یورپ (رپورٹس)

لندن بُک فیئر میں جماعت احمدیہ یوکے کی کامیاب شرکت بُک فیئر کے مرکزی عنوان کی مناسبت سے بالخصوص انڈونیشین زبان میں جماعتی لٹریچر کی نمائش

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ یوکے کو امسال بھی لندن کے علاقہ اولمپیا میں 12تا 14 مارچ 2019ء کو منعقدہ 48ویںلندن بُک فیئر (London Book Fair)میں جماعتی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔5؍نومبر1971ءمیںلائبریرین کا ٹریڈ شو بنام Specialist Publications Exhibition For Librarians شروع ہوا جس کا مخفف(SPEX) ہے۔یہی ٹریڈ شو ترقی کرتا ہوا لندن بُک فیئر میں تبدیل ہو گیا۔

لندن کتاب میلے کا مقصد بین الاقوامی کتب کی نمائش کے علاوہ کتب کی تجارت کو فروغ دینا ہے۔ کتب اور رسالوں کی طباعت کے ساتھ ساتھ یہ میلہ آڈیو ،فلم ،ٹی وی اور ڈیجیٹل چینلز میں مواد کی فروخت اور تقسیم کے لیے ایک عالمی مارکیٹ بھی ہے۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہر سال 100سے زائد ممالک سےتعلق رکھنے والے لوگ اسے اپنے ذاتی شوق کی بنا پر دیکھنے یا اپنے کاروبار کے لیے مفید معلومات حاصل کرنے اور پبلشرز سے مشورے کرنے کے لیے آتے ہیں۔

امسال لندن بُک فیئر کا مرکزی عنوان Indonesiaتھا۔چنانچہ جماعتی سٹال کے لیے انڈونیشین ڈیسک یوکےکے زیر انتظام خاص طور پر انڈونیشین زبان میں جماعتی لٹریچر کے ذریعہ جماعت احمدیہ مسلمہ کی پُر امن تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مکرم محمود مبارک صاحب سیکرٹری اشاعت انڈونیشیا ،مکرم Mochamad Sutrisna Sahib لیکچرار جامعہ احمدیہ انڈونیشیا اور مکرم سید طہٰ انور صاحب کو انڈونیشیا سے مدعو کیا گیا۔ مکرم محمود واردی صاحب انچارج انڈونیشین ڈیسک یوکےکے ساتھ ان احباب نے زائرین کو انڈونیشین زبان میں جماعتی لٹریچر کا تعارف کرایا۔ جماعتی سٹال میں انڈونیشین کتب کی نمائش کے لیے الگ سے جگہ مختص تھی۔

دنیا کے حالات کے پیشِ نظرحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب‘‘عالمی بحران اور راہ امن’’World Crisis and the Pathway to Peaceکے نئے ایڈیشن کوامسال بطور مرکزی کتاب متعارف کروایا گیا۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے حالیہ دورہ امریکہ میں بیان فرمودہ خطابات کا مجموعہ ایک کتاب بعنوان A Message for Our Timeشائع ہوا ہے۔ اس کتاب کو بھی مفت تقسیم کیا گیا۔ان دو کتابوں کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم،کتب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام، کتب خلفائے احمدیت ، علمائے سلسلہ کی کتب اور بچوں کے لیے کتب رکھی گئیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے زمانہ سے جاری شدہ رسالہ Review of Religions کے لیے بھی سٹال میں ایک جگہ مختص تھی جس میں تازہ شمارہ اورگزشتہ شمارے مفت دیے گئے۔زائرین نےاس میں بھی خاص دلچسپی ظاہر کی ۔

اس سہ روزہ کتاب میلے میں ہزاروں افرادجماعتی سٹال پر آئے اور اسلام احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے بارہ میں معلومات حاصل کیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی کتاب World Crisis and the Pathway to Peaceکے عنوان پر چار صفحات پر مشتمل بروشر اورجماعتی کتب کی Catalogue پر مشتمل ایک گفٹ پیک (Gift Pack)تقریباً 200 سے زائد مہمانوں کو دیا گیا ۔مزید برآں اسلام انٹرنیشنل پبلیکیشنز اور کتاب World Crisis and the Pathway to Peaceکے تعارف کے لیے دن میں 2 پریزنٹیشنز ہوئیں۔ مکرم ارشد احمدی صاحب سیکرٹری اشاعت یوکے،مکرم اکرم احمدی صاحب نائب امیر یو کے،مکرم ولید احمد صاحب چیف لائبریرین آفتاب خان لائبریری، مکرم عدیل شاہ صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکےاور مکرم دانیال کاہلوں صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یو کے نے یہ پریزنٹیشنز دیں۔

لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے ان پریزنٹیشنز میں شرکت کی اور انتظامیہ سے تبادلۂ خیالات میں آئندہ بھی دوران سال جماعت کے دوسرے پروگراموں میں شامل ہونے کے لیے دلچسپی ظاہر کی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب ‘‘عالمی بحران اور راہ امن ’’ کے حوالہ سے کئی لوگوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے۔

ترکی سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی نےمختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کے 5 سیٹ خریدے اور مزید تراجم قرآن کریم کے سیٹ خریدنے کی خواہش بھی ظاہر کی جو انہیں پچھلے سال نہیں مل سکے تھے۔اسی طرح انگریزی ترجمہ قرآن کریم اور کتب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام بالخصوص اسلامی اصول کی فلاسفی اور مسیح ہندوستان میں خریدنے کی طرف یوکے کی ایک کمپنی نے خاص طور پر دلچسپی ظاہر کی جو ہندوستان میں بھی بڑی تعداد میں کتب تقسیم کرتی ہے۔

اس بک فیئر کی تیاری اور اسے کامیاب بنانے کے لیے رضاکاروں کی ایک بڑی ٹیم نے نہایت محنت اور اخلاص کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ نیز اور زیادہ لوگوں کو جماعتی کتب سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ: ارشد احمدی۔ سیکرٹری اشاعت یوکے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button