عالمی خبریں

کونگو کنشاسا میں پہلے ریڈیو سٹیشن (ریڈیو اسلامک احمدیہ)کا قیام

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا (وسطی افریقہ )کو اپنا پہلے ریڈیو سٹیشن قائم کرنے کی توفیق ملی۔

کونگو کنشاسا افریقی ممالک میں سے ایک پسماندہ اور غریب ملک ہے۔ ریڈیو لوگوں کے لیے حصولِ معلومات اور تفریح کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ اور ملک بھر میں عام عوام میں ریڈیو سننا بہت مقبول عادت ہے۔ اسی ذریعۂ ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے عیسائیت کی تبلیغ زور وشور سے ہو رہی ہے۔

ریڈیو سٹیشن کے قیام کا منصوبہ

کونگو کنشاسا کے صوبہ کونگو سنٹرل کے صدر مقام متادی سے ساٹھ کلومیٹر کے فاصلہ پر نیشنل ہائی وے پر واقع ایک بڑا قصبہ کنزام ویتے(Kinzau-Mvuete)کہلاتا ہے۔ جہاں2016ء میں جماعت کو مسجد تعمیرکرنے کی توفیق ملی ۔ اس مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ‘‘بیت السلام ’’منظور فرمایا۔پیارے آقا کی دعاؤں کے طفیل حکومت سے اجازت نامے کا حصول بھی ممکن ہو گیا۔

جگہ کی خرید کے سلسلہ میں بھی کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہر مشکل کے وقت حضور انور کی خدمت اقدس میں دعا کے لیے لکھا جاتا رہا۔اور حضور کی دعا کے طفیل ہر مشکل آسان ہوتی گئی اور جماعت کو قصبہ کے وسط میں خلافِ توقع انتہائی کم قیمت پر ایک زیر تعمیر مکان مل گیا۔ اس سلسلہ میں مولانا فرہاد احمد کاہلوں مبلغ سلسلہ ریجن متادی نے مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مشنری انچارج عوامی جمہوریہ کونگو کی ہدایات کے مطابق ایک لمبی جدو جہد کی۔

ریڈیو اسلامک احمدیہ کی فریکوینسی 100.5Mhzہے۔

ریڈیو کی تنصیب بلڈنگ اور آلات

ریڈیو کی تنصیب کے لیے جو زیر تعمیر گھر خریدا گیا تھا اس کو ریڈیو سٹیشن کی شکل دی گئی۔ چنانچہ کم سے کم خرچ میں ایک سادہ سا ریڈیو سٹیشن تیار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اٹلی سے آلات منگوائے گئے جن میں امیٹر (ایک ہزار واٹ)اور ڈی پول وغیرہ شامل ہیں ۔ریڈیو کا انٹینا کونگو میں ہی تیار کیا گیا جس سے ایک خطیر رقم کی بچت ہو گئی۔ انٹینا تیار ہوتے ہی اس کی تنصیب کا کام شروع ہو گیا۔ تمام آلات اور انٹینا کی تنصیب کا کام کونگو کے لوکل انجینئر زنے کیا۔ ان کی معاونت کے لیے حضور انور ایدہ اللہ کی منظوری سے بورکینا فاسو سے ایک ریڈیو ٹیکنیشن مکرم Sory Issoufصاحب کو بھی بلوا یا گیا جو ریڈیو کی تنصیب اور پروگراموں کی تیاری اور نشریات کے آغاز تک کونگو میں رہے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزا۔

ریڈیو کی ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا آغاز22؍ستمبر 2019ء کو ہوا۔

تقریب افتتاح

ریڈیو کا باقاعدہ افتتاح مورخہ 21؍دسمبر 2019ء کو ہوا۔ اس تقریب کے لیے مبلغ سلسلہ ریجن متادی اور ان کی ٹیم نے بہت محنت سے تیاری کی اوراس سلسلہ میں علاقہ کی بڑی شخصیات کو دعوت نامے بھی بھجوائے گئے۔ اس مبارک موقع پر مکرم امیر صاحب مہمان خصوصی تھے۔ ملک کے پانچ ریجنز کی نمائندگی ہوئی۔

ریجنل مبلغین کے علاوہ سیکرٹری جنرل جناب سلیمان کانکو صاحب ، سیکرٹری سمعی بصری مکرم وقاص طاہر باجوہ صاحب اور کئی مخلص احباب نیز مقامی حکام اور صوبائی پولیس کے جنرل صاحب نے شرکت کی ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ نظم کے بعد اور جماعت کا مختصر تعارف پیش کیا گیا۔ پھر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی ۔ آخر پر مہمانان کے تأثرات لیے گئے اور اختتامی دعا ہوئی۔ بعد از دعا تمام مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

تقریب کے بعد کی نشریات میں لائیو کالز کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ان لائیو کالز کی خاص بات یہ تھی کہ کونگو میں خدمت کی توفیق پانے والے سابق مبلغین و امرائےکرام کو شامل کیا گیا جنہوں نے تہنیت کے پیغامات دیے۔ ان میں مکرم صدیق احمد منور صاحب، مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب، مکرم عبد الغنی جہانگیر صاحب اور مکرم عدنان بٹ صاحب شامل تھے۔ ان بزرگوں کے علاوہ مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت نائیجر اور مکرم سفیر احمد صاحب (فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یوکے)نے بھی فون پر تہنیت کا پیغام دیا۔ یہ پروگرام بہت کامیاب رہا اور اس کی کل حاضری498رہی۔

نشریات

ریڈیو اسلامک احمدیہ کی نشریات تین مختلف زبانوں یعنی فرنچ،لنگالااور کیکونگو میں روزانہ ساڑھے بارہ گھنٹے نشر کی جاتی ہیں۔ صبح ساڑھے پانچ بجے تلاوت قرآن کریم سے آغاز ہوتا ہے اور دوپہر بارہ بجے تک مختلف پروگرام بغیر وقفہ کے جاری رہتے ہیں۔ اس کے بعد سہ پہر تین بجے ٹرانسمیشن کا دوبارہ آغاز ہوتا ہے اور رات نو بجکر پانچ منٹ تک بلا تعطل یہ نشریات جاری رہتی ہیں۔ ان پروگراموں میں تلاوت قرآن کریم،درس حدیث،درس ملفوظات، درس تفسیر کبیر اور اختلافی مسائل پر پروگرامز شامل ہیں۔

اس ریڈیو سٹیشن کے انچارج مکرم فرہاد احمد کاہلوں صاحب اور پروگرامنگ کے انچارج مکرم سلیمان کاندے صاحب لوکل مشنری ہیں۔ ہر دو احباب اپنی ٹیم کے ساتھ بڑی محنت اور جانفشانی سے ان امورکو سر انجام دے رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریڈیو کو حقیقی اسلام کا پیغام رساں اور سعید روحوں کی روحانی پیاس بجھانے کا ذریعہ بنائے۔آمین۔

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. ما شاء اللہ
    اللہ تعالیٰ دنیا کے ہر حصے تک اسلام کا پیغام پہنچا کے رھے گا انشاء اللہ
    مبارک کاموں میں حصہ لینے والوں کو ہمارا خدا ہمیشہ اپنے فضلوں کا وارث بناتا رھے اور اللہ کرے کہ ہر احمدی ہر کام میں حصہ لینے والا ہو۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button