افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے مکینی ریجن میں احمدیہ مسلم ریڈیوFM107.7 کی نشریات کا باقاعدہ آغاز

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

اللہ تعالی کے فضل سے سیرا لیون میں احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاؤن اور احمدیہ مسلم ریڈیو بو ایک لمبے عرصہ سے اعلائے کلمۃ اللہ و تبلیغ اسلام کے کاموں میں مصروف ہیں۔ اسی کام کی اہمیت اور ضرورت کے پیشِ نظر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سےمکینی ریجن میں احمدیہ ریڈیو کے آغاز کا منصوبہ بنایا گیا۔ اس ضمن میں مکرم عبدالحئی ناصر صاحب سیکرٹری سمعی و بصری سیرالیون و انچارج احمدی مسلم ریڈیوز اور ان کی ٹیم نے حکومتی منظوری، مشینری کی خریداری اور تنصیب کا کام مکمل کیا۔ ریڈیو کی انسٹالیشن کے لیے تمام مشینری اٹلی سے منگوائی گئی۔گو کہ یہ ایک لمبا اور مشکل کام تھا مگر بالآخر اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے تمام مراحل بخیر و خوبی انجام پائے اور دسمبر2019ءمیں مشینری کی تنصیب کے بعد ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا آغاز کیا گیا۔

مورخہ2جنوری2020ءسے احمدیہ مسلم ریڈیو نے اپنی باقاعدہ نشریات کا آغاز ہستی باری تعالیٰ کے عنوان سے ایک براہ راست پروگرام سے کیا۔

ریجنل مبلغ مکرم طاہر احمد فرخ صاحب ریڈیوکی نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس سے قبل اس علاقے میں کوئی بھی مسلم ریڈیو کام نہیں کررہا تھا جبکہ بعض عیسائی ریڈیو کافی عرصے سے فعال تھے۔ نشریات کے آغاز پر بہت سے سامعین نے بذریعہ ٹیلیفون احمدیہ ریڈیو کے اجرا کو سراہا اور مبارک باد پیش کی۔ اس سلسلے میں ملکی ٹیلی ویژنSLBC نے خصوصی تعاون کیا اور اپنے ٹاور پر ہی ہمارے ریڈیو کا سیٹ اَپ لگانے کی اجازت دی۔ احمدیہ مسلم ریڈیو کی نشریات مکینی شہر اور اس سے ملحقہ 70مربع کلومیٹر کے علاقہ کو کوَر کریں گی اور اندازاً پانچ لاکھ سے زائد افراد اس سے روزانہ مستفید ہوسکیں گے۔

ان شاء اللہ ہر جمعہ کے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ انگریزی ترجمہ کے ساتھ بھی براہ نشر کیا جائے گا جو کہ اس ریڈیو کے قیام کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ یہی خطبہ دوران ہفتہ مقامی زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ بھی نشر کیا جائے گا۔ ان شاءاللہ۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعتِ احمدیہ سیرالیون کا کاوشوں کو قبول فرماتے ہوئے ان میں برکت رکھ دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. اللہ تعالیٰ کا سراسر فضل و احسان ہے کہ وہ جماعت احمدیہ مسلمہ کو دنیا بھر میں اسلام کا امن پسند پیغام پہنچانے کی توفیق دے رہا ہے ۔ اللہ کرے کہ جلد جلد دنیا اسلام کی آغوش میں آکر اپنے پیدا کرنے والے کی طرف رجوع کرے اور اپنے مقصد پیدائش کو جان جائے ۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button