حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 8، 5؍ اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.infoکی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,260,145؍ ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے68,433؍ اور 260,031؍ افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)

برطانیہ

برطانیہ میں Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں میں 621؍ کا اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ میں کل مریضوں کی تعداد 47,806 ہے اور4,934؍افراد اس بیماری سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ (بی بی سی)

چین سے 300وینٹی لیٹرز برطانیہ پہنچ گئے ہیں جبکہ برطانیہ میں تیار کئے جانے والے وینٹی لیٹرزجلد ہی دستیاب ہوں گے۔ کیبنٹ منسٹر مائیکل گوو کا کہنا تھا کہ جرمنی اور سوئٹزرلینڈ سے بھی وینٹی لیٹر خریدے جارہے ہیں۔  (بی بی سی اردو)

ملکہ برطانیہ کا خطاب

آج ملکہ برطانیہ نے ٹی وی پر خطاب کیا۔ اس ریکارڈڈ پیغام میں ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے۔ آنے والے سالوں میں آپ اپنی اس جدوجہد پر فخر محسوس کریں گے اور آئندہ نسلیں اس بات کا اظہار کریں گی کہ اس دور کے برطانوی بہت مضبوط عزم و ہمت کے حامل تھے۔

یہ پیغام صرف ایک کیمرہ مین نے ریکارڈ کیا جس نے احتیاطی لباس پہن رکھا تھا۔ (بی بی سی)

برطانوی وزیر اعظم Boris Johnson کا  کہنا ہے کہ  برطانیہ  Covid-19 کو کامیابی سے شکست دے دے گا اگر لوگ گھروں میں رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ (بی بی سی)

لندن بس کے عملہ کے ارکان کی Covid-19 سے ہلاکت

بس کمپنی Unite کا کہنا ہے کہ ان کے عملہ کے 5؍افراد Covid-19 کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں۔ کمپنی کے کارکنان NHS کے سٹاف اور دوسرے معاون افراد کو ان کے کاموں پر لے کر جاتے رہے ہیں۔ ان افراد میں 3 ڈرائیور اور 2 کنٹرولر شامل ہیں۔ لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیوروں کی پوری حفاظت کی جائے گی۔ ریجنل سیکرٹریPeter Kavanagh کی یونین ان افراد کے خاندانوں کی ہر ممکنہ مدد کرے گی۔  (بی بی سی)

امریکہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ نیو یارک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری کارروائیوں میں مدد کے لئے مزید ایک ہزار فوجی بھیج رہے ہیں۔ اس سے پہلے نیویارک میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل  بحری فوجی اسپتال بھیجا جاچکا ہے۔ (VOAاردو)

نیویارک کے گورنر Andrew Cuomo نے بتایا ہے کہ ان کو  چینی ارب پتی بزنس مین Jack Ma اور Joseph Tsai نے ایک ہزار وینٹی لیٹرز عطیہ کئے ہیں جس سے مریضوں کےعلاج میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ (الجزیرہ)

ZOOM استعمال نہ کریں

نیویارک سٹی کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکولوں کو ہدایت کی  ہے کہ  وہ Zoom استعمال کرنا ترک کردیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ہدایت اس بنا پر دی جارہی ہے کہ  اس کے استعمال سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔  (سی این این)

اٹلی

اٹلی میں روزانہ ہونے والے اموات کی تعداد میں گزشتہ آٹھ روز سے کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ اسی طرح ان مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے جنھیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ اٹلی میں Covid-19 سے ہونے والی اموات کی تعداد 15,000؍ سے تجاوز کر چکی ہیں۔  (بی بی سی)

فرانس

دو فرانسیسی ڈاکٹروں کو اس وقت  نسل پرست تجاویز کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ ایک مجوزہ  ویکسین کو تجرباتی مراحل میں پہلے افریقہ میں استعمال کیا جائے۔ ان ڈاکٹروں نے یہ تجاویز ایک ٹی وی شو کے دوران دیں۔ BCG جو کہ ٹی بی کی ایک ویکسین ہے، کے یورپ اورآسٹریلیا  میں تجربات شروع ہو رہے ہیں کہ اسے اس وائرس کے علاج کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے کہ نہیں۔ (الجزیرہ)

