افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے وفاقی وزیر برائے سماجی ترقی و علاقائی منصوبہ بندی کا جماعت احمدیہ کی طرف سے تیار کردہ ماڈل ولیج ’ہوگن سارا‘ کا دورہ

نائیجر کے سماجی ترقی و علاقائی منصوبہ بندی کے وزیر نے نائیجر کے ایک گاؤں ‘ہوکن سارا ’کا دورہ کیا جہاں جماعت احمدیہ کے انجنیئرز کی ایسوسی ایشن (IAAAE)کی کاوشوں سے 2017ء میں ایک ماڈل ویلج کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

اس کا تفصیلی احوال کچھ اس طرح ہے کہ مکرم آمانی عبدو صاحب حکومتی وزیر برائے سماجی ترقی و علاقائی منصوبہ بندی نے مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ نائیجر سے ملاقات کے دوران بتایا کے آئندہ کچھ روز میں وہ مارادی ریجن کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے ہیں جس پر مکرم امیر صاحب نے آنجناب کو جماعت کے ایک گاؤں ہوکن سارا کے دورے کی دعوت دی تاکہ حکومت کے نمائندے بذات خودجماعت احمدیہ کی انسانیت کے لیے خدمات کا مشاہدہ کر سکیں۔ اس پر مکرم آمانی عبدو صاحب نے مکرم امیر صاحب کی اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے اس گاؤں کے دورے کا وعدہ کیا۔

اس گاؤں کے حوالہ سے یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز نے 2017ء میں ایک خطیر رقم صَرف کر کے نائیجر کے اس پسماندہ علاقے میں رہنے والے گاؤں کے لوگوں کے لیے پانی، بجلی اور سڑکوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ سلائی مشینوں کے ذریعہ روزگار کا بھی اہتمام کیا تھا تا اس گاؤں کے رہنے والے لوگوں کا نظامِ معاشرت و معاشیات بہتر کیا جاسکے۔

چنانچہ اپنے وعدہ کے موافق وفاقی وزیر صاحب نے مورخہ 25؍جولائی 2020 بروز ہفتہ اس گاؤں کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ وائس گورنر، وائس پریفے، میئر اور علاقائی چیف آف گڈاں رومجی اور دیگر اہم شخصیات بھی اس حکومتی قافلہ میں شریک تھیں۔ اولا ًوفاقی وزیر صاحب اور اُن کے ہمراہ وفد نے مسجد، پانی بجلی کے انتظام اور سلائی سکول کا جائزہ لیا اور بہت متاثر ہوئے۔بعد ازاں اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ نائیجر اور مکرم امیر صاحب کے توسط سے حضورِ انور ایدہ اللہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس پروگرام کو نیشنل ٹیلیویژن ‘ٹیلی ساحل’ اور نیشنل ریڈیو نے نشر کیا نیز اس پروگرام کی بدولت جماعت احمدیہ کی مختلف ذرائع ابلاغ سے پورے ملک میں اور بیرونِ ملک میںبھی بہت نیک نامی ہوئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اسی طرح جماعت احمدیہ کی ترقی کے لیے اسباب پیدا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button