یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے تحت واقفین نَو کی پہلی تربیتی کلاس ( Waqfe Nau Retreat)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقف نو مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کو اپنی پہلی تربیتی کلاس (Retreat) مورخہ 22 تا 23؍ فروری 2020ء اسلام آباد، ٹلفورڈ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا مقصد واقفین نو کو وقف کی اہمیت اور اس کی برکات کے بارہ میں آگاہ کرنا تھا۔

نیشنل سطح پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں واقفین نو نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کے مطابق کیرئیر کونسلنگ حاصل کی ۔مزید برآں وقف نو ہونے کی اہمیت کے بارے میں مختلف نوعیت کے اجلاسات کا انعقاد کیا گیا۔ وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل واقفین زندگی نے اپنے اپنے ذاتی تجربات سے اور زندگی وقف کرنے کے طریق سے شاملین کو آگاہ کیا ۔ اسی طرح پینل میں موجود واقفین کے ساتھ ایک سوال و جواب کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

23؍فروری 2020ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ گلشن وقف نو خدام کی کلاس ہوئی جس میں اس تربیتی کلاس میں شامل ہونے والے واقفین نو خدام نے بھی حصہ لیا۔

اس تربیتی کلاس کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے افتتاحی اجلاس سے ہوا جس کی صدارت مکرم لقمان احمد کشور (انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ) نے کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ جماعت احمدیہ کے کن کن شعبوں میں واقفین نو کی ضرورت ہے اور یہ کہ انہیں کون سے میدانوں کو اختیار کرنا چاہیے۔

افتتاحی اجلاس کے بعد وقف نو سکیم سے متعلق ایک ویڈیو واقفین نو کو دکھائی گئی۔ بعد ازاں ایک اوپن فورم کا انعقاد کیا گیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں واقفین نو کے کردار اور ذمہ داریوں پر شاملین اورپینل کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک واقفِ زندگی مکرم احمد فواد بھٹی صاحب کے ساتھ سکائپ کا ایک براہ راست ویڈیو سیشن منعقد ہوا جس میں احمد صاحب نے افریقہ میں واقفین زندگی کی خدمات کے متعلق تفصیلی معلومات دیں۔

اس کے بعد کیرئیر کونسلنگ کی غرض سے واقفینِ نو کو (عمر کے لحاظ سے)چار گروپس میں تقسیم کیا گیاتھا۔ 15سے 18 سال کی عمر کے واقفین نو نے جامعہ احمدیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں دو مربیان کرام سے گفتگو کی۔ طب کی تعلیم حاصل کرنے والے واقفین نو نے احمدیہ مسلم میڈیکل ایسو سی ایشن کے بعض ممبران کے ساتھ اپنی فیلڈ سے متعلق رہنمائی حاصل کی۔ 19تا23سال کے واقفین نو نے انفرادی کیرئیر کونسلنگ بھی حاصل کی۔ کیریئر کونسلنگ کے لیے متعدد ڈیسک تشکیل دیے گئے تھے جہاں مختلف فیلڈز سے تعلق رکھنے والے ماہرین واقفین نو کی رہ نمائی کے لیے موجود تھے۔ نیز ایسے واقفین نو جو پہلے ہی اپنے آپ کو جماعت کے لیے وقف کر چکے ہیں انہوں نے بھی جماعت کی خدمت کرنے کے حوالے سے واقفین نو کی رہ نمائی کی۔

نمازِ ظہر و طعام کے بعد TED TALKکی طرز پر ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کا نامIn the eyes of waqfenau رکھا گیا تھا۔ گفتگو کا یہ سلسلہ نماز عصر تک جاری رہا جس میں چار واقفین نو نے بتایا کہ وہ کس طرح جماعت کی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اس کے بعد ایک اجلاس مکرم عبد القدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے ساتھ منعقد ہوا جو نمازِ مغرب تک جاری رہا۔ بعد ازاںمکرم عابد وحید خان صاحب (انچارج پریس اینڈ میڈیاآفس) کے ساتھ بھی ایک اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے بعض ایمان افروز واقعات بیان کیے۔ عشائیہ کے ساتھ یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ واقفین نو کو تمام نمازیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمدللہ پروگرام میں ملک بھر سے 467؍واقفین نو خدام نے شمو لیت اختیار کی۔

(رپورٹ: مشرف احمد۔ معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button