سپین

سپین میں مسلسل تیسرے روز Covid-19 کی وجہ سے اموات میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ سپین میں گزشتہ روز 674؍ اموات ہوئیں  جبکہ اس سے ایک دن پہلے809؍ اموات ہوئی تھیں۔ (الجزیرہ)

پاکستان

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و  نشریات  فردوس عاشق اعوان نے  کورونا وائرس کے خلاف انتہائی ذمہ داری سے فرائض انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کے لئے ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر اضافی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ (ڈان اردو)

وفاقی حکومت کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 35 روز گذرنے کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے  کیسز کی تعداد یورپی ممالک اور ایران سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق 25؍اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50,000تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ (ڈان اردو)

رمضان میں کرکٹ ٹورنامنٹ  نہیں ہوں گے

پاکستان میں رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ معمول کی بات ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ  بعض منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لئے این او سی کے حصول  کی وضاحت  کے سلسلے میں رابطہ کیا۔ اعلامیہ میں کہا  گیا ہے کہ  موجودہ صورتحال  کے پیش نظر پی سی بی رمضان کرکٹ کے لئے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔  (ڈان اردو)

نماز تراویح گھروں میں ادا کریں

صوبہ پنجاب کے محکمہ اوقاف نے کورونا وائرس کے پیش نظر ماہ رمضان میں نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کی تجویز دی ہے۔ (VOAاردو)

آسٹریلیا

آسٹریلیا کی حکومت اس واقعے میں مجرمانہ فعل کی تفتیش کر رہی ہے جس میں ایک کروز شپ سے مسافروں کو سڈنی کے ساحل پر اترنے کی اجازت دی گئی باوجود اس کے کہ کئی مسافروں میں فلو جیسی علامات موجود تھیں۔ Ruby Princess نام کی اس کروز شپ میں 600 مسافروں میں Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے اور 10ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہ جہاز اب بھی ساحل پر موجود ہے اور اس پر سوار عملے کے 200اراکین بھی بیمار ہیں۔ ( بی بی سی اردو)

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم Jacinda Arden کا کہنا ہے کہ  سخت اور بروقت اقدامات کرنا فائدہ مند رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ عمومی طور پر پابندیوں پر عمل کر رہے ہیں لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو ان پرعمل نہیں بھی کر رہے اور میں ان کو بے وقوف کہوں گی۔ نیوزی لینڈ میں کیسز کی کل تعداد 1,039؍ہے اور ایک موت ہوئی ہے۔  (بی بی سی)

متحدہ عرب امارات میں کرفیو میں توسیع

متحدہ عرب امارات نے حفاظتی اقدامات کے طور پر عوامی مقامات پر رات کے کرفیو میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی ہے۔ حکومت نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے سڑکوں، گلیوں، پارکس اور عوامی ٹرانسپورٹ میں سپرے بھی کروایا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مجموعی کیسز کی تعداد1,505؍ہے اوریہاں اب تک 10؍ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ (ڈان اردو)

یہاں سپرے کرنے کے لئے ڈرون بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ (سی این این)

بحرین

بحرین کی حکومت نے  ان لوگوں کو جنھیں الگ تھلگ رہنے کا کہا گیا ہے ، کہا ہے کہ وہ ایک ٹریکنگ ٹیگ پہنیں جو کہ کلائی کی گھڑی کی طرح ہے۔ اور ایک ایپ سے منسلک ہے۔ اگر متعلقہ افراد میں سے کوئی بھی اپنے ٹیگ سے 15 میٹر دور پایا گیا تو اسے  تین ماہ کی قید یا 20 ہزار برطانوی پاؤنڈ کے برابر جرمانہ ہو سکتا ہے۔ (بی بی سی)

