عالمی خبریں

کورونا وائرس سے پیدا شدہ دنیا کے ہنگامی حالات میں جماعت ہائے احمدیہ عالم گیر کی جانب سے بے لوث خدمتِ خلق کے نظارے

سینیگال میں وفاقی وزیر برائےمعاشرتی ترقی و سماجی و علاقائی حقوق کو کورونا وائرس سے متاثرہ غرباء کی امداد کے لیے راشن کا تحفہ

امسال دنیا میں کورونا وائرس کے خلاف دنیا کے تمام ممالک ہی نبرد آزما ہیں۔ اور غیر متوقع معاشی انحطاط کی وجہ سے براعظم افریقہ نسبتا ًزیادہ متاثر ہواہے۔ نیز ترقی یافتہ دنیا کے مقابلہ میں افریقی ممالک کی حکومتیں بھی اپنے کم وسائل کی وجہ سے امریکہ و یورپ کی طرح کم ترین معیار کی سہولتیں بھی مہیا نہ کر پائیں۔

اس نازک صورت حال میں جماعت احمدیہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہ نمائی سے نہ صرف ترقی یافتہ ممالک میں فلاحی کاموں میں حصہ لیابلکہ تیسری دنیا کے غریب ممالک میں بھی غرباء کے علاوہ حکام کی بھی مالی طور پر اور افرادی قوت فراہم کر کے معاونت کی تا کہ وہ مستحقین تک اشیائے خور و نوش پہنچا سکیں۔

اسی سلسلہ میں مورخہ 7؍جون 2020ء کو سینیگال کے ریجن سینٹ لوئس میں وفاقی وزیر برائے معاشرتی ترقی و سماجی و علاقائی حقوق(Ministre du Développement Communautaire, de l’Equité Sociale et Territorial) محترم منصور فائی صاحب کو جماعت احمدیہ سینیگال کی طرف سے غرباء و مستحقین کی امداد کے لیے راشن کی صورت میں تحفہ دیا۔ محترم منصور فائی صاحب وفاقی وزیر ہونے کے علاوہ سینٹ لوئس ریجن کے میئر بھی ہیں۔ نیز وہ صدر جمہوریہ سینیگال محترم مکی سل صاحب کے قریبی عزیز بھی ہیں اور جماعت احمدیہ سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور مختلف مواقع پر جماعت احمدیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

خور و نوش کا سامان جو ان کو دیا گیا ہے یہ سماجی طور پر اس کمزور طبقہ کے لیے ہے جو بے روزگاری اور موجودہ حالات کی وجہ سے شدید متاثر ہوئےہیں۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے ان کو ایک تقریب میںیہ سامان دیا گیا جو انہوں نے منعقد کی تھی۔ جس میں پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ جنہوں نے اپنے حلقہ میں جماعت احمدیہ کی فلاحی تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ اور ہم اس امداد پر جماعت احمدیہ کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر جماعت احمدیہ کی طرف سے وفاقی وزیر کو قرآن کریم فرنچ ترجمہ کے ساتھ تحفہ دیا گیا۔ فالحمد للہ علی ذٰلک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

ہیومینٹی فرسٹ کے تحت نائیجر میں بے لوث خدمات

آج کل دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور اس وائرس سے پیدا ہونے والی غذائی قلت سے دنیا کی ایک بڑی تعداد شدید متاثر ہے۔ ایسے ہی نامساعد حالات میں ہیومینٹی فرسٹ دنیا کے ہر کونے میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔ مورخہ 6 مئی بروز بدھ نائیجرکے ایک شہر گایا میں ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے ہیومینٹی فرسٹ ناروے کے تعاون سے غرباء میں اشیائے خورونوش تقسیم کیں۔ اس پروگرام کے تحت غریب لوگوں میں ایک صد راشن کے پیکٹس تقسیم کیے گئے۔ ہر پیکٹ 5کلو چاول ، 2 کلو چینی، 1لیٹر کوکنگ آئل ، صابن ، میکرونی اور ماسک و دستانوں پر مشتمل تھا۔ اس پروگرام میں خصوصی طور پر اس بات کا خیال رکھا گیا کہ لوگوں میں موجودہ حالات کے حوالہ سے وائرس سے بچاؤ کے لیے جو اقدامات ضروری ہیں اُن کے حوالہ سے لوگوں میں آگاہی پیدا ہو ۔ گایا شہر میں منعقدہ اس پروگرام میں شہر کے میئر مکرم احمدو حمیدو صاحب نے بھی شرکت کی اور ہیومینٹی فرسٹ کی ان مشکل حالات میں انسانیت کی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور مذہب و رنگ و نسل کی تمیز سے بالا تر ہو کر صرف انسانیت کی بے لوث خدمت پر ہیومینٹی فرسٹ کے کردار کو سراہا۔ اس پروگرام کے تحت اللہ کے فضل سے علاقہ کے ایک صد غریب خاندانوں کی راشن کے ذریعہ سے امداد ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کے تمام ورکرز اور عطیات دینے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔

مورخہ 6 مئی بروز بدھ نیامے شہر کے ایک محلہ میں ہیومینٹی فرسٹ نائیجر نے غریب لوگوں میںراشن کے 200بیگز تقسیم کیے۔ تمام بیگز پانچ کِلو چاول، ایک کلو چینی ، ایک لیٹر آئل اور صابن پر مشتمل تھے۔ اِن دوسو بیگز کے ذریعہ دوصد خاندانوں کو کچھ دِن کے لیے راشن میسر رہے گا۔ اس پروگرام کے ذریعہ آج کل کے حالات کے مطابق سماجی دوری کے حوالہ سے بھی عملی رنگ میں لوگوں میں شعور اجاگر کیا گیا ۔ اس پروگرام میں مکرم امیر صاحب کی دعوت پر نیامے کے گورنر نے بھی شرکت کی اور ہیومینٹی فرسٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا نیز اُس محلہ کے چیف کے علاوہ گورنر کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان نے بھی شرکت کی اور ہیومینٹی فرسٹ نائیجر و ہیومینٹی فرسٹ ناروے کا شکریہ ادا کیا ۔ آخر پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت نائیجر اور صدر ہیومینٹی فرسٹ نائیجر مکرم لاولی شعیبو صاحب نے سب احباب کی شرکت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ نائیجر کے نیشنل ٹیلی ویژن نے اس پروگرام کی کوریج کی اور رات نو بجے کے خبرنامہ میں نشر کیا جس میں عام لوگوں کے تأثرات کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ہیومینٹی فرسٹ کی اس کاوش کو سراہا ۔

(رپورٹ:کوثر جمیل نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button