پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ یوگنڈا 2020ء کے موقعے پر حضور انور کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

پيارے ممبران احمديہ مسلم جماعت یوگنڈا

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے خوشی ہے کہ آپ اپنا 32واں جلسہ سالانہ11،10اور12؍جنوری2020ء کو منعقد کر رہے ہيں۔ ميری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسے کو اعلیٰ کاميابی سے نوازے۔ اللہ کرے کہ تمام شاملين اس سے اعلیٰ روحانی فيض حاصل کرنے والے ہوں اوربھلائي، نيکي و تقويٰ ميں بڑھنے والے ہوں۔

آپ کو يہ بات مد نظر رکھنی چاہيے کہ حضرت مسيح موعود عليہ الصلوٰة والسلام ک بيعت ميں آنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے برکتوں اور نعمتوں ميں سے ايک جلسہ سالانہ کا قيام ہے۔ يہ اس ليے ہے کيونکہ يہ منفرد اجتماع ہميں اپنے روحاني اور اخلاقی معياروں کو بہتر کرنے، دلوں کو پاک کرنے اور اپنے علم کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہم تقویٰ ميں بڑھنے والے ہوں اور اس طرح زيادہ بہتر رنگ ميں خدا تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے والے ہوں۔

جلسے کے دنوں کے دوران آپ کو دنیا کی محبت بکلی چھوڑ کر خدا تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ترجیح دینے اور اپنے خالق کو پانے کی کوشش کرنی ہو گی۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے ایسے لوگوں سے ناراضگی کا اظہار فرمایا ہے جو اِس نیت سے جلسہ میں شامل نہیں ہوتے اور پھر اس کے مطابق اپنے اعمال کی بھی اصلاح نہیں کرتے۔ چنانچہ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:

’’میں ہرگز نہیں چاہتا کہ حال کے بعض پیرزادوں کی طرح صرف ظاہری شوکت دکھانے کے لیے اپنے مبائعین کو اکٹھا کروں بلکہ وہ علّت غائی جس کے لیے میں حیلہ نکالتا ہوں اصلاح خلق اللہ ہے‘‘

(شہادۃ القرآن، روحانی خزائن جلد 6، صفحہ 395)

پس میں آپ کو تاکیدکرتا ہوں کہ جلسہ کی کارروائی کے دوران، وقفوں میں اور راتوں کو کثرت سے اللہ کو یاد کریں اور دعائیں کریں۔ اور یہ عہد کریں: ’اے اللہ! ہم اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا قیام نیک ارادوں کے تحت، تیری خاص نصرت اور علم سے ہوا ہے۔ ہم اس جلسہ میں اس غرض سے شامل ہو رہے ہیں تاکہ تیری رضا پا سکیں، تیرے ذکر میں بڑھنے والے ہوں اور تیری محبت حاصل کر سکیں۔ ہمیں وہ تمام برکات عطا فرما جنہیں تو نے اس جلسہ سے وابستہ کر رکھا ہے۔ اور ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جس کا تو نے ارادہ کیا اور جس کے لیے تو نے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے خادم کو اس دنیا میں بھیجا تاکہ ہم حقیقی رنگ میں اس کی بیعت کر سکیں۔‘

جلسہ کے ان تین دنوں کے بعد آپ کو دنیاوی معاملات کی طرف لوٹنا ہوگا۔ تاہم، جلسہ میں شامل ہونا آپ کےلیے تب ہی فائدہ مند ہوسکتا ہے اگر دین کو دنیا پر مقد م کرتے چلے جائیں گے۔ ہر حال میں دین کو ترجیح دینی ہوگی اور ہمیشہ یہ یاد رکھنا ہوگا کہ ہر احمدی کے چہرہ کے پیچھے احمدیت کی، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اور اسلام کی عزت ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے جلسہ کو بے شمار کامیابیوں سے نوازے اور آپ سب کو اس کی کارروائی سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطافرمائے ، آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے مطیع و فرمانبردار رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائے جو نیکی ، تقویٰ اور اسلام اور بنی نوع انسان کی خدمت میں بڑھانے والی ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button