جماعت عثمان شکر ترکی سے تشریف لائے۔ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جمعہ سے شروع ہوگیا تھا جن کے طعام وقیام کی ذمہ داری ریجن Hanauکے ذمہ تھی۔

ہفتہ کی صبح ریفریشر کورس کی افتتاحی تقریب مبلغ سلسلہ ڈاکٹر عبد الغفار صاحب کی صدارت میں شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم عثمان شکر نے کی۔ مکرم ڈاکٹر عبد الغفار صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں برکات خلافت پر اظہار خیال کیا۔ مکرم محمد احمد راشد مبلغ سلسلہ نے جرمنی میں ترک ڈیسک کی تفصیلات بیان کیں۔ جس میں اجلاسات کے علاوہ ہر ہفتہ کی شام کو راہ ہدیٰ کی طرز پر پیش کیا جانے والا لائیو پروگرام، کتب کے تراجم اور دوستوں میں باہمی اخوت و محبت کے فروغ کے لیے ذاتی رابطے بڑھانے کی تفاصیل پیش کیں۔ صدر صاحب انصار اللہ ترکی نے ‘مسیح کے آنے کا مقصد’ جیسے اہم موضوع پر تقریر کی۔
وقفہ کے دوران نمازِ ظہر و عصر ادا کی جس کے ساتھ ترک مخلص احمدی دوست مکرم چنگیز ورلی (Warli)صاحب کی والدہ کی نمازِ جنازہ غائب ادا کی گئی۔ ان کی والدہ مکرمہ خدیجہ ورلی کی وفات 29؍ نومبر کو ہوئی ہے اور تدفین ترکی میں کی گئی۔

آذربائیجان میں کیونکہ ترکی زبان بولی جاتی ہے اس لیے ترکی جماعت اور آذربائیجان میں تبلیغی تعاون بڑھانے کے حوالے سے نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے مشاورتی اجلاس بھی کیا۔

نمازِ عشاء کے بعد عشائیہ کا اہتمام تھا۔ جس میں مہمانوں کے علاوہ Hanau ریجن اور حلقہ کے احباب بھی مدعو تھے۔ اس موقع پر مہمانوں اور مبلغین سلسلہ نے مختصر تقاریر کیں۔ ریجنل امیر مکرم مبارک احمد چٹھہ اور حلقہ کے صدر مکرم احمد حسنی جنجوعہ نے خدمت کا موقع دینے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد سب نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔ کھانے کے اختتام پر ترک روایات کے مطابق مہمانوں کے طعام و قیام میں مدد کرنے والے کارکنان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ چنانچہ کارکنان کے آنے پر سب سے نام بنام تعارف حاصل کیا اور میر مجلس نے سب ترک احباب و خواتین کی طرف سے مزے دار کھانے کھلانے اور خدمت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ بیت السبوح کے بعد بیت الواحد اپنی وسعت کی بدولت مرکزی تقریبات کا مرکز ٹھہرا ہے۔ جماعت اور ذیلی تنظیموں کی میٹنگز، سیمینارز ، ورکشاپس اور تربیتی کلاسز کا انعقاد یہاں ہر ہفتہ کا معمول ہے۔ جس میں ممبران جماعت Hanau کو خدمات بجا لانے کی توفیق ملتی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button