یورپ (رپورٹس)

چیک ریپبلک میں مشن ہاؤس کا قیام اور اس میں پہلا جماعتی اجلاس

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کو اپنے پہلے مشن ہاؤس کے قیام کے بعد اس میں اپنا پہلا اجلاس مورخہ 15؍فروری 2020ء بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ موقع کی مناسبت سے یہ اجلاس بطور جلسہ یوم مصلح موعود ؓکے منایا گیا۔ اس جلسہ کے ساتھ جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کے پہلے مشن ہاؤس کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔

جماعت چیک ریپبلک کا پہلا مشن ہاؤس

جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کے مشن ہاؤس کا قیام بہت سی مشکلات، رکاوٹوں اور پریشانیوں کے باوجود خدا تعالیٰ کے خاص فضل سے عمل میں آیا۔ اس مشن ہاؤس میں تمام بنیادی سہولیات موجود ہیں۔ مشن ہاؤس کے احاطہ میں 6؍گاڑیوں کی پارگنگ ہے۔ اسی طرح مشن ہاؤس کے باہر گارڈن میں بچوں کے لیے جھولے لگے ہوئے ہیں۔ ایک گیسٹ روم ہے جس کے ساتھ اٹیچ باتھ روم و غسل خانہ کی سہولت ہے۔ مردوں اور عورتوں کے علیحدہ سے بیت الخلاء ہیں۔ اس کے ساتھ ایک بڑے کمرے کو مردوں اور عورتوں کے نماز پڑھنے کے لیے پردہ لگا کر تیار کیا گیاہے۔ اس کمرے کے دو داخلی و خارجی راستے ہیں اور اس میں بآسانی 40 نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں۔ اس مکان میں ایک باورچی خانہ ہے۔ اوپر کی منزل میں مبلغ سلسلہ کی رہائش کے ساتھ ایک دفتر بھی موجود ہے۔

ملک کا مذہبی رجحان

ملک کی آباد ی10.7 ملین افرادپر مشتمل ہے۔ یہ ملک یورپ میں دہریہ ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس ملک کے باشندوں میں سے 71 فیصدکاشمار کسی بھی مذہبی کمیونٹی میں نہیں ہوتا۔ یہ تعداد یورپ میں سب سے زیادہ ہے۔ پورے ملک میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً دس ہزار بتائی جاتی ہے اور مسلمانوں کی کُل چار مساجد ہیں۔ مگر ان مساجد پر نہ کوئی گنبد ہے اور نہ ہی کوئی مینار۔

الغرض خداکی ہستی پر ایمان و یقین اس ملک میں بہت کم بلکہ نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ جو افراد اپنے آپ کو کسی مذہب کے ساتھ منسلک کرتے بھی ہیں ان کے متعلق بھی یہی کہا جاتا ہے کہ وہ بھی صرف نام تک ہی محدود ہیں۔

ان حالات میں اس ملک کے طول وعرض میں 45؍ احبابِ جماعت قیام پذیر ہیں۔ مشن ہاؤس کے قیام اور پہلے اجلاس کی خوشی میں تمام احباب جماعت نے بھرپور اخلاص کا نمونہ دکھاتے ہوئے لمبا سفر طے کر کے اس میں شرکت کی اور اپنے اخلاص کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ا سی طرح سلواکیا اور جرمنی سے بھی مشن ہاؤس کے پہلے پروگرام میں مہمان تشریف لائے۔الحمدللہ

اجلاس کی تیاری اور کارروائی

احبابِ جماعت نے بڑے خلوص اور محبت کے ساتھ وقارِ عمل کے ذریعہ پہلے مشن ہاؤس کی تزئین و آرائش کی جس میں مکرم ارسلان احمد صاحب، مکرم حنان صاحب، عزیزم حمزہ جلال صاحب، مکرم رانا جاوید صاحب اور مکرم طارق محمود صاحب نے نمایاں خدمت کی توفیق پائی۔

چیک ریپبلک کی تاریخ میں مشن ہاؤس میں پہلا جلسہ یوم مصلح موعود منعقد ہوا۔

اس جلسہ کے مہمان خصوصی مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ جرمنی حافظ فریداحمد خالد صاحب تھے جو جرمنی سے مکرم صفوان احمد ملک صاحب، مکرم مقصود احمد باجوہ صاحب اور مکرم محمد سرور چیمہ صاحب کے ہمراہ تشریف لائے تھے۔

چونکہ اکثر احباب دور دراز سے تشریف لائے تھے اس لیے پروگرام کے مطابق مہمانوں کو سب سے پہلے دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ ازاں بعد باجماعت نمازِ ظہروعصر اداکی گئیں۔ اس کے بعد جلسہ یومِ مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم حمزہ جلال صاحب نے سورۃ النور کی آیت 36کی تلاوت مع اردو ترجمہ پیش کی۔ اس کے بعد حضرت مصلح موعودؓ کی نظم ’’ہم نشیں تجھ کو ہے اک پُر امن منزل کی تلاش ‘‘ عزیزم عطاء عبد الرؤوف صاحب نے پیش کی۔ نظم کے بعد مکرم عبدالرؤوف صاحب نے ‘پیشگوئی مصلح موعودؓ’ کے الفاظ احباب جماعت کو پڑھ کر سنائے۔

ان عظیم الشان الٰہی الفاظ کے بعد خاکسار نے احباب جماعت کے سامنے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مقام و مرتبہ اور آپؓ کے بیان کردہ عظیم الشان الٰہی منصوبوں اور فرمودات کا پورا ہونا کے متعلق تقریر کی۔

آخر پر مکرم مہمانِ خصوصی صاحب احباب سے مخاطب ہوئے۔ آپ نے احباب کو بڑے آسان اور سادہ الفاظ میں بتایا کہ چیک ریپبلک جیسے ملک میں جہاں اکثریت خدا پر ایمان نہیں رکھتی تبلیغ کیسے کی جاسکتی ہے۔ نیز تبلیغی میدان میں پیش آنے والی مشکلات اور ان کا حل بڑے واضح انداز میں سمجھایا۔ آخر پر آپ نے احباب جماعت کے تبلیغ کے متعلق سوالات کے جواب دیے۔

اجلاس کے بعد احباب کو جماعت کے پہلے مشن ہاؤس اور پہلے اجلاس کی خوشی میں مٹھائی پیش کی گئی۔

الحمد للہ ،یہ دن من کل الوجوہ باعث مسرت رہا اور احبابِ جماعت کے لیے یہ دن عید سے کم نہ تھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سےجماعت احمدیہ چیک ریپبلک کا پہلا اجلاس بہت کامیاب رہا۔ جرمنی کے علاوہ سلواکیا سے ایک مہمان مکرم عرفان مرزا صاحب صدرجماعت سلواکیا تشریف لائےتھے۔ اس بابرکت اور تاریخی موقع پر چیک ریپبلک سے 8؍لجنہ اماء اللہ، ایک بچی اور 21؍انصار و خدام اور 3 اطفال شامل ہوئے تھے۔ اس طرح سے جماعت چیک ریپبلک کے مشن ہاؤس کے پہلے پروگرام میں کل 38 افراد نے شمولیت اختیار کی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

کیونکر ہو شکر تیرا تیرا ہے جو ہے میرا

تونے ہر اک کرم سے گھر بھر دیا ہے میرا

جب تیرا نور آیا جاتا رہا اندھیرا

یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

(رپورٹ:کاشف احمد جنجوعہ۔ مبلغ سلسلہ جماعت چیک ریپبلک)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button