حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(دنیا بھر سے اہم اور ضروری خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ صورتحال

Worldometers.infoکے مطابق اب تک دنیا بھر میں 15,382,854؍لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوئے ہیں۔ 9,357,693؍افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 630,370؍افراد وفات پا چکے ہیں۔ (23جولائی۔ 08:00 GMT)

اس سال نوبیل انعام دیے جانے کی تقریب کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ہے، البتہ اس سال نوبل انعام حاصل کرنے والوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ یہ تقریب 10؍ دسمبر کو منعقد ہونا قرار پائی تھی۔ آخری مرتبہ یہ تقریب سرد جنگ کے دوران روس کے ہنگری میں مداخلت کرنے پر منسوخ کی گئی تھی۔

برطانیہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے فارماسیوٹیکل کمپنی Pfizer اور دیگر کمپنیوں کی تیار کردہ کورونا وائرس کی تجرباتی ویکسینز کی 90؍ ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ برطانیہ اس سے پہلے Astrazenecaکمپنی کی فی الحال ٹیسٹ کی جانے والی ویکسین کی 100؍ ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ بھی کرچکا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے بنائی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کے ابتدائی نتائج سامنے آگئے ہیں اور یہ بظاہر محفوظ اور مدافعت کے نظام کو بیماری کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے ریڈار کی ایک تصویر نشر کی ہے اور بتایا ہے کہ اس تصویر میں دیکھا جانے والا امیج بادلوں کا نہیں ہے بلکہ یہ چیونٹیاں ہیں جو کہ ملک کے جنوب مشرقی حصے پر پرواز کررہی ہیں۔ موسم گرما میں بسا اوقات چیونٹیاں نئی کالونیاں بنانے کے لیے اس طرح پرواز کرتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ چیونٹیاں خطرناک نہیں ہیں۔

برطانیہ نے چین پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنی Uighur آبادی کے خلاف سنگین قسم کے انسانی حقوق کے جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس علاقہ کے مسلمانوں کے خلاف چین کی طرف سے تشدد اور ان کی نس بندی کے متعلق کافی عرصہ سے شکایات موصول ہورہی ہیں۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کی مدد سے اس بارے میں مناسب اقدامات کرے گا۔

سعودی عرب کے 84؍ سالہ فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اتوار کے روز پتے میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال داخل کروایا گیا ہے۔ ان کا چیک اپ چل رہا ے۔

سعودی عرب میں ذو الحجہ کا چاند 20؍ جولائی کو نظر نہیں آیا۔ یوم عرفہ 30؍ جولائی کو ہوگا اور عیدالاضحی 31؍جولائی بروز جمعہ منائی جائے گی۔ حج اور عمرہ کی وزارت نے بتایا ہے کہ اس سال حج میں شامل ہونے والے افراد سات دن کے لیے اپنے گھروں میں قرنطینہ ہوگئے ہیں۔ اس سال صرف ایک ہزار افراد اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

پاکستان کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 21؍ جولائی کو ذو الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔ پاکستان میں عیدالاضحی یکم اگست کو منائی جائے گی۔

ایک سروے کے مطابق پاکستان میں صرف 25 ؍ فیصد افراد نے کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات کو مؤثر قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے سوموار کے روز جاپان سے اپنا ایک خلائی مشن خلاء میں بھیجا ہے ۔ مریخ تک بھیجے جانے والے اس مشن ، جس کا نام امل ہے، کا دورانیہ سات ماہ ہے اور کسی بھی عرب ملک کی طرف سے کسی سیارے کی طرف بھیجا جانے والا یہ پہلا مشن ہے۔ یہ اگلے سال فروری میں مریخ کے مدار میں پہنچے گا جب متحدہ عرب امارت اپنے قیام کے 50؍سال مکمل کرے گا۔ ایک مریخی سال تک مریخ کے مدار میں رہ کر یہ اس سے متعلق معلومات جمع کرے گا۔ مریخ کا ایک سال دو زمینی سال کے برابر ہوتا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کے روز سے امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا کے متعلق اپنی انتظامیہ کا ردعمل پیش کرنے کے لیے باقاعدہ عوامی بریفنگ دوبارہ شروع کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا بہتر ہونے سے پہلے ابھی مزید خراب صورتحال سے دوچار کرے گی۔ انھوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ فیس ماسک کا استعمال کریں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے Fox نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس بات سے انکار کیا ہے کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کو قبول کریں گے یا نہیں۔

