حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 10، 7؍اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1,412,378 ہےاور اس وبا کے نتیجہ میں وفات پانے والے 81,099 افراد ہیں جبکہ 301,166؍ افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)

صحت کا عالمی دن

آج عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے صحت کا عالمی دن منا یا جا رہا ہے۔ جسے انھوں نے ہمت، بہادری اور اپنے کام سے لگن کی وجہ سے  نرسوں اور دائیوں کے نام کیا ہے۔

چین

ووہان(Wuhan)

  23؍جنوری کے بعد آج چین کے شہر ووہان  کو آمد ورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اور 200 فلائٹس کے ذریعہ 10,000؍ سے زائد مسافر اپنی منزلوں کو روانہ ہوئے۔  (بی بی سی)

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ منگل کے روز چین میں Covid-19 سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، جبکہ نئے کیسز کی تعداد 32 ؍ہے۔ جب سے چین نے جنوری کے مہینے سے اس وبا کے اعدادوشمار جاری کرنے شروع کئے ہیں، یہ پہلا دن ہے کہ اس وبا سے کسی مریض کی ہلاکت نہیں ہوئی۔  چین میں Covid-19 کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 81,740 ہے اور3,331؍ اموات ہو چکی ہیں۔(بی بی سی)

برطانیہ

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم Boris Johnson کی طبیعت بہتر ہے اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ ان کو معمول کی آکسیجن سپلائی دی جا رہی ہے۔ (بی بی سی)

بہت سے عالمی رہنمائوں نے سوشل میڈیا کے توسّط سے ان کی خیریت دریافت کی ہے اور ان کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔

ملکۂ برطانیہ ایلزبتھ دوم نے بھی عالمی یوم صحت کے موقع پر طبی عملہ کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

برطانیہ میں Covid-19 سے ہونے والی مصدقہ ہلاکتوں  کی کل تعداد 6,159؍ ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

برطانوی وزیراعظم کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے انتہائی نگہداشت میں جانے کی وجہ سے وزیر خارجہ Dominic Rabb نے ان کی نیابت میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

DominicRabb کی عمر46 سال ہے اور وہ ایک وکیل تھے۔ ان کے والد 1938ء میں  برطانیہ آئے۔ انھوں نے آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔2010ء سے آپ کنزرویٹو پارٹی  کی طرف سے رکن پارلیمان منتخب ہورہے ہیں۔ آپ کراٹے میں بلیک بیلٹ بھی ہیں۔ (بی بی سی اردو)

یورپ کے دیگر ممالک

سپین میں Covid-19 کے مریضوں اور اس سے ہونے والی اموات میں گزشتہ ایک ہفتے سے کمی دیکھنے میں آرہی تھی مگر اب اس میں پھر اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 743؍افراد کی اس مرض سے ہلاکت ہوئی۔ (سی این این)

اٹلی میں گزشتہ روز Covid-19سے 604؍افراد کی ہلاکت ہوئی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ13؍مارچ کے بعد اب  نئے کیسز کی تعداد میں سب سے کم اضافہ  ہواہے۔ (ڈان)

اٹلی میں  Covid-19 سے اب تک 94 ڈاکٹروں اور26 نرسوں  کی ہلاکت ہوچکی ہے ۔ (سی این این)

فرانس میں Covid-19 سے ہونے والی اموات 10,000 سے تجاوز کر گئی ہیں۔  وزارت صحت  کا کہنا ہے کہ ان میں سے 7,091؍اموات ہسپتالوں میں ہوئی ہیں اور 3,237؍ اموات اولڈ ہومز میں ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)

پیرس کے میئر کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو ورزش کے لئے باہر نکلنا چاہتے ہیں، وہ یہ کام صبح دس بجے سے پہلے کریں یا شام سات بجے کے بعد۔ (سی این این)

امریکہ

نیویارک کے گورنر کا کہنا ہے کہ  سوموار کے روز نیویارک سٹیٹ میں 731؍افراد کی Covid-19 سے منسلک پیچیدگیوں کی وجہ سے ہلاکت ہوئی۔ نیویارک سٹیٹ میں اب تک 5,489؍ افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے۔ ہمسایہ سٹیٹ نیوجرسی کی ہلاکتیں بھی ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ (بی بی سی)

