افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے ۔کونو۔ KONO ریجن میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو3؍مئی2019ءکوKONO(کونو)ریجن کی جماعت TOMBODU(ٹمبوڈو) میں ایک خوبصورت مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ یہ مسجد KONO ریجن کی KAMARA CHIEFDOM کی جماعت TOMBODUمیں تعمیر کی گئی ہے ۔
مسجد کا افتتاح امیر و مشنری انچارج سیرالیون مکرم سعیدالرحمٰن صاحب نے کیا۔ مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب (نائب امیر اول)، مکرم طاہر احمد فرخ صاحب (ریجنل مشنری) اور مکرم سید معین شاہ صاحب آف یو کے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مؤخر الذکر کو گورنمنٹ سیکنڈری سکول کینیما میں دس سال پڑھانے کا موقع بھی ملا تھا اور اس وجہ سے انہیں وہاں پر اعزازی طور پر پیرااؤنٹ چیف کے مقام سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس مسجد پر آنے والے خرچ کی ادائیگی کی سعادت بھی موصوف کو حاصل ہوئی ہے۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔

پروگرام کا باقاعدہ آغازدن11 بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں کمارا چیفڈم کے پیراماؤنٹ چیف P.C. Aiah Melvin Ngekia IIبھی شامل تھے۔ انہوں نے حاضریں سے خطاب کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود تو عیسائی ہیں مگر انہیں جماعت احمدیہ پسند ہے۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ کیا نیز مساجد کے قیام کی اغراض بیان کیں۔بعد ازاں مکرم محمد کابا صاحب (صدر جماعت) نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد مسجد کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا جو مکرم امیر صاحب نے کیا اور دعا کروائی۔ بعد دعا مسجد میں جمعۃ المبارک اور عصر کی نمازیں جمع کر کے ادا کی گئیں۔

اس با برکت تقریب میں ایک پیرا ماؤنٹ چیف، ایک چیفڈم امام۔ 10 امام ۔ ٹاؤن ہیڈ، چیفڈم سپیکر، احمدیہ سکولوں کے دو پرنسپل صاحبان، 20 اساتذہ ، طلباء، غیر احمدی احباب اور ریجن کی 6 جماعتوں کے نمائندوں سمیت کل 350افراد نے شرکت کی۔

اس مسجد کا کل رقبہ دو ٹاؤن لاٹ ہے اور مسجد کا مسقف احاطہ 47*35فٹ ہے اور اس میں 150نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد پر 46ملین لیونز سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ مقامی جماعت کے مرد وزن نے اس مسجد کی تعمیر میں وقار عمل کے ذریعہ بھرپور حصہ لیا جبکہ اس مسجد کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم طاہر احمد فرخ صاحب، ریجنل مشنری ، مکینی ریجن نے حاصل کی۔

اس موقع پر لوکل ریڈیو کے نمائندے بھی موجود تھے اور اس مسجدکے افتتاح کی خبر لوکل ریڈیو radio kono پر بھی نشر ہوئی۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل، سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button