حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 88، 24؍ جون 2020ء)

چین نے اب تک 90 ملین ٹیسٹ کئے

امریکی ریاستوں میں کیسز میں اضافہ

دوبارہ کورونا ہونا مشکل ہے

لاطینی امریکہ میں ایک لاکھ سے زائد ہلاکتیں

پیرو میں 200سے زائد پولیس افسر ہلاک

میکسیکو میں زلزلہ

Eswatini میں شراب کی فروخت پر پابندی

سینیگال میں وفاقی وزیر کو کورونا وائرس سے متاثرہ غرباء کی امداد کے لئے تحفہ

Worldometers.infoکی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 9,394,512؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے480,598؍اور 5,079,149؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں ۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک بار کورونا وائرس سے متأثر ہونے کے بعد  آپ کا دوبارہ اس سے  انفیکٹ ہونا  بہت مشکل ہے۔ آپ ایک بار اس سے متأثر ہونے کے بعد اس سے  بچ جاتے ہیں۔  یہ مدافعت کتنے عرصے کے لئے ہوتی ہے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

https://twitter.com/FaheemYounus/status/1274703950147706881

یورپ

 25یورپی ممالک کےایک ہزار سے زائد  پارلیمنٹیرینز نے  اسرائیلی صدر نیتن یاہو کے مقبوضہ شمالی کنارے کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے ارادے کی مذمت کی ہے اور اسے اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن کی کوششوں کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔ (الجزیرہ)

سلوواکیہ

سلوواکیہ کی  صدر Zuzana Caputova  نے اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیا ہے۔ ان کے ایک مددگار کا ایک ایسے شخص سے رابطہ ہوا تھا جسے کورونا وائرس تھا۔  (بی بی سی)

ایشیا

چین

چین کی حکومت نے آج بدھ کے روز یہ بتایا ہے کہ  کورونا وائرس کی وباء  کی ابتداء سے لے کر اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے 90 ملین سے زائد ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ (سی این این)

پاکستان

وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے بدھ کے روز قومی اسمبلی میں بتایا ہے کہ  گزشتہ ماہ ہونے والے قومی ائر لائن کے  طیارہ کے حادثہ میں جہاز کے پائیلٹس اور ائر ٹریفک کنٹرولر کی غلطی تھی ۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں نے  صحیح طریقۂ کار پر عمل نہیں کیا۔ (ڈان)

Emirates فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سے اپنے فلائٹس بند کررہے ہیں کیونکہ ان کی فلائٹ سے ہانگ کانگ جانے والے بعض پاکستانی مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ (الجزیرہ)

بھارت

امریکہ نے بھارت کی قومی ائر لائن ائر انڈیا پر الزام لگایا ہے کہ وہ  کورونا وائرس کی وجہ سے شہریوں کے انخلاء میں فرق سے کام لے رہی ہے۔ ان کا  کہنا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو  بھارت میں اس طرز کی کارروائی کی اجازت نہیں دی جارہی۔  (بی بی سی)

امریکہ

امریکہ کی 26ریاستیں ایسی ہیں جن میں گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے نئےکیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ کیلیفورنیا میں سوموار کے روز ریکارڈ 5,019  نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔  فلوریڈا میں ایک دن میں 3,289  ایریزونا میں  3,591 ،  جبکہ ٹیکساس کی طبی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  نئے کیس اور ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ (سی این این)

John Hopkins Universityکے مطابق لاطینی امریکہ اور اس کے ساتھ کے کریبن جزائر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ (سی این این)

پیرو

پیرو میں کورونا وائرس سے 220سے زائد پولیس افسروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ (بی بی سی)

ہنڈورس

ہنڈورس کے  صدر Juan Orlando Hernandez کے متعلق ڈاکٹر نے بتا یا ہے کہ  ان کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور ان کی حالت نازک ہے۔ ان کی اہلیہ بھی کورونا وائسر سے متأثر ہیں۔ (بی بی سی)

میکسیکو

میکسیکو میں 7.4 کی شدت کے ایک زلزلے سے کم از کم پانچ لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ (بی بی سی)

https://twitter.com/BBCWorld/status/1275697703171887105?s=20

افریقہ

عالمی ادرۂ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ افریقہ کے تمام ممالک میں اب کورونا وائرس  کی ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے۔ (بی بی سی)

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں موجود واحد ریڈیو تھیراپی مشین کئی ماہ سے خراب ہے اور اس ٹھیک کرنے کے لئے جن مکینک کو باہر سے بلوایا جاتا ہے وہ کورونا وائرس کی وجہ سے  لگائی گئی سفری پابندیوں کی وجہ سے نہیں آسکتے۔ کینسر کے کئی مریض ایک لمبے عرصہ سے اس طریقۂ علاج سے محروم ہیں۔  (بی بی سی افریقہ)

نائیجیریا میں پولیس نے ایک چاولوں کی فیکٹری سے 100سے زائد لوگوں کو بازیاب کروایا ہے۔  ان  لوگوں کو مارچ کے آخر سے فیکٹری سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ان کارکنان سے ماہانہ اضافی 10پاؤنڈ کے قریب تنخواہ کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انکار کرنے والے ورکرز کو کام سے نکالنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ( بی بی سی افریقہ)