ماہرین نے خیال ظاہر  کیا ہے کہ امریکہ میں 19؍ جون وہ پہلا دن ہو سکتا ہے جب  ملک میں کورونا وائرس سے کوئی شخص ہلاک نہیں ہوگا۔ اس سے پہلے یہ تاریخ 16؍جولائی بتائی جا رہی تھی۔ یہ امید کمپیوٹر ماڈلز کے ذریعہ کی گئی تحقیق سےظاہر کی گئی ہے۔اگر یہ تحقیق درست رہی تو خدشہ ہے کہ امریکہ میں Covid-19 سے 81 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوں گی۔ (VOA اردو)

نیویارک شہر کے پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کا کہنا ہے کہ اس کے 12 ممبران Covid-19 سے ہلاک ہوئے ہیں اورعملہ کے 20 فیصد ارکان بیمار ہیں۔  نیویارک شہر میں Covid-19 کے 68,000 سے زائد مصدقہ مریض ہیں اور2,700 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔(سی این این)

کینیڈا

ایک ملک کا انتخاب کریں

  امریکی بارڈر کے نزدیک موجود کینیڈین ہسپتالوں کے حکام نے اپنے سٹاف کے اراکین سے کہا ہے کہ  وہ ایک ملک کا  انتخاب کریں اور پھر وہیں رہیں۔ حکام کے مطابق تقریبا 1,600؍ کے قریب عملہ  روز سرحد پار کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انھیں پریشانی ہے کہ ان کے لئے عالمی وبا کے دنوں میں بارڈر کے دونوں اطراف کام کرنا محفوظ نہیں ہے۔  (بی بی سی اردو)

آسٹریلیا

آسٹریلیا میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران  Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد35سے بڑھ کر 41 ہوگئی ہے جبکہ اس سے متأثرہ افراد کی تعداد 5,800 ہے۔

یہاں کے شعبہ تعلیم کے حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آخری سال کے طلباء کے امتحانات کیسے لئے جائیں تاکہ وہ اپنا سکول ختم کر سکیں۔

بغیر کسی ٹھوس وجہ کے گھروں سے نکلنے والوں کو جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان افراد میں ڈرائیونگ سیکھنے کے لئے جانے والی ماں بیٹی اور گھر کے عقبی حصے میں کرکٹ کھیلنے والے چند افراد شامل ہیں۔  (بی بی سی اردو)

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم Jacinda Arden نے وفاقی وزیر صحت کی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر تنزلی کردی ہے اور  انھیں کیبنٹ میں سب سے کم درجے پر کردیا ہے اور ان کو ان کے ایسوسی ایٹ فناس منسٹر کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

وزیر صحت David Clark لاک ڈاؤن کے ابتدائی دنوں میں اپنی فیملی کے ساتھ ساحل سمندر پر گئے تھے۔  (الجزیرہ)

جاپان

جاپان کی حکومت نے معیشت کو سہارا دینے کے لئے 993 بلین ڈالرز کے ایک امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے اب تک یہ سب سے بڑا بحران ہے۔ جاپان کے وزیراعظم نے ٹوکیو سمیت ملک کے 7 علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ (الجزیرہ)

بھارت

تین ہسپتال بند

انڈیا کے سب سے بڑے شہروں نئی دہلی اور ممبئی میں تین ہسپتالوں کو اس وقت بند کرنا پڑا جب ان میں موجود سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کوئی بھی ان ہسپتالوں میں داخل نہیں ہو سکتا نہ ہی باہر جا سکتا ہے جب تک اس کا ٹیسٹ منفی نہ آجائے۔ (بی بی سی اردو)

کلوروکوین کی برآمد سے پابندی ختم

انڈیا کی وزارت خارجہ کے مطابق  انڈیا نے کلوروکوین اور پیراسیٹامول سمیت 14 دواؤں کی برآمد پر سے پابندی ہٹاتے ہوئے ان دواؤں کی مناسب مقدار ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر انڈیا نے اس دوا کی کھیپ امریکہ نہ بھیجی تو اسے جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ (بی بی سی اردو)

پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا  کہنا ہے کہ وہ  کوشش کر رہے ہیں کے دوسرے ممالک کے فضائی اڈوں پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو ملک واپس لایا جا سکے۔ (ڈان)

متحدہ عرب امارات میں  پاکستان کے سفارت خانے نے وہاں رہنے والے پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی ٹریول ایجنٹس سے ہوشیار رہیں اور کوئی بھی ٹکٹ بک کرواتے ہوئے متعلقہ فضائی کمپنی کے دفتر سے اس بارہ میں رابطہ کریں۔ (ڈان)

پاکستان میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد4,000 سے اور صوبہ پنجاب میں 2,000 سےتجاوز کر گئی ہے۔ (ڈان اردو)

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ پنجاب میں Covid-19 کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔  ضلع چنیوٹ میں بھی 6 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

سعودی عرب

سعودی عرب کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ آنے والے ہفتوں میں سعودی عرب میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد10,000سے 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ منگل کے دن تک سعودی عرب میں Covid-19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2,795 تھی اور 41 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ (الجزیرہ)

مصر

مصری حکومت کا کہنا ہے کہ Covid-19 کی وجہ سےرمضان المبارک کے مہینے میں تمام مساجد بند رہیں گی۔ اور رمضان المبارک سے متعلقہ تمام سرگرمیوں اور افطار پارٹیوں پر پابندی ہوگی۔ (سی این این)

گھانا

گھانا میں منگل کے روز Covid-19 کے مریضوں میں 73؍ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس طرح اس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 287 ہو گئی ہے۔ (بی بی سی)

آئیوری کوسٹ کے وزیر دفاع Hamed Bakayoko کا Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہےا ور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ (بی بی سی)

Whatsappکی نئی پالیسی

سماجی رابطے کی ایپ Whatsapp نے  پیغامات کو فارورڈ کرنے پر مزید پابندی لگا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج سے ایسے پیغامات اب ایک وقت میں ایک ہی چیٹ میں بھیجے جا سکیں گے۔ whatsapp کا ماننا ہے کہ ایسے پیغامات  less personal ہوتے ہیں اور ان سے غلط فہمیاں پھیلائی جا سکتی ہیں۔ (بی بی سی)

کھلاڑی فٹنس پر توجہ دیں

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ  انڈین پریمیئر لیگ اور ٹی ٹونٹی کے ورلڈ کپ اس سال ہوتے ہیں کہ نہیں، اس  کے لئےانتظار کرنا ہوگا۔ لیکن فٹنس پر ابھی سے توجہ لازمی ہے۔ (VOAاردو)

شان مسعود نے بھی لگائیں ڈنڈ بیٹھکیں

پاکستان کرکٹ کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے چیلنج کو پورا کرتے ہوئے، اوپننگ بلے باز شان مسعود نے بھی بیٹھکیں لگا کر وڈیو اپ لوڈ کی ہے۔

چیتے کا نام Covid

میکسیکو کے ایک چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ایک نئے پیدا ہونے والے  چیتے کا نام Covidرکھ دیا ہے۔ (ڈان)

ATMسے چاول

ویت نام میں غریبوں کی  مدد کے لئے ایک ایسی ATM مشین متعارف کروائی گئی ہے جو بٹن دبانے پر چاول فراہم کرے گی۔ (ڈان)

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران جماعت احمدیہ پاکستان کی خدمات

نظارت امورِ عامہ صدر انجمن احمدیہ ربوہ پاکستان نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال میں جماعت احمدیہ پاکستان کی طرف سے تاحال پیش کی جانے والی خدمت خلق کے بارے میں درج ذیل پریس ریلیز جاری کی ہے:

کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں حسب روایت جماعت احمدیہ اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش

اب تک کروڑوں روپے کا راشن و دیگر امدادی اشیاء کی تقسیم ۔گھر گھر آگاہی مہم جاری

احمدی نوجوان بڑھ چڑھ کے وزیر اعظم کے ریلیف پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں

پہلی قسط کے طور پر تیس لاکھ روپے وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروا دئیے گئے ۔ترجمان جماعت احمدیہ

