یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فرانس کے زیر اہتمام چودھویں بین المذاہب کانفرنس بعنوان: ’’مذہب میں عبادت، دعا اور ذکر و فکر کا مقام، اہمیت اورطریق‘‘

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کو ہر سال بین المذاہب کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملتی ہے۔ اس پروگرام کی بدولت احباب جماعت کے عمومی رابطے بہتر ہورہے ہیں، مختلف مذاہب کے لیڈروں سے تعلقات بڑھ رہے ہیں نیز جماعت کےتعارف میں بھی وسعت پیدا ہو رہی ہے۔

امسال پیرس ریجن بین المذاہب کانفرنس 12؍جنوری بروز اتوار مرکزی مسجد،مسجد مبارک میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا موضوع:‘مذہب میں عبادت،دعا اورذکر و فکر کا مقام، اہمیت اور طریق’تھا۔

اس کانفرنس کے انعقاد کی ذمہ داری شعبہ تبلیغ کے سپرد تھی۔ مہمان خواتین کے لیے محترمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فرانس کی نگرانی میں ایک ٹیم بھی موجود تھی۔

کانفرنس کےروز ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر جمع کی گئیں۔ دو بجے مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی۔ پروگرام کا آغاز مسجد مبارک میں زیر صدارت مکرم امیر صاحب فرانس ہوا۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض مکرم ڈاکٹر طلحہ رشید صاحب مدیر فرنچ ریویو آف ریلیجنز نے بخوبی ادا کیے۔ تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ کے بعد جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف اور بین المذاہب کانفرنس کے حوالہ سے بانی جماعت احمدیہ اور عالمگیر جماعت ہائے احمدیہ کی مساعی کا ذکر کیاگیا۔ نیز خلافت احمدیہ کے زیرِ سرپرستی دنیا میں قیام امن اور خدمت انسانیت کی مساعی کو بھی بیان کیا گیا۔ ساتھ ساتھ سکرین پر سلائیڈز بھی دکھائی جارہی تھیں۔

نمائندگانِ مذاہب کی تقاریر:امسال مختلف مذاہب کے آٹھ مہمان مقررین نے شرکت کی جن کے نام ہیں:مکرم Gaura Bakta صاحب (Haré Krishna)، مکرم Lambrou Thierry صاحب (Sri Lankan Budhist Centre)، مکرمEric Goslan صاحب (یہودی مذہب )، مکرم Sosthène Makita صاحب (Evangelicچرچ )، مکرم Bekram Jeet Singh صاحب (سکھ مت) اور مکرم Vénérable Thich Minh Dinh صاحب (Vetmanianبدھ مت )۔

اس کے بعد علاقہ کے مقامی عیسائی پادری مکرم Pierre Machenaud کو بھی کانفرنس میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔

آخر پر اسلام کی نمائندگی میں مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مبلغ انچارچ فرانس نے تقریرکی۔ موصوف نے قرآن و حدیث کی روشنی میں عبادات سے متعلق اسلامی تعلیم پیش کی۔ نیز اس حوالہ سے اسوۂ نبویﷺ بیان کیا۔مزید برآں نماز و دعا اور اس کے ثمرات کے متعلق حضرت مسیح موعود ؑ کے ارشادات بھی پیش کیے۔
مذہبی رہنماؤں کی تقاریر کے بعد مہمانان خصوصی کو مدعو کیا گیا۔ ان مقررین نے بین المذاہب مکالمہ اور باہمی امن اور بھائی چارے کے لیے جماعت احمدیہ کی قابلِ ستائش مساعی کا ذکر کیا۔ اور معیاری انتظام کے ساتھ کانفرنس کے انعقاد اور انہیں مدعو کرنے پر جماعت احمدیہ فرانس کا شکریہ ادا کیا۔

ان مہمانان خصوصی میں مکرم Jean-François Moulinet (نائب صدر عالمی امن فیڈریشن فرانس)، مکرم Brice Julien صاحب اور مکرم پاسٹر Jacob Jan صاحب (ایک چرچ کے انچارج ) شامل ہیں۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نے مختصر خطاب کیا اوراختتامی دعاکرائی۔تمام مقررین کو کتب کا تحفہ پیش کیا گیا اور ان کا ایک گروپ فوٹو بھی ہوا۔ بعد ازاں تمام شرکاء کی ریفریشمنٹس سے تواضع کی گئی۔ اس دوران باہمی گفتگو اور تبادلہ خیالات کا سلسلہ جاری رہا۔

اس کانفرنس میں غیر از جماعت شرکاء کی تعداد40 سے زیادہ رہی۔فیس بک پر اس کی تشہیر بھی کی گئی تھی اور7920 سے زائد افراد نے اس کانفرنس کے اعلان کو پڑھا۔ ان میں سے 190 نے مزید معلومات حاصل کرنا چاہیں۔ 28؍افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔کئی اَفراد نے یوٹیوب پراس کانفرنس کوبراہ راست دیکھا۔ اس کانفرنس کی ویڈیودیکھنے والے افراد کی تعداد میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button