امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ یو ایس اے کی انصار لیڈر شپ کانفرنس

(سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ)

مجلس انصار اللہ یو ایس اے ہر سال ایک لیڈر شپ کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے۔ چند سال قبل شروع ہونے والا یہ سلسلہ اب تک خدا تعالیٰ کے فضل سے بڑی کامیابی کےساتھ چل رہا ہے۔

مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ عمران حیٔ صاحب نے بتایا کہ انصار لیڈر شپ کا نفرنس دراصل مجلس انصار اللہ کے ریفریشر کورس کا دوسرا نام ہے ۔ اس میں زعماء اور خصوصاً ان زعماء کی جنہیں پہلی دفعہ کام کرنے کی سعادت مل رہی ہے ان کی ذمہ داریوں کی طرف رہنمائی کی جا تی ہے ۔نیز اس موقعے پر قائدین اور زعماء مل کر بیٹھتے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کام کے طریق کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مجلس ِ شوریٰ کی منظور شدہ تجاویز عمل در آمد کرنے کے لیے سفارشات کا جائزہ لینا بھی اس کانفرنس کا ایک جزو ہے ۔

امسال یہ لیڈر شپ کانفرنس مسجد بیت العطا ء اٹلانٹا جارجیا میں 11اور12 جنوری 2020ء کو منعقد ہوئی۔
ہر دو دن کا پروگرام نمازِ تہجد اور نمازِ فجر با جماعت نیز درس سے ہوا۔ مکرم ناصر بخاری صاحب زعیم اعلیٰ انصار اللہ گریٹ لیکس نے بتایا کہ امسال اس کانفرنس کا مرکزی خیال یا موضوع ‘‘نماز کی اہمیت ’’ تھا چنانچہ یہ دیکھا گیا کہ کس طرح انصار اللہ میں مزید بہتر طور پر نماز باجماعت کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔

اس کانفرنس میں بہت ساری ورکشاپ بھی منعقد ہوئیں۔ قائدین نے اپنے اپنے شعبہ جات کے بارے میں زعماء کو تعارف کروایا۔ سوال و جواب کے ذریعہ بھی زعماء کے کاموں میں وسعت پیدا کرنے کی بابت رہ نمائی کی گئی ۔

کانفرنس کے آخری دن مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے تمام نیشنل عاملہ کے ممبران اور زعماء کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے نیز اپنی اپنی مقامی جماعت میں باہمی تعاون سے کام کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

مکرم حماد احمد صاحب مربی سلسلہ نے بھی انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
مکرم ناصر بخاری صاحب نے مزید بتایا کہ امسال علم انعامی بالٹی مور کی مجلس کو دیا گیا نیز یہ کہ اٹلانٹا مجلس کو پہلی دفعہ اس کانفرنس کا انعقاد کروانے کی توفیق حاصل ہو رہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزا دے۔ آمین
اس کانفرنس میں اپنے شعبہ جات کے متعلق ہدایات دینے والوں میں نائب صدر مجلس انصار اللہ ، قائد اشاعت،قائد تجنید ، آڈیٹر ، قائد مال، قائد تبلیغ ، قائد عمومی، قائد تربیت اور قائد تعلیم و دیگر شامل تھے ۔
اللہ تعالیٰ ان سب کو بہترین رنگ میںحضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات کے مطابق کام کرنے کی توفیق دے اور سب کو صحیح معنوں میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سلطان نصیر بنائے ۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button