ربوہ (پ ر) کرونا وائرس کی صورتحال سے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جماعت احمدیہ اپنی درخشاں روایت کے مطابق بنی نوع انسان کی بے لوث ہمدردی کے جذبہ سے ہم وطنوں کی خدمت کر رہی ہے۔  اب تک کے کاموں کی کچھ جھلکیاں پیش ہیں۔

٭        پاکستان بھر میں7,228ضرورت مند گھروں میں راشن پیکس اور نقدرقوم کی تقسیم کر دی گئی ہے۔

٭        ہینڈ سینیٹائزر کی23,380 بوتلیں تقسیم کی گئیں۔

٭        فیس ماسک 3,500اور صابن 5,000کی تعداد میں تقسیم کیا گیا۔

 ٭        آگاہی مہم کے سلسلہ میں15,706گھروں سے رابطہ کیا گیااور16,868گھروں میں معلوماتی پمفلٹ تقسیم کئے گئے ۔

٭        ربوہ شہر کی تمام رہائشی کالونیوں اور سڑکوں بشمول مسیحی بستی اور گرجا گھروں کو کلورین ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے۔

٭        احمدی نوجوان وزیر اعظم کی اعلان کردہ ریلیف فورس میں بڑھ چڑھ کر رجسٹرڈ ہو رہے ہیں۔

  ٭       وزیر اعظم کے قائم کردہ کوروناریلیف فنڈ میں ابتدائی طور پر30 لاکھ روپے کی رقم جمع کرائی ہے۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان سلیم الدین کاکہنا ہے کہ جماعت احمدیہ کی ہمیشہ سے یہ روایت ہے کہ جب بھی ملک کوکسی مشکل کا سامنا ہوا، احمدی ملک کی خدمت کے لئے صف اوّل میں کھڑے ہوتے ہیں۔ ملک کے دفاع کی بات ہو ،یا وطن کی تعمیر و ترقی کا کام ہو ،زلزلہ کی مشکلات ہوںیا سیلاب کی آفت کا سامنا ہو، جماعت احمدیہ کو ہر موقع پر ملک کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کاموقع ملا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلہ کے لئے امتحان کی اس گھڑی میں بھی جماعت احمدیہ پاکستان بلا امتیاز مذہب و ملت اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔جب بھی وطن عزیز کو ضرورت پڑی احمدی اپنی جان و مال سے بے لوث خدمت کے لئے حاضر ہیں۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان نازک حالات میں تمام اختلافات بھلا کر ضرورت مندہم وطنوں کے لئے بھائی چارہ کے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھیں اور اس بیماری کے خلاف حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کریں۔ترجمان نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی بنی نوع انسان کو اس وبا سے جلد نجات دے###        

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

تبصرے 3

  1. جزاکم اللہ احسن الجزاء
    روزانہ جہاں تازہ ترین خبروں سے آگاہی ملتی ہے وہاں ساتھ ساتھ بعض دلچسپ باتوں کے بارہ میں بھی پتا لگ جاتاہے۔جیسے آج ایک نئے پیدا ہونے والے چیتے کا نام Covid رکھے جانے کی خبر تھی۔ اسی طرح جماعت کی مساعی کے بارہ میں بھی۔اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر سے نوازے،آمین۔ آج کے بلیٹن میں ایک کثیر تعداد میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی موت کا پڑھ کر بہت افسوس ہوا۔ اللہ سب کو غریق رحمت کرے اور لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے۔آمین

    1. اسلام وعلیکم و رحمتہ اللہ و بر کا تہ
      میں الفضل بہت شوق سے پڑھتی ہوں ۔

  2. جزاکم اللہ تعالی
    الفضل انٹرنیشنل کا روزانہ بلیٹن کا شکریہ!
    کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی اپڈیٹس۔ روزانہ کی دلچسپ خبریں اور جماعتی مساعی سے آگاہی دینے پر ایک بار پھر جزاکم اللّٰہ
    اللہ تعالی ہم سب کو اپنی امان میں رکھے۔ اور خود ہمارا حامی و ناصر ہو ۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button