از مرکزیورپ (رپورٹس)

مبلغین جماعت احمدیہ برطانیہ کا دوسرا سالانہ ریفریشر کورس

(عطاء المجیب راشد۔ امام مسجد فضل لندن)

مکرم عطاء المجیب راشد صاحب مبلغ انچارج یو کے تحریر کرتے ہیں کہ گزشتہ سال سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایت پر برطانیہ میں خدمت بجا لانے والے جملہ مبلغین کرام کا سالانہ ریفریشر کورس منعقد ہو رہا ہے۔ امسال 2019ء میں یہ کورس 22فروری سے یکم مارچ تک محمود ہال مسجد فضل لندن کی بالائی منزل میں منعقد ہوا۔ اس کورس میں امسال حضور انور کی خصوصی ہدایت پر نہ صرف مختلف ریجنزمیں خدمت کرنے والے مبلغین شامل تھے بلکہ جماعت یو کے کے مختلف دفاتر میں کام کرنے والے مبلغین بھی شامل ہو ئے ۔ جملہ اجلاسات خاکسارکی صدارت میں منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر کل 32مبلغین کرام نے اس کورس سے بھر پور استفادہ کیا ۔ الحمدللہ علی ذالک

کورس کا آغاز 22 فروری کو جمعۃ المبارک سے ہوا ۔ سب مبلغین نے حضور انور کا خطبہ جمعہ سننے کے بعد مسجد بیت الفتوح میں نماز جمعہ ادا کی ۔ اس کے بعد مسجد فضل لندن آکر کورس میں شامل ہوئے ۔ ریفریشر کورس کے لیے حضور انور کی ہدایت اور منظوری سے ایک بھر پور پروگرام تیار کیا گیا تھا جو وقت کی پابندی کے ساتھ اگلے جمعہ تک جاری رہا ۔

ہر روز پروگرام نماز تہجد ( انفرادی) ، نماز فجر ، سیر( 40 منٹ) ، تلاوت قرآن کریم اور ناشتہ کے بعد 9:00 بجے شروع ہو کر نمازوں اور کھانے و چائے نیز قیلولہ کے وقفہ سے رات آٹھ بجے تک جاری رہا ۔
اس ریفریشر کورس میں مجموعی طور پر 27 موضوعات پر مبلغین کرام اور دیگر علماء نے علمی تقاریر کیں ۔ ہر تقریر کے بعد سوال و جواب کا وقت رکھا گیا تھا ۔ ان موضوعات کی فہرست حسب ذیل ہے۔

•…مبلغین کے فرائض ۔ (تعلیم ۔تربیت۔ تبلیغ )،جماعت کا مالی نظام،انسانی ارتقاء،ریویو آف ریلیجنز کا تعارف، جماعتی نظام شوریٰ کا تعارف، ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات، جماعتی مطبوعات کا تعارف، وائس آف اسلام ریڈیو، جامعہ احمدیہ یوکے،وکالت تصنیف کے کام کا تعارف،مخزن تصاویر کی نادر تصاویر،صحت جسمانی کے اصول،کتب مسیح موعود ؑسے استفادہ کا طریق،قادیان دارالامان،مثالی مبلغ کے اوصاف، خلافت سے احمدیوں کا پیار،اخبار الحکم کا تعارف، وقف زندگی کے تقاضے،خلافت اور نظام جماعت کی اطاعت،شعبہ تبلیغ کا تعارف،جماعت میں ذیلی تنظیموں کا کردار،تحریک جدید اور وقفِ جدید،مساجد کے آداب،MTA۔ تبلیغ و تربیت کا ذریعہ،بیت الفتوح کا توسیعی پروجیکٹ،الفضل انٹرنیشنل کا تعارف،جماعتی انتخابات کے قواعدوضوابط۔ مزید برآں اقامۃ الصلوٰۃ، تبلیغ ، قانونی اور معاشی مسائل ، پریس اینڈ میڈیا ، عائلی مسائل ، نوجوانوں کی اصلاح ، مالی امور اور روزمرہ کے معاملات سے متعلق موضوعات پر پینل ڈسکشن ہوتی رہی۔

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک معیت میں
ریفریشر کورس میں شرکت کرنے والے مبلغین سلسلہ جماعت احمدیہ برطانیہ

ہر پینل میں موضوع کے ابتدائی تعارف کے بعد پینل کے ممبران نے مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ ہر موضوع پر پونے دو گھنٹے گفتگو کا سلسلہ جاری رہتا تھا۔

ریفریشر کورس کے دوران انفرادی مطالعہ کے لیےسیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیان کردہ تفسیر القرآن کے کچھ حصّے ، کتاب کشتی نوح اور الوصیت مقرر کی گئی ، ریفریشر کورس میں مبلغین کی حاضری کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا گیا۔

اس ریفریشر کورس کی سب سے اہم اور بابرکت بات یہ تھی کہ جملہ مبلغین نے 37نمازیں حضور انور کی اقتدا میں ادا کیں ۔ کورس کے دوران ہر نماز کی اذان دینے کی سعادت بھی مبلغین کو ملی ۔ فجر کے بعد درس القرآن ، ترجمۃ القر آن کی کلاس اور شام کو کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے درس کی سعادت بھی باری باری سب مبلغین کے حصہ میں آتی رہی۔ مبلغین کو دوبار خطبہ جمعہ سننے اور نماز جمعہ مسجد بیت الفتوح میں حضور انور کی اقتدا میں پڑھنے کی توفیق ملی۔

اس کورس کی سب سے اہم اور برکت کی بات یہ تھی کہ آخری روز حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے محمود ہال میں تشریف لاکر مختصر گفتگو کے بعد جملہ مبلغین کو اپنے ساتھ گروپ فوٹو کا اعزاز عطا فرمایا نیز سب مبلغین نے حضور انور سے مصافحہ کرنے کی بھی سعادت پائی ۔ حضور انور کی آمد سے تو ہر طرف عید کا سماں ہو گیا۔ فالحمد للہ علی ذالک

انتظامی سلسلے میں شعبہ سمعی و بصری یو کے نے بہت تعاون کیا ۔ اسی طرح ریفریشر کورس کے کمیٹی کے سب ممبران نے بہت محنت سے کام کیا ۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button