نائیجریا کے صدارتی آفس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غانین صدر Nana Akufo-Addo  نےنائیجیرین صدر کو فون کرکے اکرا میں نائیجیریا  کی ایمبیسی میں مسلح افراد کی جانب سے ایک عمارت کے گرائے جانے پر معذرت کی ہے۔ بعض افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

لائبیریا میں اگلے ہفتے سے سکول کھولے جارہے ہیں ۔ دوسری طرف ملک کے وزیر تعلیم اور نائب وزیر تعلیم ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کا کورونا وائرس کا علاج ہورہا ہے۔  (بی بی سی افریقہ)

کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء پر قابو پانے کے لئے Eswatini کی حکومت نے یکم جولائی سے  شراب کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔ (بی بی سی افریقہ)

https://twitter.com/EswatiniGovern1/status/1275402790186164225?s=20

آسٹریلیا

آسٹریلیا میں ایک ماہ سے زائد عرصہ کے بعد کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت ہوئی ہے اور کل تعداد 103ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

کرکٹ

پاکستانی  کرکٹر محمد حفیظ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ کرکٹ بورڈ کی طرف سے کئے گئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے مثبت آنے پر وہ اپنی تسلی کے لئے خود سے ایک لیب سے ٹیسٹ کروانے گئے تو ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

https://twitter.com/MHafeez22/status/1275776633664942081

بنگلہ دیش نے کورونا وائرس کی وجہ سے  جولائی کے آخر سے سری لنکا میں کھیلے جانے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کے لئے کیا جانے والا اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ (ڈان)

فٹ بال

منگل کے روز ہونے والے انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں Tottenham  نے West Ham کو 2-0سے ہرادیا۔ انگلینڈ فٹ بال کے کپتان  Harry Kane کا یہ کلب کی طرف سے 200واں میچ تھا اور اس میں انھوں نے اپنا 137 واں گول سکور کیا۔ (بی بی سی)

گزشتہ روز ہونے والے سپینش لیگ کے میچ میں Barcelona نے Ath. Bilbao کو 1-0سے ہرا دیا۔ Rakitic نے میچ کا واحد گول سکور کیا۔ (بی بی سی)

ٹینس

ٹینس کے عالمی نمبر ون کھلاڑی Novak Djokovic کا کہنا ہے کہ وہ معذرت خواہ ہیں کہ ان کے کروائے  گئے ٹورنامنٹ سے لوگوں کو نقصان ہوا ہے۔ (بی بی سی)

https://twitter.com/BBCSport/status/1275703960310079493?s=20

سینیگال میں وفاقی وزیر برائےمعاشرتی ترقی و سماجی و علاقائی حقوق کو کورونا وائرس سے متاثرہ غرباء کی امداد کے لئے تحفہ

امسال دنیا میں کورونا وائرس کے خلاف دنیا کے تمام ممالک ہی نبرد آزما ہیں ۔ اور غیر متوقع معاشی انحطاط کی وجہ سے براعظم افریقہ نسبتا ًزیادہ متاثر ہوا۔ نیز ترقی یافتہ دنیا کے مقابلہ میں افریقی ممالک کی حکومتیں بھی اپنے کم وسائل کی وجہ سے امریکہ و یورپ کی طرح کم ترین معیار کی سہولتیں بھی مہیا نہ کر پائیں۔

اس نازک صورت حال میں جماعت احمدیہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت میں نہ صرف ترقی یافتہ ممالک میں فلاحی کاموں میں حصہ لیابلکہ تیسری دنیا کے غریب ممالک میں بھی غرباء کے علاوہ حکام کی بھی مالی طور پر اور افرادی قوت فراہم کر کے معاونت کی تا کہ وہ مستحقین تک اشیائے خور و نوش سہولت کے ساتھ پہنچا سکیں ۔

اسی سلسلہ کی ایک کڑی یہ ہے کہ مورخہ 7؍جون 2020ء کو سینیگال کے ریجن سینٹ لوئس میں وفاقی وزیر برائے معاشرتی ترقی و سماجی و علاقائی حقوق (Ministre du Développement Communautaire, de l’Equité Sociale et Territorial) محترم منصور فائی صاحب کو جماعت احمدیہ سینیگال کی طرف سے غرباء و مستحقین کی امداد کے لیے بصورت راشن تحفہ دیا۔ محترم منصور فائی صاحب وفاقی وزیر ہونے کے علاوہ سینٹ لوئس ریجن کے مئیر بھی ہیں ۔ نیز وہ صدر جمہوریہ سینیگال محترم مکی سل صاحب کے قریبی عزیز بھی ہیں اور جماعت احمدیہ سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور مختلف مواقع پر جماعت احمدیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

خور و نوش کا سامان جو ان کو دیا گیا ہے یہ سماجی طور پر اس کمزور طبقہ کے لیے ہے جو بے روزگاری اور موجودہ حالات کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے۔ یہ سامان جماعت احمدیہ نے ان کو ایک تقریب میں دیا جو انہوں نے منعقد کی جس میں پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ جنہوں نے اپنے حلقہ میں جماعت احمدیہ کی فلاحی تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔

وفاقی وزیرنے مذکورہ بالا اشیاء دینے کے موقع پر میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ اور ہم اس امداد پر جماعت احمدیہ کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر جماعت احمدیہ کی طرف سے وفاقی وزیر کی خدمت میں قرآن کریم فرنچ ترجمہ کے ساتھ تحفہ دیا گیا۔ فالحمد للہ علی ذلک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین (رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button