بھارت میں اتوار کے روز ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 40,425؍نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ اسے امید ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین کے ٹرائل اگست میں مکمل کرلے گا اور سال کے آخر تک اس کی 200؍ملین خوراکیں تیار ہوجائیں گی۔

افریقہ

سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر پر 1989ء میں حکومت کا تختہ الٹ کر خود صدر بن جانے پر مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ عمر البشیر نے سوڈان پر تیس سال حکومت کی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر انھیں سزائے موت بھی سنائی جاسکتی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت نے افریقہ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں بڑھتے ہوئے کیسز براعظم بھر میں مزید کیسز کا پیش خیمہ ہوسکتے ہیں۔ افریقہ میں اس وائرس سے 15,000؍سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور اب تک کے کیسز کی تعداد قریباً سوا سات لاکھ ہے۔

جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاؤن کے قریب کورونا وائرس سے متأثرہ دو بستیوں کے نام ان کے رہائشیوں نے Covid-19 اور سینیٹائزر رکھ دیے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا وائرس کس حد تک لوگوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہورہا ہے۔

نائیجیریا نے کہا ہے کہ ان کے کئے گئے تجربات کے مطابق مڈغاسکر کی بنائی ہوئی کورونا وائرس کی دوا Covid Organics اس مرض کے علاج کے لئے مفید نہیں ہے۔

نائیجیریا کی ریاست Kaduna کے ایک گاؤں میں اتوار کو ایک شادی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 18؍افراد جاں بحق اور 30؍زخمی ہوئے ہیں۔ دلہا اور دلہن دونوں محفوظ رہے ۔

زمبابوے میں کورونا وائرس کے متعلق کیے گئے اقدامات کی خلاف ورزی کرنے پر اب تک 105,000؍ سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں رات کا کرفیو عائد کر دیا ہے۔

قزاقی کے واقعات میں اضافہ

ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حالیہ مہینوں میں ایشیا کے سمندروں میں قزاقی کے واقعات دگنے ہوجانے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ اس سال کے پہلے چھ مہینوں میں قزاقی کے پچاس واقعات ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے پہلے چھ ماہ میں پچیس واقعات ہوئے تھے۔

کاروبار

پروفیشنل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ Linkedin نے کورونا وائرس کے باعث کمپنیوں کے تعیناتی کو معطل کرنے کی وجہ سے اپنے عملہ میں چھ فیصد کی کمی کرتے ہوئے 960ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا ہے۔ جون میں مائیکروسافٹ نے یہ کمپنی 26.2 بلین ڈالرز میں خرید لی تھی۔

بھارت کی سب سے بڑی ایئر لائن Indigoکا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے وہ اپنے عملہ میں دس فیصد کی کمی کرتے ہوئے قریبا 2,400ملازمین کو فارغ کررہے ہیں۔

سوموار کے روز دنیا کے امیر ترین آدمی Jeff Bezos کی دولت میں 13 ؍ بلین دالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافے کی وجہ ان کی کمپنی ایمازون کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ہونا ہے۔ اسوقت ان کے اثاثوں کی کل مالیت 189 ؍ ملین ڈالر ہے۔

ایک لاکھ یورو کا عطیہ

ماحولیات کے لئے کوشش کرنے والی رضا کار Greta Thunbergنے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وہ ان کو ملنے والی ایک انعامی رقم میں سے ایک لاکھ یورو ایمازون کے علاقے میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے عطیہ کریں گے۔

