عالمی خبریں

کورونا وائرس سے پیدا شدہ دنیا کے ہنگامی حالات میں جماعت ہائے احمدیہ عالم گیر کی جانب سے بے لوث خدمتِ خلق کے نظارے

ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کی کورونا وائرس کے ایام میں بے لوث عالمی خدمات

گذشتہ دو ماہ سے ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل ڈیزاسٹر ریلیف بہت قریب سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کے پھیلنے کا مشاہدہ کرتی رہی ہے ۔جسے COVID-19 کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اس بارے میں ہیومینٹی فرسٹ تحریری طور پراور ویڈیوز بنا کر حفاظتی تدابیر کے بارے میں لوگوں کی رہ نمائی کر رہی ہے اور لوگوں میں اس حوالے سے معلومات بھی فراہم کر رہی ہے اور لوگوں میں یہ شعور پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیسے اس بیماری سے خود بھی اور دوسروں کو بھی بچایا جائے۔ ہیومینٹی فرسٹ کے مقامی چیپٹرز اپنے اپنے ممالک میں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور ریلیف کے کاموں میں ایک دوسرے کی بھی اور بین الاقوامی ٹیمز کی بھی مدد کر رہے ہیں۔

مندرجہ ذیل ممالک میں ہیومینٹی فرسٹ ایسے لوگوں کو جو خطرے میں ہیں، کم آمدنی رکھتے ہیں، نیز اس بیماری کے خلاف جہاد میں اپنی خدمات پیش کرنے والے ڈاکٹرزاورنرسز کی ہر ممکنہ مدد کر رہے ہیں:
بیلجیم ،بنگلہ دیش، بینین، کینیڈا، فرانس، فرنچ گیانا، جرمنی، انڈیا، ملائشیا، موریشس، ناروے، پاکستان، سویڈن، تیونس، یوگنڈا، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ۔

ہیومینٹی فرسٹ انڈونیشیا، بورکینا فاسو، کینیڈا، یوگنڈا اور پاکستان خود اپنے ہینڈ سینیٹائزرز بناتی رہی ہے جو کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO)کے معیار کے مطابق ہے اور دنیا میں اس کی قلّت ہو جانے کے بعد عوام الناس میں ان کی تقسیم کر رہی ہے۔

کچھ ممالک میںمفت ہاتھ صاف (سینیٹائز)کرنے والے اسٹیشنز بھی بنائے گئے ہیں تاکہ لوگوں کی صفائی کی طرف توجّہ بھی دلوائی جائے اور مدد بھی کی جائے۔

ابھی تک پانچ ہزار سے زائد خاندانوں کو کھانا دیا گیا ہے اور بیس ہزارہینڈ سینیٹائزرز کی بوتلیں بنا کر تقسیم کی گئی ہیں۔

نیز برطانیہ،امریکہ ،کینیڈا اور تیونس میں سپورٹ لائنز کا قیام کیا گیا ہے تاکہ جن لوگوں کوسیلف آئسولیشن اختیار کرنی پڑی ہے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اوراشیائے خورو نوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی ان کے لیے یقینی بنائی جا سکے۔

چند جھلکیاں

٭…انڈیا میں ہومینٹی فرسٹ کے تحت کئی سو فیس ماسک تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ کیرالہ میں گورنمنٹ کے ہسپتالوں اور دیگر جگہوں پر کھانا تقسیم کیا جارہا ہے۔ اب تک 2500 افراد میں کھانا تقسیم کیا جاچکا ہے۔

٭… فرانس کے شہر سٹراس برگ میں ہومینٹی فرسٹ کے تحت 220؍افراد کے لیے ضرورت کی اشیا مہیا کی گئی ہیں۔ اسی طرح بے گھر افراد اور مہاجرین کی بھی مختلف طریقوں سے مدد کی جارہی ہے۔

٭…گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انڈونیشیا میں ہینڈ سینیٹائزر کی ہزاروں بوتلیں تقسیم کی گئیں

٭…ملائیشیا میں ہومینٹی فرسٹ مہاجرین نیز دیگر متاثر ہونے والے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے

٭…کینیڈا میں ہومینٹی فرسٹ کے ممبران ہمسایوں میں پھل تقسیم کر رہے ہیں۔

یہ تمام کام بے لوث خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار احمدی مسلمان رضاکاران کے بغیر ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے افراد کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

ہیومینٹی فرسٹ یوکے ریلیف رپورٹ

ہیومینٹی فرسٹ یوکے کی جانب سے قومی کورونا سپورٹ رابطہ نمبر کا اجرا

لندن سے 23 مارچ 2020ءکو ہیومینٹی فرسٹ یو کے کی جانب سے قومی سپورٹ رابطہ نمبر کا اجرا کیا گیا ہے۔ یہ اقدام حکومتی اپیل کی روشنی میں اٹھایا گیا جس میں یو کے میں موجود تمام فلاحی تنظیموں کو کورونا کے سلسلے میں امدادی اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔

یہ رابطہ نمبر صبح 8بجے سے رات 8بجے تک عوامی رابطہ و امداد کے لیے کھلا رہے گا۔ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے 03338806619 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس سپورٹ لائن کے سلسلے میں ایسے رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جو دنیاوی آفات سے نمٹنے کے لیے فلاحی کاموں میں 25سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔

یہ ہیلپ لائن کسی صورت بھی برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز (NHS 111)کا بدل نہیں بلکہ یہ سہولت اس کے انتظامات کو مزید کارآمد بنانے کے لیے مہیا کی گئی ہے۔

ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے چیئرمین حافظ ڈاکٹر عزیز احمد صاحب اس اقدام کے بارے میں کہتے ہیں کہ“مصیبت کی اس گھڑی میں ہیومینٹی فرسٹ کے دنیا کے ممالک میں مشکلات میں گھرے لوگوں کی مدد کرنے والی اس تنظیم کے ممبران اس قومی خدمت کے لیے پھر سے اکٹھے ہوئے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں۔ چاہے وہ مدد کھانے کی تقسیم، اشیائے ضروریہ کی تقسیم کے سلسلے میں درکار ہو یا محض ایک تسلی بخش گفتگو کی صورت میں”

آپ نے مزید کہا کہ“وزیراعظم نے اس غیر معمولی آفت کے موقع پر فلاحی تنظیموں کو اپنی خدمات پیش کرنے کا کہا ہے ہیومینٹی فرسٹ کا یہ اقدام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ان مشکل دنوں کا مقابلہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم بحیثیت قوم اپنا کردار نبھائیں کیونکہ اس وائرس کو انفرادیت سے نہیں بلکہ قومی یک جہتی سے شکست دی جا سکتی ہے۔

ہیومینٹی فرسٹ یہ سروسز بلا معاوضہ فراہم کرے گی۔ ان سروسز کے ذریعہ بزرگوں اور مستحقین کی امداد یقینی بنائی جائے گی۔ ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے کوئی بھی مدد یا مشورہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ہم اپنی اشتراکی تنظیموں کے ساتھ مشکل سے دوچار افراد کی خدمت کی کوشش کر رہے ہیں۔ مستحقین کی تعداد زیادہ جب کہ امداد کم ہے اسی لیے وہ تنظیمیں جو اس سلسلہ میں مدد کرنا چاہتی ہیں وہ ہم سے بذریعہ ای میل رابطہ کر سکتے ہیں۔

(رپورٹ: راجہ عطاء المنان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button