لیبیا

لیبیا کے سابق وزیر اعظم محمد جبریل Covid-19 کا شکار ہونے کے بعد مصر میں انتقال کر گئے۔ وہ 2011ء میں ملک کے وزیراعظم بنے تھے۔  موصوف کی عمر 68؍ سال تھی۔  (بی بی سی اردو)

تائیوان

احتیاط علاج سے بہتر ہے

تائیوان نے Covid-19 کی وبا سے بچاؤ کے لئے سب سے بہتر انداز اپنایا تھا۔ ذیل میں وہ بعض اقدامات درج کئے جارہے ہیں۔

٭124نکات پر مشتمل ایک ضروری فہرست تیار کی اور چین کے کئی علاقوں سے آنے والے لوگوں پر پابندی لگائی۔

٭کروز شپس کو اپنے ساحلوں پر لنگر انداز ہونے سے روکا۔

٭گھریلو تنہائی کی ہدایت کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں رکھیں۔

٭وافر مقدارمیں فیس ماسک تیار کئے۔ اور ملک بھر میں ٹیسٹ کرنے شروع کئے۔

جنوبی سوڈان میں پہلا کیس

ملک کے نائب وزیر اعظم Reik Machar نے ایک  پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ  ایک 29؍ سالہ خاتون میں جو ہالینڈ سے آئی تھیں Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے۔  اس خاتون کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔ (الجزیرہ)

ایئر بس

ایئر بس کے چیف ایگزیکیٹو،Guillaume Faury نے بتایا ہے کہ ان کی کمپنی  کا ایک جہاز Covid-19 کے خلاف حکومتوں کی جدوجہد میں  اپنا حصہ ڈالتے ہوئے چین سے چار ملین ماسک لے کر یورپ آیا ہے۔ (الجزیرہ)

ماسک کہاں جا رہے ہیں؟

موجودہ حالات میں حکومتوں کو جن طبی اشیاء کی قلت کا سامنا ہے ان میں ماسک، دستانے اور دوسری اشیاء شامل ہیں۔ ہر ملک نے اپنی ضرورت کے لئے کمپنیوں کو  آرڈر بھجوائے ہوئے ہیں اور اس انتظار میں ہیں کہ کب یہ سامان ان تک پہنچے اور وہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ بعض ممالک نے ایک دوسرے پر اس بارہ میں الزام بھی لگایا ہے تاہم اس بارہ میں حتمی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کس نے کس کے ساتھ کیا کیا۔ (سی این این)

سرفراز احمد نے لگائیں ڈنڈ بیٹھکیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ، وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد نے بھی ڈنڈ بیٹھکیں لگا کر ویڈیو اپ لوڈ کی ہے۔

مختصر IPL

بعض کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو تماشائیوں کے بغیر IPL کا ایک مختصر ٹورنامنٹ، حالات کے بہتر ہوتے ہی کروا لینا چاہئیے۔ بھارت کے کرکٹ بورڈ نےIPLکو 15؍اپریل تک ملتوی کردیا تھا۔ لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ کم از کم تین ماہ تک  کھیلوں کا  کوئی مقابلہ نہ ہو سکے گا۔  IPLسے بھارت کی معیشت کو قریبا 11؍بلین ڈالرز کا فائدہ ہوتا ہے۔  (ڈان)

Covid-19 کے لئے ایک دوا

آسٹریلین سائنسدانوں نے ایسی دوا دریافت کرنے کا دعوٰی کیا ہے جس نے لیبارٹری میں  48؍گھنٹوں میں کورونا وائرس کو ماردیا۔ تحقیق کے مطابق اینٹی پیراسیٹک دوا (Ivermectin) نئے نوول کورونا وائرس بنانے کے عمل کو روک دیتی ہے۔ (ڈان اردو)