کھیل

کرکٹ

اس سال آسٹریلیا میں 18؍ اکتوبر سے شروع ہونے والا مردوں کا T20؍ ورلڈ کپ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اگلے سال تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 16؍جولائی سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 113؍رنز سے ہرا دیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی۔ انگلینڈ کے فاسٹ بالر Jofra Archerکو ٹیم پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز 469 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔ Ben Stokes نے 176رنز بنائے جبکہ وہ آؤٹ نہ ہوئے۔ بارش کی وجہ سے تیسرے دن کوئی کھیل نہ ہوسکا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جواب میں صرف 287؍ رنز بنا سکی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز 129 رنز3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے ویسٹ انڈیز کو پانچویں روز 312؍رنز کا ٹارگٹ دیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 198؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ Ben Stokesکو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

فٹ بال

اتوار کو ہونے والے سپینش لیگ کے میچ میں بارسلونا نے Alavesکو 5-0سے ہرا دیا۔ Messiنے دو گول سکور کیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ساتویں بار سپینش لیگ میں Golden Boot بھی جیت لیا۔ Messiنے اس سال لیگ میں 25؍گول سکور کیے۔ Leganes اور ریال میڈرڈ کا میچ 2-2؍گول سے برابر رہا۔

انگلش پریمئر لیگ میں Tottenham نے Leicester City کو 3-0؍سے ہرا دیا۔ Southampton نے Bournmouthکو 2-0؍ سے ہرادیا۔

انگلش پریمئر لیگ میں منگل کو ہونے والے میچ میں Aston Villa نے Arsenal کو 1-0 سے ہرا دیا۔ Watford اور مانچسٹر سٹی کے میچ میں مانچسٹر کی ٹیم 4-0 ؍ سے فاتح رہی۔

Chelseaنے مانچسٹر یونائیٹڈ کو 3-1؍سے ہرا کر FA Cup کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

Cristiano Ronaldoنے منگل کے روز اٹالین لیگ کے میچ میں Juventus کی Lazio کے خلاف 2-1 ؍ سے کامیابی میں گول سکور کرکے اٹالین فٹ بال لیگ میں اپنے 50 ؍ گول مکمل کئے ہیں۔

France Football میگزین کے مطابق اس سال فٹ بال کا Ballon d’Or ایوراڈ کسی کو بھی نہیں دیا جائے گا کیونکہ اس سال کا فٹ بال سیزن کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متأثر ہوا ہے۔ ایسا اس ایوارڈ کی 64؍سالہ تاریخ میں پہلی با ر ہوگا۔ یہ ایوارڈ صحافیوں کی ووٹنگ کے ذریعے دیا جاتا ہے۔

فارمولا ون

ہنگری میں ہونے والی اس سیزن کی تیسری ریس میں Mercedes کے لوئس ہیملٹن نے پول پوزیشن حاصل کی اور پول پوزیشن سے ریس شروع کرکے ریس میں فاتح رہے۔ یہ اس سیزن میں تین ریسوں میں ان کی دوسری کامیابی ہے۔

MotoGP

اتوار کے روز سپین میں ہونے والی ریس میں Fabio Quartararoفاتح رہے۔ عالمی چمپئن Marc Marquez چوتھے چکر میں ایک حادثے کا شکار ہوئے اور ان کے دائیں بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی ہفتے کو ان کا بارسلونا میں آپریشن ہوگا۔

جاپان اولمپک کے متعلق کیے گئے ایک سروے کے مطابق صرف 23.9؍فیصد جاپانی اس حق میں ہیں کہ اولمپک کھیلوں کو اگلے سال منعقد کیا جائے۔ 36.4؍ فیصد کا کہنا ہے کہ ان کھیلوں کو مزید آگے بڑھا دیا جائے۔ جبکہ 33.7؍ فیصد لوگ تو یہ کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباکی وجہ سے ان کا انعقاد منسوخ کردیا جائے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button