ایشیا (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کا اکیالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع اور مجلس مشاورت

(نوید احمد لیمون۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کو اپنا اکیالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ 14،13اور15دسمبر 2019ء کو بنگلہ دیش کے مرکز ڈھاکہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی وورزشی مقابلہ جات نیز تلقینِ عمل پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے انصار نے استفادہ کیا۔

اس اجتماع میں نماز باجماعت کی بروقت ادائیگی کی طرف خصوصی توجہ دی گئی۔ اجتماع کے لیے وفود کی آمد کا سلسلہ 12 دسمبر بروز جمعرات سے شروع ہو گیا تھا۔ ملک کے تمام اضلاع و مجالس سے انصار تشریف لائے۔

سالانہ اجتماع کے پہلے روز کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ صبح ساڑھے نو بجے پر چم کشائی کی تقریب سے اجتماع کا افتتاح ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش جناب الحاج احمد تبشیر چوہدری صاحب نے لوائے انصار اللہ جبکہ مکرم نیشنل امیر صاحب جناب الحاج مولانا عبد الاوّل خان چوہدری صاحب نے بنگلہ دیش کا جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، قومی ترانہ، نظم اور عہد دہرانے کے بعد مکرم چیئرمین اجتماع کمیٹی جناب الحاج نذیر احمد صاحب نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور تمام انصار کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے اور نظم و ضبط کا خیال رکھنے کی تلقین کی۔ بعد ازاںمولانا فیروز عالم صاحب بنگلہ ڈیسک یو کے نے تقریر کی۔ موصوف نے مجلس انصار اللہ کے قیام کی اغراض اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ نیز تبلیغ کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ اس کے بعد کلکتہ جماعت کے سابق امیر جناب ظفر احمد صاحب نے اپنے تاثرات بیان کیے اور ایک نظم پیش کی۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش نے تقریر کی۔ موصوف نے حاضرین کو دعا کرنے اور درود پڑھنے کی اہمیت بتاتے ہوئے ان کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم صدر مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش نے سب شاملین کو خوش آمدید کہا اور تمام انصار کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ آخر پر محترم نیشنل امیر صاحب نے دعا کروائی۔

نماز جمعہ کے بعد تعلیمی و علمی مقابلہ جات شروع ہوئے (یہ مقابلہ جات اجتماع کے دوسرے روز تک جاری رہے)شام 7بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سب نے سنا۔

دوسرا روز

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز حسبِ روایت نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ آج انفرادی و اجتماعی ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جن میں سب انصار نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ اجتماع کے تیسرے روز یعنی مورخہ 15؍دسمبر دو پہر تک جاری رہا۔ نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد اجلاس عامہ اور تربیتی اجلاس (تلقینِ عمل)منعقد ہوا۔

تیسرا روز

اجتماع کے تیسرے روز بھی دن کا آغاز نماز تہجداورنماز فجرکی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ دو پہر تک سارے مقابلہ جات مکمل ہو گئے تھے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تین بجے اجتماع کی اختتامی تقریب و تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس میں تلاوت قرآن اور نظم کے بعد سیکرٹری صاحب اجتماع کمیٹی جناب سرور مرشد نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد قائد عمومی اور قائد مال نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش اور مولانا فیروز عالم صاحب نے تقاریر کیں۔ بعد ازاں مکرم صدر مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش نے اختتامی تقریر کی اور علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی دعا سے پہلے عہد دہرائے گئے۔

امسال اجتماع میں رجسٹریشن کے مطابق کل970؍انصار نے103؍ مجالس سے شرکت کی۔

سالانہ مجلسِ شوریٰ مجلس انصاراللہ کا انعقاد

سالانہ اجتماع کے بعد مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کی سالانہ مجلس شوریٰ مورخہ 15؍ اور 16؍ دسمبر کو منعقد ہوئی۔ اس میں صدر مجلس انصار اللہ اور صدر مجلس برائے صف دوئم کا انتخاب بھی ہوا۔ دو روزہ مجلس شوریٰ میں 332 نمائندگان شوریٰ اور 4؍زائرین نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس انصار اللہ ‏بنگلہ دیش کو علم و عرفان میں بڑھائے اور اسے صحیح معنوں میں احمدیت کا خادم بنائے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button