Humanity First

مورخہ 2؍اپریل کو ہیومینیٹی فرسٹ نے قادیان، بھارت میں روٹی پلانٹ پر 7,000 روٹیاں تیار کر کے ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کیں۔ مزید برآں غرباء اور ضرورت مندوں میں باقاعدگی سے راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔ (Humanity First)

Covid-19 کا ماحول پر خوشگوار اثر

Covid-19 کی وجہ سے دنیا کی اکثر آبادی اپنے گھروں تک محدود ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، فیکٹریاں اور کارخانے بند پڑے ہیں۔ عالمی پروازیں رک چکی ہیں۔ وہ شہر جو کبھی نہیں سوتے تھے اب ویران پڑے ہیں۔ ان سب کاموں میں تعطل کا ایک بڑا مثبت اثر ماحول پر ہوا ہے۔ نیشنل جیو گرافک کے مطابق آلودگی کی شرح کم ہوئی ہے، جنگلی حیات عام سڑکوں پر گھومتی نظر آرہی ہے، جیسے مور، ہرن وغیرہ۔ ووہان شہر کی فضاء میں دو ماہ کے دوران 21 فیصد سے زیادہ بہتری آئی۔ چین میں Covid-19 کی وجہ سے CO2 کے اخراج میں 25 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ بارسلونا اور میڈرڈ میں فضائی آلودگی میں 50 فیصد کی کمی ہوئی۔ وینس شہر کی نہریں پھر سے صاف ہوگئیں۔ دنیا بھر میں آلودگی سے سالانہ 7 ملین اموات ہوتی ہیں۔ کم آلودگی کا مطلب کم اموات۔

فرنچ گیانا میں جماعت احمدیہ کی جانب سے خدمتِ خلق کے کام

17 مارچ کو فرانس کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے Lockdown نافذ کیا اور اسی طرح فرنچ گیانا میں بھی یہ Lockdown نافذ کردیا گیا۔ گو کہ فرنچ گیانا میں تب تک بہت کم کورونا کے cases تھے۔ بہر حال اس کی وجہ سے فرنچ گیانا میں کورونا وائرس تا حال اتنا زیادہ نہیں پھیل رہا۔ الحمد للہ۔ حکومتی رپورٹس کے مطابق ابھی تک تقریباً 60 ؍افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں  جن میں سے 20 صحت یاب ہوگئے ہیں۔  

فرنچ گیانا

٭ Humanity First  کے تحت بے گھر افراد جن میں خاص طور پر سیرین اور فلسطینی refugees   شامل ہیں کے لیے ہفتہ میں ایک سے دو مرتبہ کھانا تقسیم کیا جا رہا تھا ۔لیکن جب سے حکومت نے Lockdown نافذ کیا ہے ان لوگوں کے لئے تقریبا ًہر روز کھانا بنایا جارہا ہے ۔ کیونکہ پہلے اور بھی لوگ تھے جو اپنے طور پر کھانا بنا کر لے جاتے تھے مگر اب  Lockdown کی وجہ سے نہیں جا سکتے۔

٭حکومت  نے Humanity First  کے volunteers کو باہر نکلنے کی خاص اجازت دی ہے تا کہ ہم ان  refugees کی مدد کر سکیں۔  اس دوران ہم احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

٭…خاکسار کو فرنچ گیانا کے Prefet  نے خود مل کر  Humanity First کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ اس مشکل وقت میں Humanity First حکومت کی کھانا تقسیم کر کے بہت مدد کر رہی ہے۔ الحمد للہ

 ٭…اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسی ماہ فرنچ گیانا کے  نیشنل ٹی وی  TV Guyane 1ère نے Humanity First کی انسانیت کی خدمت پر ایک رپورٹ اپنے چینل پر نشر کی ہے۔

٭…اس کے علاوہ ایسے مہاجرین جنکو حکومت کی طرف سے گھر مل گئے ہیں لیکن ابھی مالی امداد نہیں ملنا شروع ہوئی، ایسے 45  گھرانوں کو ان کے گھروں میں جاکر راشن پیک پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ (رپورٹ: محمد بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button